خبریں

کووڈ 19: امریکہ نے اپنے شہریوں کو ہندوستان سفر نہیں کرنے کی صلاح دی

ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملوں میں بے تحاشہ اضافہ  کے مدنظر برٹن نے بھی ہندوستان کو ان ممالک کی‘سرخ فہرست’ میں ڈال دیا،جس کے تحت برٹش اور آئرش شہریوں کے علاوہ وہاں آنے والے دیگر لوگوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔وزیر اعظم  بورس جانسن نے بھی ہندوستان کا اپنامجوزہ دورہ  رد کر دیا ہے۔ ہانگ کانگ اور نیوزی لینڈ بھی ہندوستان کےسفر پر پابندی  لگا چکے ہیں۔

(علامتی تصویر، فوٹو: رائٹرس)

(علامتی تصویر، فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: امریکہ نے اپنے شہریوں کو صلاح دی ہے کہ وہ  ہندوستان میں کورونا وائرس کا انفیکشن  بہت زیادہ  پھیلنےکی وجہ سے وہاں کا سفر کرنے سے بچیں۔

سینٹر فار ڈیزیزکنٹرول اینڈ پریونشن(سی ڈی سی)نے گزشتہ سوموار کو اس سلسلے میں ایڈووائزری جاری کی۔ امریکہ،سائنس پر مبنی ٹریول ہیلتھ نوٹس جاری کرکے اپنے شہریوں کو دنیابھر میں صحت سے متعلق  خطروں کی جانکاری دیتا ہے اور انہیں خود کومحفوظ  رکھنے کے لیے صلاح دیتا ہے۔

امریکہ نے کووڈ 19سے متعلق سفری مشاورت کے لیے چاردرجےکا نظام  اپنایا ہے اور حالیہ ایڈوائزری میں ہندوستان کو ‘لیول فور: کووڈ 19 کے اعلیٰ ترین سطح ’میں رکھا گیا ہے۔محکمہ  نے سوموار کو کہا، ‘کووڈ 19 مسافروں  کے لیے غیرمتوقع  خطرہ  بنا ہوا ہے۔’سی ڈی سی نے امریکی عوام سے ہندوستان کاسفر نہیں کرنے کی اپیل کی ہے۔

اس نے ایک بیان میں کہا، ‘مسافروں  کو ہندوستان میں ہر طرح  کےسفر سے بچنا چاہیے۔ ہندوستان میں موجودہ حالات کی وجہ سے ٹیکہ کاری کرا چکے مسافروں  کے بھی کووڈ 19 کی مختلف صورتوں  سے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔’

سی ڈی سی نے کہا، ‘اگر آپ کے لیے ہندوستان جانا ضروری  ہے، تو سفر سے پہلے ٹیکہ کاری  ضرور کرائیں۔ تمام مسافروں کو ماسک پہننا چاہیے،دوسرے لوگوں سے چھہ فٹ کی دوری رکھنی چاہیے، بھیڑ سے بچنا چاہیے اور اپنے ہاتھ دھونے چاہیے۔’

سی ڈی ایس نے یہ بھی کہا، ‘اگر مکمل طور پرآپ کی  ٹیکہ کاری ہو چکی ہے، تب آپ کو امریکہ چھوڑنے پر پہلے ٹیسٹ کرانے کی تب تک ضرورت نہیں جب تک کہ جہاں آپ جا رہے ہیں، وہاں ایسی کوئی ضرورت نہ ہو۔ اس کے علاوہ امریکہ واپس آنے کے بعد آپ کو سیلف کورنٹائن ہونے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔’

اس سے پہلے برٹن نے ہندوستان کو سوموار کو ان ممالک کی‘سرخ فہرست’ میں ڈال دیا، جس کے تحت برٹش اور آئرش شہریوں کے علاوہ وہاں آنے والے دیگر لوگوں پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ ساتھ ہی دوسرے ملکوں سے لوٹے برٹش لوگوں کے لیے ہوٹل میں 10 دن تک کورنٹائن میں رہنالازمی کر دیا ہے۔

اس سے کچھ گھنٹے پہلے برٹن کے پی ایم او ڈاؤننگ اسٹریٹ نے ہندوستان میں کورونا وائرس کے معاملوں میں بے تحاشہ اضافے کے مد نظر اگلے ہفتےہونے والی وزیر اعظم  بورس جانسن کے دورےکو رد کرنے کا اعلان  کیا تھا۔

اس سے پہلے بورس جانسن نے جنوری میں مجوزہ ہندوستان کا دورہ رد کر دیا ہے۔ جانسن کو 26 جنوری کو یوم جمہوریہ پریڈ کے لیے مہمان خصوصی  کے طور پر مدعو کیا گیا تھا۔

دراصل اس وقت برٹن میں نئی طرح کاکورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا تھا، جس کے مد نظر وزیر اعظم  جانسن نے کہا تھا کہ ان کا برٹن میں رہنا زیادہ اہم  ہے تاکہ وہ وائرس کے روک تھام کی طرف اپنی توجہ مرکوز کر سکیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ18 اپریل کو وائرس کے نئے اقسام ملنے کے بعد ہانگ کانگ نے بھی ہندوستان سے آنے والی اڑانوں پر پابندی  لگا دی ہے۔ نیوزی لینڈ بھی انفیکشن کی وجہ سےہندوستان کے سفر پر پابندی  لگا چکا ہے۔

ہندوستان میں ایک دن میں کورونا وائرس انفیکشن  کے 259170 نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ملک میں اب تک انفیکشن کے کل معاملوں کی تعداد بڑھ کر 15321089 ہو گئی، جن میں سے 20 لاکھ سے زیادہ  لوگ زیر علاج ہیں۔ وزارت صحت  کے مطابق، گزشتہ ایک دن میں ریکارڈ 1761 اور لوگوں کی موت ہونے کے بعدکل مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 180530 ہو گئی۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)