خبریں

کولکاتہ میں بی جے پی یووا مورچہ کی رہنما کوکین ملنے کے بعد گرفتار: پولیس

پولیس نے بتایا کہ جنوبی کولکاتہ کے نیو علی پور علاقے سے بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی جنرل سکریٹری پامیلا گوسوامی کو ان کے ایک دوست اور ایک سکیورٹی گارڈ کے ساتھ پکڑا گیا۔ بی جے پی کا کہنا ہے  کہ منشیات  برآمد کرنے کے معاملے میں پولیس کا رول مشکوک ہے۔ وہیں ترنمول کانگریس نے اس واقعہ  کی مذمت کی ہے۔

پامیلا گوسوامی۔ (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

پامیلا گوسوامی۔ (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: جنوبی کولکاتہ کے نیو علی پور علاقے سے بی جے پی کی یوتھ یونٹ کی رہنما پامیلا گوسوامی سے جمعہ  کو کوکین برآمد کر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ جانکاری دی۔پولیس کے مطابق، بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی ریاستی سکریٹری23سالہ پامیلا گوسوامی کو ان کے ایک دوست اور ایک سکیورٹی گارڈ کے ساتھ پکڑا گیا۔

ان کے دوست کی پہچان 38سالہ پربیر کمار ڈے کےطورپر ہوئی۔ دونوں ایک کار میں سوار تھے۔ سکیورٹی گارڈ کی پہچان 26سالہ سومناتھ چٹرجی کے طورپر ہوئی ہے۔پولیس نے کہا کہ گوسوامی کے بیگ اور کار کے دیگر حصوں سے تقریباً100 گرام کوکین برآمد کی گئی۔ اس کی قیمت تقریباً 10 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ان کے خلاف نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائکوٹراپک سبسٹینسیس ایکٹ 1985 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایک افسر نے کہا کہ خفیہ جانکاری کی بنیاد پر نیو علی پور تھانہ پولیس نے گوسوامی کو اس وقت گرفتار کیا، جب وہ اپنی کار کھڑی کرنے جا رہی تھیں۔

افسر نے کہا، ‘گوسوامی کچھ وقت سےمنشیات  کی اسمگلنگ میں ملوث  تھیں۔ آج ہمیں جانکاری  ملی کہ وہ اپنے معاون  پربیر کے ساتھ خریدار کومنشیات کی فراہمی  کرنے آ رہی ہیں۔’انہوں نے کہا کہ آٹھ گاڑیوں  میں سوار پولیس ٹیم نے گوسوامی کی کار کو گھیر کر انہیں گرفتار کیا۔

افسرنے کہا، ‘اس معاملے میں جانچ جاری ہے۔ ہم اس بات کا پتہ لگانے میں مصروف  ہیں کہ کہیں وہ کسی منشیات  گروہ کا حصہ تو نہیں ہے؟’اپریل مئی میں ہونے جا رہے مغربی بنگال اسمبلی انتخاب  کے مدنظر پامیلا گوسوامی بی جے پی یووا مورچہ کے سیاسی  کاموں میں فعال طریقےسےشامل ہو رہی تھیں۔

اس بیچ بی جے پی نے کہا ہے کہ منشیات  برآمد کرنے کے معاملے میں پولیس کا رول مشکوک ہے۔ حالانکہ اگر گوسوامی غلط ہیں تو قانون کو اپنا کام کرنا چاہیے۔

بی جے پی ایم پی  لاکیٹ چٹرجی نے کہا، ‘قبل میں ہم نے دیکھا ہے کہ ریاستی  پولیس نے اسلحہ  معاملوں میں کئی بی جے پی کارکنوں کا نام شامل کر دیا۔ اس معاملے کے بارے میں مجھے بہت زیادہ  جانکاری نہیں مل پائی ہے، اس لیے میں ابھی زیادہ کچھ بتانے کی حالت میں نہیں ہوں۔’

بی جے پی کے ریاستی ترجمان  شامک بھٹاچاریہ نے کہا،‘اس بارے میں میں واضح  طور پر کچھ نہیں جانتا۔ حالانکہ یہ باعث تشویش  ہے کہ کیا ان کے بیگ میں ڈرگس تھا یا پھر اسے کسی نے رکھ دیا تھا۔ضابطہ اخلاق نافذ ہے اور ریاستی  پولیس اب تک ریاستی سرکار کےما تحت کام کر رہی ہے۔’

اس بیچ ریاست کی وزیر اور ترنمول کانگریس کی سینئررہنما چندرما بھٹاچاریہ نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے الزام  لگایا کہ یہ شرم کی بات ہے کہ پارٹی کی خواتین  تک اس طرح کے غیر قانونی معاملوں میں ملوث پائی گئیں۔ترنمول کانگریس ایم پی  سوگت رائے نے کہا،‘اس سے پہلے بی جے پی کی ایک خاتون رہنما جلپائی گڑی میں بچوں کی اسمگلنگ میں شامل پائی گئی تھی۔ اب ڈرگس کے ساتھ ایک اور نوجوان رہنما کو گرفتار کیا گیا ہے۔’

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)