خبریں

اترا کھنڈ کمبھ میں شامل مہامنڈلیشور کی کووڈ 19 سے موت، کئی اکھاڑے کمبھ سے باہر

ایک رپورٹ کے مطابق، اتراکھنڈ کے ہری دوار میں چل رہے کمبھ میں شامل مدھیہ پردیش کے نروانی اکھاڑے کے مہامنڈلیشور کپل دیو داس کی کووڈ 19 انفیکشن سے گزشتہ 13 اپریل کو موت ہوگئی ۔ کمبھ میلے میں کورونا کی بدتر حالت کو دیکھتے ہوئے 13 اکھاڑوں میں سے نرنجنی اور تپو ندھی شری آنند اکھاڑے نے اس انعقاد سے ہٹنے کا اعلان کیا ہے۔

ہری دوار میں لگا کمبھ میلہ۔ (فوٹو: رائٹرس)

ہری دوار میں لگا کمبھ میلہ۔ (فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی:  اتراکھنڈ کے ہری دوار میں چل رہے مہاکمبھ میں شریک ہونے کے بعد مدھیہ پردیش کے نروانی اکھاڑے کے مہامنڈلیشور کپل دیو داس کی کو رونا انفیکشن سے موت ہو گئی۔ وہ 65 سال کے تھے۔ نروانی اکھاڑا 13اہم  اکھاڑوں میں سے ایک ہے۔

اس تقریب  میں شامل ہونے والے اکھاڑوں سے وابستہ سنتوں کے علاوہ تمام لوگ اس وباکے انفیکشن کی چپیٹ میں آ چکے ہیں۔ اس بڑھتے قہرکی وجہ سے کئی اکھاڑوں نے ہری دوار کمبھ کی تقریب سے باہر ہونے کافیصلہ کیا ہے۔

ٹائمس آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ان کی موت جمعرات کو ایک نجی اسپتال میں ہوئی ۔

محکمہ صحت کے ایک بڑے افسر نے بتایا،‘پانچ سے 14 اپریل کے بیچ ہری دوار کے کمبھ میں شامل ٹاپ68 سادھوکورونا سے متاثر ہو گئے ہیں۔’

ڈائریکٹر جنرل آف ہیلتھ ڈاکٹر ترپتی بہوگنا نے کہا، ‘جس نجی اسپتال میں مہامنڈلیشور کپل دیو داس بھرتی تھے، اس نے محکمہ صحت کو بتایا ہے کہ انہیں 12 اپریل کو بھرتی کرایا گیا تھا اور انہوں نے 13 اپریل کو آخری سانس لی۔ انہیں کورونا سے پہلے کڈنی سے متعلق  پریشانیاں بھی تھیں۔ انہیں ڈائیلسس پر رکھا گیا تھا۔’

ہری دوار کے سی ایم او ڈاکٹر سی کے جھا کا کہنا ہے، ‘کنکھل میں اس جگہ پر جہاں مہامنڈلیشور اور ان کے 10000 سے زیادہ  سنتوں اور عقیدت مندوں نے ڈیرہ جمایا تھا۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں جمعہ کو اس جگہ  کا دورہ کریں گی، اس جگہ کو سینٹائز کیا جائےگا اور وہاں رہ رہے لوگوں کے سیمپل اکٹھا کئے جائیں گے۔’

اس بیچ جنوری سے 15 اپریل کے بیچ کمبھ سے واپس لوٹ رہے 33 پولیس اہلکار بھی کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔دوسری جانب  اکھل بھارتیہ اکھاڑہ پریشد کے صدر نریندر گری بھی کورونا سے متاثر ہیں اور رشی کیش کے ایمس میں ان کا علاج چل رہا ہے۔

ہری دوار میں سادھو کمیونٹی کے بیچ لگاتار بڑھ رہے کورونا کے معاملوں کے مدنظر سب سے بڑے ناگا سنیاسی اکھاڑوں میں سے ایک اور جونا اکھاڑے کے بعد دوسرے سب سے طاقتور نرنجنی اکھاڑے نے کمبھ سے باہر ہونے کا اعلان کیا ہے۔

