خبریں

راجستھان: ریپ کے الزام میں بی جے پی ایم ایل اے کے خلاف کیس درج

راجستھان کے ادے پور ضلع میں گوگندہ  سے ایم ایل اے پرتاپ لال گمیتی پر مدھیہ پردیش کی رہنے والی خاتون  نے شادی کا جھانسہ  دےکرریپ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ معاملے کی جانچ سی بی- سی آئی ڈی کو سونپ دی گئی ہے۔

پرتاپ لال گمیتی۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

پرتاپ لال گمیتی۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: راجستھان کےادے پورضلع میں بی جے پی کےایک ایم ایل اے پر ایک خاتون  نے شادی کا جھانسہ  دےکرریپ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے معاملہ درج کرایا ہے۔پولیس کے مطابق، ادے پور ضلع کے گوگندہ  سے ایم ایل اے 52سالہ پرتاپ لال گمیتی کے خلاف گزشتہ چار فروری کو ریپ کے الزام میں سکھیر پولیس تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی۔

ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، خاتون  نے اس سلسلے میں گوگندہ پولیس تھانے میں تحریری شکایت دی تھی، لیکن کیس درج نہ ہونے پر گزشتہ چار فروری کو آئی جی ستیہ ویر سنگھ سے ملی تھیں۔ اس کے بعد آئی جی نے ایس پی راجیو پچار کو کیس درج کرنے کی ہدایت دی۔

ادے پور کے ایس پی راجیو پچار نے کہا، ‘متاثرہ  کی میڈیکل جانچ کے بعد اس کا بیان درج کیا گیا۔’ایس پی پچار نے کہا کہ چونکہ الزام ایم ایل اے کے خلاف لگائے گئے ہیں، اس لیے معاملے کو سی بی-سی آئی ڈی کو سونپ دیا گیا ہے۔

مدھیہ پردیش کی رہنے والی متاثرہ  کا الزام ہے کہ ایم ایل اے نے اس سے شادی کرنے کا وعدہ کیا اور اس کی آڑ میں کئی بار اس سے ریپ کیا۔پولیس افسر کے مطابق، ایم ایل اے اور الزام لگانے والی خاتون  ایک ہی کمیونٹی  سے ہیں اور کچھ سالوں سے رابطہ میں تھے۔ ملزم ایم ایل اے سے اس بارے میں کوئی بات نہیں ہو پائی ہے۔

پتر یکا ویب سائٹ کے مطابق، ایم ایل اے پرتاپ لال گمیتی نے اس بارے میں کہا ہے، ‘مجھے کیس کے بارے میں جانکاری نہیں ہے، میں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔’

ٹائمس آف انڈیا کے مطابق، خاتون نے ایم ایل اے کے خلاف اپنی شکایت میں کہا ہے کہ تین چار سال پہلے ایک سماجی تقریب میں ان کی ملاقات بی جے پی ایم ایل اے پرتاپ لال گمیتی سے ہوئی تھی۔ دونوں ایک ہی کمیونٹی  سے تھے، اس لیے ان کے بیچ میل جول بڑھ گیا۔

شکایت کے مطابق، خاتون نے ایم ایل اے کو بتایا تھا کہ ان کی شادی اچھی نہیں رہی تھی اور وہ اپنے شوہر سے الگ ہو گئی تھیں۔ ایم ایل اے نے بھی خاتون  کو بتایا تھا کہ وہ بھی اپنی شادی سے خوش نہیں تھے اور کمیونٹی  کے عقائدکے مطابق بیوی  سے الگ ہو گئے تھے۔

ایم ایل اے نے ان سے شادی کرنے کا وعدہ کیا تھا اور گھروالوں  سے ملوانے کی بات کہی تھی، لیکن ایسا نہیں کیا اور اس دوران ان کے ساتھ جسمانی رشتہ بناتے رہے۔خاتون  نے یہ بھی الزام لگایا کہ انہوں نےایم ایل اے سے بات کرنے کے لیے انہیں فون کیا تھا تو ان کی بیوی  نے ان کے ساتھ گالی گلوچ کی تھی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)