خبریں

راجستھان: پوتا کورونا پازیٹو نہ ہو جائے، اس کے مبینہ ڈر سے دادا-دادی نے خودکشی کی

راجستھان کےکوٹا شہر کا معاملہ۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔پرائمری جانچ میں پتہ چلا ہے کہ بزرگ جوڑے کو ڈر تھا کہ ان کا اکلوتا پوتا اور گھرکے دیگرممبران کی وجہ سے وائرس کی چپیٹ میں آ جائیں گے۔

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: راجستھان کے کوٹا ضلع میں اتوار کو کورونا وائرس سے متاثرہ  بزرگ جوڑے نے مبینہ طورپر چلتی ٹرین کے سامنے کود کر صرف اس لیےخودکشی کر لی کیونکہ انہیں ڈر تھا کہ ان سے یہ انفیکشن  ان کے پوتے اور بہو کو پھیل سکتا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ہیرالال بیروا(75)اور ان کی بیوی  شانتی بائی(70)اپنے 18سالہ پوتے اور بہو کے ساتھ شہر کے پروہت جی کی ٹپری علاقے میں رہتے تھے۔ ان کے بیٹے کی آٹھ سال پہلے ہی موت ہو چکی ہے۔

ریلوے کالونی تھانے کے ایس آئی رمیش چند شرما نے بتایا کہ بزرگ جوڑے کے 29 اپریل کورونا پازیٹو ہونے کی تصدیق  ہوئی اور اس کے بعد سے دونوں گھر میں ہی کورنٹائن تھے۔

دونوں نے اتوارکی صبح چنبل اووربرج کے پاس ریلوے لائن پر دہلی ممبئی اَپ ٹریک پر ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا دی۔

پولیس نے بتایا کہ موقع پر کوئی سوسائیڈ نوٹ نہیں ملا ہے۔

ایس آئی نے بتایا کہ سی آر پی سی کی دفعہ174(غیرفطری موت)کے تحت کیس درج کر لیا گیا ہے اور لاشوں کو کووڈ 19 پروٹوکال کے تحت آخری رسومات کے لیے دیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ پرائمری  جانچ میں پتہ چلا ہے کہ بزرگ جوڑے کو ڈر تھا کہ ان کا اکلوتا پوتا اور گھر کےدیگر ممبر ان کی وجہ سے وائرس کی چپیٹ میں آ جائیں گے۔ دونوں اتوارکی صبح گھر سے نکلے تھے اور یہ قدم اٹھا لیا۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)