الیکشن نامہ

آسام: بی جے پی رہنما کی کار میں ای وی ایم ملنے کے بعد راتاباری میں دوبارہ ووٹنگ کا حکم

آسام کے کریم گنج ضلع کاواقعہ۔الیکشن کمیشن نے چار اہلکاروں کو سسپنڈ کر دیا ہے۔ راتاباری اسمبلی حلقہ  کے اندرا ایم وی اسکول کی پولنگ پارٹی کی گاڑی  ای وی ایم لےکر کریم گنج کے اسٹرانگ روم میں رکھنے جا رہی تھی، جب گاڑی خراب ہو گئی۔ پھر ایک پرائیویٹ گاڑی  سے لفٹ لیا، جو ضلع کے پتھرکانڈی سیٹ سے بی جے پی ایم ایل اے اور امیدوار کرشنیندو پال کی نکلی۔

(علامتی تصویر، فوٹو: ٹوئٹر)

(علامتی تصویر، فوٹو: ٹوئٹر)

نئی دہلی: آسام کے کریم گنج ضلع میں پتھرکانڈی سے بی جے پی امیدوار کرشنیندو پال کی کار میں مبینہ طور پر الکٹرانک ووٹنگ مشین(ای وی ایم)ملنے سے متعلق  ویڈیو سوشل میڈیا میں سامنے آنے کے بعدالیکشن کمیشن نےجمعہ کو راتاباری سیٹ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹنگ کا حکم دیا ہے۔

ای وی ایم کو اس طرح سے لے جانے کے ذمہ داراہلکاروں کوسسپنڈ کر دیا گیا ہے۔

یہ ویڈیوجمعرات  کو آسام میں دوسرے مرحلہ  کے انتخاب  کے ختم  ہونے کے بعد سامنے آیا۔ اس ویڈیو کو آسام کے صحافی  اتنو بھیاں نے ٹوئٹ کیا تھا، جنہوں نے بتایا کہ اس واقعہ  کے بعد پتھرکانڈی میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں۔

اس کار کا استعمال ای وی ایم کو اسٹرانگ روم لے جانے کے لیے کیا جا رہا تھا۔

الیکشن کمیشن  کی جانب سےبیان جاری کرکے کہا گیا ہے کہ پریزائڈنگ آفیسر کو ٹرانسپورٹ پروٹوکال کی خلاف ورزی  کے لیےوجہ  بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ پولنگ افسر اور تین دیگرکو سسپنڈکر دیا گیا ہے۔ حالانکہ ای وی ایم کی سیل برقرار پائی گئی تھی، لیکن راتاباری(ایس سی)سیٹ کے 149 نمبر پولنگ بوتھ اندرا ایم وی اسکول پر دوبار انتخاب کرائے جائیں گے۔

اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد بھیڑکے ذریعے اس گاڑی  پر حملہ کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد حالات کو قابو  میں لینے کے لیے پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔خبررساں  ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق،جمعہ کو اہلکاروں نے بتایا کہ راتاباری اسمبلی حلقہ  کے اندرا ایم وی اسکول کی پولنگ پارٹی کی گاڑی کریم گنج قصبے میں اسٹرانگ روم کی طرف جا رہی تھی، جب گاڑی خراب ہو گئی۔

ضلع انتظامیہ  کے ایک افسر نے بتایا، انہوں نے ایک نجی گاڑی  سے لفٹ لیا۔ اتفاق سے یہ گاڑی  پتھرکانڈی سے بی جے پی ایم ایل اے کرشنیندو پال کے نام رجسٹر ہے۔ جب یہ گاڑی  نمل بازار علاقے میں پہنچی  تو کچھ لوگوں نے اسے دیکھ لیا۔

پال اس سیٹ سے موجودہ انتخاب  میں بی جے پی امیدوار بھی ہیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ بھیڑ میں بنیادی طور پراےآئی یوڈی ایف اور کانگریس کے حامی تھے، جنہوں نے گاڑی  میں توڑ پھوڑ کی جس کے بعد پولنگ پارٹی ای وی ایم چھوڑکر وہاں سے بھاگ نکلی۔

