خبریں

میڈیا کے لاشوں کے ڈھیر دکھانے سے لوگوں میں پھیل رہی ہے وبا  کی دہشت: کیلاش وجئے ورگیہ

بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجئےورگیہ نے کہا کہ وبا کے مشکل دور میں ایسی خبریں بھی دکھائی جانی چاہیے، جن سے سماج میں مثبت ماحول بن سکے۔ ہر 100 سال میں ایک بار وباآتی ہے۔ ایسے وقت میں آپ یہ بھی دکھائیں کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کس طرح لگاتار کام کر رہے ہیں۔

کیلاش وجئےورگیہ(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

کیلاش وجئےورگیہ(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بی جے پی جنرل سکریٹری کیلاش وجئےورگیہ نے منگل کو کہا کہ میڈیا کے ذریعے لاشوں کے ڈھیر دکھانے سےعام لوگوں میں کووڈ 19 کی دہشت پھیل رہی ہے اور وبا کے مشکل دور میں ایسی خبریں بھی دکھائی جانی چاہیے جن سے سماج میں مثبت  ماحول بن سکے۔

وجئے ورگیہ نے مدھیہ پردیش کے اندور شہر میں صحافیوں  سے کہا، ‘میں میڈیا کے لوگوں سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ آپ ہر روز کبھی لاشوں کے ڈھیر تو کبھی تڑپتے، چلاتے اور مرتے لوگ دکھا رہے ہیں۔ اس سے عام  لوگوں میں دہشت پھیل رہی ہے۔’

انہوں نے کہا، ‘آپ تاریخ  اٹھاکر دیکھ لیجیے۔ ہر 100 سال میں ایک بار وبا ہمیشہ آتی ہے۔ ایسے وقت میں آپ (میڈیا)یہ بھی دکھائیں کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کس طرح لگاتار کام کر رہے ہیں۔’

بی جے پی جنرل سکریٹری نے کہا کہ کورونا وائرس انفیکشن کے زمانے میں  میں کئی غیر میڈیکل پیشہ ور ورضاکارانہ تنظیم  وبا سے متاثرہ عوام  کی خدمت  کر رہے ہیں اور ان لوگوں کی خبریں بھی دکھائی جانی چاہیے، کیونکہ اس وقت سماج میں مثبت ماحول بنانا بےحد ضروری ہے۔

انفیکشن کے لیے اسپتالوں میں بستروں، میڈیکل آکسیجن اور ریمڈیسور دوا کی کمی کو لےکرصوبے کی بی جے پی سرکار کے خلاف کانگریس کے اپوزیشن رہنماؤں کی طرف سے دھرنا دینے کے بارے میں پوچھے جانے پر وجئے ورگیہ نے کہا کہ وبا  کے مشکل دور میں سیاست  سے اوپر اٹھ کر کام کیا جانا چاہیے اور سیاسی رہنماؤں کو عام  لوگوں کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعلیٰ  شیوراج سنگھ چوہان کی سربراہی  میں مدھیہ پردیش ریاستی  سرکار وبا کے حالات سے نمٹنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

بتا دیں کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران ملک  بھر سے کووڈ 19شمشان میں لاشوں کی لمبی قطاریں ہونے کی خبریں آ رہی ہیں۔ کئی صوبوں  میں کوروناسے مرنے والوں کی سرکاری تعداد اور کورونا پروٹوکال کے تحت متعینہ شمشانوں میں ہو رہی آخری رسومات کی ادائیگی کے اعدادوشمار کے بیچ بہت بڑا فرق دکھائی دے رہا ہے۔ اس کو لےکر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔

خبررساں  ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ایک افسر نے بتایا کہ مدھیہ پردیش میں منگل کو کووڈ 19 کے 12727 معاملے درج کیے گئے اور 77 مریضوں کی موت ہوئی۔ جس کے بعد کل معاملوں کی تعداد بڑھ کر 433704 پر پہنچ گئی۔صوبے میں اب تک 4713 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اپریل سے اب تک صوبےمیں 138193 نئے معاملے اور 727 اموات درج کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اندور میں کووڈ 19 کے 1753 نئے معاملے درج کیے گئے اور کل معاملے بڑھ کر 92768 ہو گئے اور بھوپال میں 1693 نئے معاملے آئے جس کے بعد وہاں کل معاملوں کی تعداد71967 ہو گئی ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)