خبریں

کمبھ سے لوٹنے کے بعد ندیم شرون جوڑی میں شامل موسیقار شرون راٹھوڑ کی کورونا سے موت

موسیقارشرون راٹھوڑ کے بیٹے سنجیو نے بتایا کہ کمبھ سے لوٹنے کے بعد ان کےوالد نے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ جانچ کے بعد ان کےوالدین متاثرپائے گئے تھے۔ سنجیو اور ان کے بھائی بھی متاثرہیں۔ ندیم شرون کی جوڑی کو عاشقی، سڑک، ساجن، دیوانہ، راجہ ہندوستانی، جدائی، صرف تم جیسی فلموں کی موسیقی کے لیے جانا جاتا ہے۔

موسیقار شرون راٹھوڑ۔ (فوٹو بہ شکریہ ٹوئٹر)

موسیقار شرون راٹھوڑ۔ (فوٹو بہ شکریہ ٹوئٹر)

نئی دہلی: ہندی سنیما کی مشہورموسیقار جوڑیوں میں سے ایک ندیم شرون کے شرون راٹھوڑ کی گزشتہ جمعرات  کو کورونا وائرس سے متعلق پیچیدگیوں کی وجہ سے موت ہو گئی۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، کچھ دن پہلے 66سالہ شرون اپنی بیوی کے ساتھ ہری دوار میں ہوئے کمبھ میں شامل ہوئے تھے۔ وہاں سے لوٹنے کے بعد انہوں نے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔ جانچ کے بعد دونوں کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے تھے۔

شرون کے بیٹے سنجیو نے بتایا،‘ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ہماری فیملی  اتنے مشکل وقت  سے گزرےگی۔ میرے والدکی موت  ہو گئی ۔ میں اور میری ماں بھی کوروناکی زد میں  ہیں۔ میرا بھائی بھی پازیٹو ہے اور ہوم آئسولیشن میں ہے۔’

نوےکی  دہائی  اور 2000 کے دہائی  کی شروعات میں سب سے مشہور موسیقاروں میں سے ایک ندیم شرون کو 1990 میں آئی فلم عاشقی کے ساتھ بڑا بریک ملا تھا۔

راہل را ئے اور انو اگروال کی مرکزی رول والی اس فلم نے موسیقی  کی فروخت میں ریکارڈ بنایا ہے اور اس کی موسیقی آج بھی لوگوں کے بیچ  پسند کی جاتی ہے۔ اس فلم کے لیے انہیں سب سے بہتر میوزک ڈائریکٹر کا فلم فیئر ایوارڈ ملا تھا۔ فلم کی ہدایتکاری مہیش بھٹ نے کی تھی۔

اس فلم کے بعد ندیم شرون کی جوڑی نے مہیش بھٹ کی کئی فلموں کو موسیقی سے سجایا۔ ان فلموں میں دل ہے کہ مانتا نہیں (1991)، ساجن (1991)، سڑک (1991) اور ہم ہیں راہی پیار کے (1993)جیسی فلمیں شامل رہیں۔

اس کے علاوہ دونوں موسیقاروں کی جوڑی نے پھول اور کانٹے (1991)،دیوانہ(1992)،دل کا کیا قصور (1992)،جان تیرے نام (1992)،بلما (1993)،آدمی کھلونا ہے (1993)،دامنی (1993)،دل والے (1994)،راجہ (1995)،برسات (1995)، جیت (1996)، راجہ ہندستانی (1996)، اگنی ساکشی (1996)،جدائی (1997)، پردیس (1997)، صرف تم (1999)،دھڑکن (2000)، قصور (2000)، راج (2002) اور انداز (2003) جیسی فلموں میں موسیقی  دی تھی۔

سال 1973 میں آئی بھوجپوری فلم دنگل کے لیے دونوں نے پہلی بار ساتھ میں موسیقی  دی تھی۔ سال 2005 میں دونوں الگ ہو گئے تھے۔ دونوں نے سال 2005 میں آئی فلم دوستی فرینڈس فارایور میں آخری بارموسیقی  دی تھی۔

سال2009 میں آئی فلم ڈو ناٹ ڈسٹرب میں دونوں نے ساتھ واپسی کی تھی، لیکن ایک ساتھ ان کا سفر آگے بڑھ نہیں سکا۔ اس کے بعد شرون راٹھوڑ موسیقی  کی دنیا میں بہت کم نظر آئے۔