ہری دوار کمبھ میں شامل سنتوں کے 13اکھاڑوں میں سے ایک نرنجنی اکھاڑے نے کووڈ 19 کے بڑھتے معاملوں اور صوبے میں خراب ہوتی صورتحال  کے مدنظر جمعرات  کو تقریب سے ہٹنے کا فیصلہ کیا۔ تپو ندھی شری آنند اکھاڑے نے بھی ایسا ہی فیصلہ کیا ہے۔

نرنجنی اکھاڑے کےسکریٹری  رویندر پوری نے بتایا،‘اہم شاہی اسنان 14 اپریل کو میش سنکراتی کے ساتھ ختم  ہو گیا۔ ہمارے اکھاڑے میں کئی لوگوں میں کووڈ 19 کے آثارسامنے آ رہے ہیں۔ ایسے میں ہمارے لیے کمبھ میلہ ختم  ہو گیا۔’

روندر پوری کا کہنا ہے کہ ہری دوار کے کیمپوں میں ٹھہرے، اکثر سنت اور ان کے عقیدت مندوں  میں کورونا کے آثار ہیں، جس وجہ سے اکھاڑے کے سنتوں نے 17 اپریل سے میلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبررساں  ایجنسی اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق،ہری دوار کے چیف میڈیکل افسر ڈاکٹر ایس کےجھا نے  ہری دوار میں بتایا، ‘میڈیکل ٹیمیں اکھاڑے کے پاس جا رہی ہیں اور سادھوؤں کا لگاتارآر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ 17 اپریل سے اس عمل کو تیز کیا جائےگا۔’

کمبھ میلہ انتظامیہ  کے مطابق، ‘جمعرات کو 332 لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس کورونا سے ہونے والی اموات کا کسی طرح کا مجموعی اعداد وشمار نہیں ہے۔ بدھ کو 13415 لوگوں میں سے 119 کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔ 12 اپریل کے بعد سے 79301 لوگوں کا کو رونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے، جن میں سے 745 کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔’

تمام 13اکھاڑوں کےسب سے اعلیٰ ادارےاکھاڑہ پریشد کے جنرل سکریٹری  مہنت ہری گری نے کہا، ‘یہ سہی ہے کہ کورونا کے معاملے بڑھ رہے ہیں اور ہم اس صورتحال پر تمام 13 اکھاڑوں کے نمائندوں  سےتبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ ہم جلد ہی اس پر حتمی  فیصلہ لیں گے۔’

بتا دیں کہ کمبھ میلہ سرکاری  طور پر 30 اپریل کو ختم  ہوگا اور اگلا شاہی اسنان 27 اپریل کو ہوگا۔اتراکھنڈ کنٹرول روم کے مطابق، 10 اپریل کو کورونا کے 254 معاملے درج ہوئے۔ 11 اپریل کو 386 12 اپریل کو 408 13 اپریل کو 594 اور 14 اپریل کو 525 معاملے درج ہوئے۔

اتراکھنڈ میں جمعرات  کو اب تک کورونا وائرس انفیکشن کے ایک دن میں سب سے زیادہ 2220 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ اس سے پہلے صوبے میں 19 ستمبر 2020 کو 2078 نئے مریض سامنے آئے تھے۔محکمہ صحت کی جانب سے  جاری بلیٹن کے مطابق، نئے معاملوں کو ملاکر صوبے میں کورونا وائرس انفیکشن کے کل معاملوں کی تعداد بڑھ کر 116244 ہو گئی ہے۔

اس کے علاوہ جمعرات  کو وباسے متاثرنو دیگر مریضوں نے دم توڑ دیا، جس کے ساتھ ہی صوبے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1802 ہو گئی۔صوبے میں سب سے زیادہ 914 کووڈ مریض دہرادون میں ملے، جبکہ ہری دوار میں 613، نینی تال میں 156، ادھم سنگھ نگر میں 131، پوڑی گڑھوال میں 105 نئے مریض سامنے آئے۔

صوبے میں زیر علاج  معاملوں کی تعداد 12484 ہے جبکہ 99777 مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)