خبریں

اپوزیشن رہنماؤں نے مرکز سے بڑے پیمانے پر مفت ٹیکہ کاری مہم شروع کرنے کی مانگ کی

کانگریس صدرسونیا گاندھی،سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا، این سی پی چیف  شرد پوار، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے، مغربی  بنگال کی وزیر اعلیٰ  ممتا بنرجی سمیت13پارٹیوں  کےرہنماؤں نے مشترکہ بیان جاری کر کہا کہ مرکز تمام  اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرمیں آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔

(فوٹو:رائٹرس)

(فوٹو:رائٹرس)

نئی دہلی: کانگریس صدرسونیا گاندھی،سابق وزیر اعظم  ایچ ڈی دیوگوڑا سمیت اپوزیشن  کے کئی بڑے رہنماؤں نے اتوار کو مرکزی حکومت  سے اپیل کی کہ وہ تمام اسپتالوں میں آکسیجن کی بلاتعطل  فراہمی اورملک بھر میں مفت ٹیکہ کاری کو یقینی بنائے۔’

سونیا گاندھی، دیوگوڑا،این سی پی کے چیف  شرد پوار، شیوسیناچیف  اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ  ادھو ٹھاکرے، ترنمول کانگریس کی چیف اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ  ممتا بنرجی اور جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین،ڈی ایم کے رہنما ایم کے سٹالن، بی ایس پی کی چیف  مایاوتی، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو،سی پی آئی کے جنرل سکریٹری  ڈی راجہ اور سی پی آئی(ایم ) کے جنرل سکریٹری            سیتارام یچوری کی جانب  سے مشترکہ بیان جاری کرکےیہ مانگ کی گئی ہے۔’

ان رہنماؤں نے کہا، ‘جب ہمارے پورے ملک میں مہاماری کنٹرول  سے باہر جا چکی ہے تو ہم مرکزی حکومت سے اپیل  کرتے ہیں کہ وہ تمام  اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرمیں آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔’

انہوں نے یہ بھی کہا، ‘ہم مرکزی حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پورے ملک میں مفت ٹیکہ کاری کو یقینی بنائے۔ ٹیکہ کاری کے لیے 35000 کروڑ روپے کے مختص بجٹ کا استعمال ہونا چاہیے۔’

بعد میں کانگریس رہنما جئےرام رمیش نے امید کی  کہ وزیر اعظم  نریندرمودی  اس مشترکہ بیان  کو سنجیدگی سے لیں گے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا،‘امید ہے کہ وزیر اعظم اپوزیشن رہنماؤں کے اس مشترکہ بیان پر سنجیدگی سے اورصحیح جذبےسےغور کریں گے۔ قومی بحران  کے اس وقت میں یقین  اور یقین  کی تعمیر کے لیےفوراً ان سے ملنا ایک اچھا پہلا قدم ہوگا۔’

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)