پولیس ذرائع نے بتایا، ڈپٹی ایس پی اور ایس پی فوراً موقع  پر پہنچے۔ انہوں نے بھیڑ کو منتشر کرنے کی کوشش کی، لیکن بھیڑ نے ان کی نہیں سنی، جس کے بعد انہیں ہوائی فائرنگ کرنی پڑی۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ڈپٹی ایس پی اور ایس پی رات میں ای وی ایم کو پتھرکانڈی پولیس اسٹیشن لےکر گئے۔ وہاں سے ای وی ایم کو کریم گنج قصبے میں بنے اسٹرانگ روم میں جمع کرا دیا گیا۔

راتاباری اور پتھرکانڈی سیٹوں پر جمعرات کو دوسرے مرحلہ کے تحت انتخاب  ہوئے تھے۔

تمام قومی پارٹیوں  کو ای وی ایم کے استعمال  پر دوبارہ غور  کرنے کی ضرورت: پرینکا گاندھی

بہرحال، کانگریس کی جنرل سکریٹری  پرینکا گاندھی وادرا نے آسام میں نجی گاڑی  میں لے جائے جانے سے جڑے متعلق ویڈیو کو لےکر جمعہ  کو کہا کہ اس پر الیکشن کمیشن کوفیصلہ کن قدم اٹھانا چاہیےاورتمام قومی پارٹیوں  کو ای وی ایم کے استعمال  کے بارے میں ‘سنجیدگی سے غور’ کرنے کی ضرورت ہے۔

پرینکا نے واقعہ سے متعلق ویڈیوشیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا،‘جب بھی نجی گاڑی  میں ای وی ایم لے جائے جانے کے ویڈیو سامنے آتے ہیں تو یہ چیزیں عام ہوتی ہیں کہ گاڑی عام طور پربی جے پی امیدواروں یا ان کے اتحادیوں  کی ہوتی ہے، ان ویڈیو کو اکلوتے معاملے کے طور پر لیا جاتا ہے اور خارج کر دیا جاتا ہے۔ بی جے پی اپنی میڈیا مشینری کا استعمال کر ان لوگوں کو ملزم بناتی ہے، جنہوں نے اس کاانکشاف  کیا ہوتا ہے۔’

کانگریس جنرل سکریٹری  نے کہا، ‘سچائی یہ ہے کہ اس طرح کے کئی واقعات  کی جانکاری  دی جا رہی ہے اور ان کے بارے میں کچھ بھی نہیں کیا جا رہا ہے۔الیکشن کمیشن کو ان شکایتوں پر فیصلہ کن کارروائی کرنے اور تمام قومی پارٹیوں کے ذریعے ای وی ایم پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت  ہے۔’

کانگریس رہنما سشمتا دیو نے کہا، یہ ایک مجرمانہ فعل  ہے اور ہم امیدوار کو فوراً انااہل قرار دینے کی مانگ کرتے ہیں۔ یہ صاف ہے کہ بی جے پی آسام میں انتخاب  ہار رہی ہے، اس لیے وہ جیت کے لیے غیرقانونی  طریقے اپنا رہی ہے، جو کہ ناقابل قبول ہے۔

بی جے پی ایم پی  دلیپ سکیہ نے کہا، ‘جب کانگریس جیتتی ہے تو ای وی ایم صحیح رہتے ہیں، لیکن جب وہ ہارتی ہے تو ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ ہوتی ہے۔ یہ ان کی پرانی عادت ہے۔ ہمیں الیکشن کمیشن پر بھروسہ ہے۔ پہلے اور دوسرے مرحلہ  کے انتخاب میں ہم نے جادوئی اعدادوشمارکو پا لیا ہے۔ تیسرے مرحلے کا انتخاب ہمارے لیے بونس ہوگا۔ بی جے پی ریاست کی کم سے کم 90 سیٹوں پر جیت درج کرےگی۔’

جمعرات  کو دوسرے مرحلےمیں آسام کی 39 سیٹوں پر شام چھ بجے تک 73.03 فیصدووٹنگ ہوئی  تھی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)