خبریں

کووڈ بحران: جب سوشل میڈیا پر لوگ مدد مانگ رہے تھے، تب مرکزی وزیر حکومت کی شان میں قصیدہ پڑھ رہے تھے

ہندی روزنامہ دینک بھاسکر نے مودی حکومت کی کابینہ  کے دس وزیروں  کے گیارہ سو سے زیادہ  ٹوئٹس کا تجزیہ کیا ہے، جس کے مطابق کورونا انفیکشن کی دوسری لہر کے دوران ان وزیروں  نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے ذریعے ایک بھی کووڈ متاثر کو آکسیجن سلینڈریا اسپتال بیڈ دلانے میں مدد نہیں کی۔

مرکزی وزیر امت شاہ، راجناتھ سنگھ، نرملا سیتارمن، ڈاکٹر ہرش وردھن اور پرکاش جاویڈکر۔ (فوٹو: ٹوئٹر/پی ٹی آئی/رائٹرس)

مرکزی وزیر امت شاہ، راجناتھ سنگھ، نرملا سیتارمن، ڈاکٹر ہرش وردھن اور پرکاش جاویڈکر۔ (فوٹو: ٹوئٹر/پی ٹی آئی/رائٹرس)

نئی دہلی: مئی کے پہلے دو ہفتوں کے دوران جب سوشل میڈیا آکسیجن’ اور وینٹی لیٹر بیڈ کے لیے‘ایس اوایس’(مشکل وقت میں مدد کی گزارش)کے پیغامات سے بھرا ہوا تھا، ملک کی اہم وزارتوں کے اکثر مرکزی وزیرٹوئٹر پر متحرک  تو تھے لیکن وہ  مہاماری کے مینجمنٹ میں وزیر اعظم  اور مرکز کی کوششوں کی شان میں قصیدہ پڑھ رہے تھے۔

ہندی روزنامہ دینک بھاسکر نے اپنی ایک رپورٹ میں وزیر اعظم  نریندر مودی کی کابینہ کے 10وزیروں  کے 1110 ٹوئٹس کا تجزیہ  کیا جو کووڈ 19انفیکشن کی دوسری اور تیز لہر کے دوران 1 مئی سے 14 مئی تک کیے گئے تھے۔

رپورٹ سے پتہ چلا کہ کسی بھی وزیر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک بھی کووڈ 19متاثر کو آکسیجن سلینڈریا اسپتال کا بسترتلاش کرنے میں مدد نہیں کی، جبکہ لوگ آکسیجن اور وینٹی لیٹر بیڈ پانے کے لیے بےحد پریشان ہو رہے تھے۔

رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ وزیر داخلہ  امت شاہ نے 1 مئی سے 14 مئی کے بیچ کورونا وائرس سے نمٹنے کی تیاریوں سے متعلق  صرف ایک ٹوئٹ کیا۔ شاہ کی ٹوئٹر ٹائم لائن میں الیکشن ، برتھ ڈے اورسالگرہ اور تعزیتی پیغامات سے متعلق  زیادہ  پوسٹ پائے گئے اور اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہی نہیں ہے کہ ہندوستان  مہاماری کی دوسری مہلک لہر سے گزر رہا تھا۔

وہیں اس دوران جب مہاماری سے نمٹنے کو لےکر ملک اور ملک سے باہر بھی وزیر اعظم  نریندر مودی کو تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا تب ایک بی جے پی رہنماکے ذریعےان کے دفاع یں لکھے گئے ایک مضمون کو شیئر کرنے کے لیے کئی وزیر سامنے آئے اور اس مضمون  کوشیئرکیا۔

اسی مدت میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کووڈ 19 کی تیاریوں سے متعلق  صرف پانچ ٹوئٹ  کیے، جس میں فوج  کی کوشش اور ان کے لکھنؤ کے سفر سے متعلق ٹوئٹ شامل ہیں۔ انہوں نے مودی کے کچھ ٹوئٹس کو ری ٹوئٹ بھی کیا ہے۔

روزنامہ دینک بھاسکر کے مطابق، وزیر خارجہ  ایس جئےشنکر نے 1-14 مئی کے بیچ کووڈ 19 کی تیاری سےمتعلق 37 ٹوئٹ کیے۔ ان میں سے اکثر ٹوئٹس نے ہندوستان  کو کووڈ 19سے متعلق علاج کی فراہمی  کے لیےدیگر ممالک کے نمائندوں  کا شکریہ  اداکیا اور اس میں جی 7 کانفرنس  کے اپ ڈیٹ شامل تھے۔

جی7کانفرنس میں کچھ ہندوستانی  نمائندوں  کے پازیٹو پائے جانے کے بعد جئے شنکر نے ورچوئل بیٹھکیں منعقد کرنے کے بارے میں ٹوئٹ کیا۔ کووڈ 19 پازیٹو پائے جانے والے کچھ لوگوں کے رابطہ میں آنے کے کچھ دنوں بعد 8 مئی کو انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں کووڈ 19 نہیں ہے۔

اس بیچ وزیرخزانہ نرملا سیتارمن نے کل 48 ٹوئٹ کیے جن میں سے 22 کووڈ 19 سےمتعلق  تھے۔ ان کا ایک ٹوئٹ ٹیکوں پر جی ایس ٹی سے جڑا تھا۔ دیگر ٹوئٹ میں پی ایم کسان، آواس یوجناؤں وغیرہ کی بات کی گئی۔ انہوں نے بھی وزیر اعظم  مودی کے کئی ٹوئٹس کو ری ٹوئٹ کیا۔

وزیر صحت ہرش وردھن نے اس دوران 247 بار ٹوئٹ کیا۔ ان کے اکثر ٹوئٹ کووڈ 19 سے متعلق  تھے، جن میں معاملوں کے اعدادوشمار، ٹیکوں کے بارے میں جانکاری اور ان کے  اسپتال کے دورے اور سرکار کی کوشش شامل تھے۔

کئی ٹوئٹس میں انہوں نے وزیر اعظم مودی اورمرکزی حکومت  کا دفاع کیا کیونکہ انہیں بدانتظامی کے سوالوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مرکزی وزیرپیوش گوئل نے زیادہ تر ‘آکسیجن ایکسپریس’ کو لےکر ٹوئٹ کیا۔ان کے کچھ ٹوئٹس نے ملک  میں وائرس کےپھیلاؤ کو روکنے کے لیےمرکزی حکومت  کی کوششوں  کا بھی دفاع کیا۔

پہلی سے 14 مئی تک مرکزی وزیر پرکاش جاویڈکر کی ٹوئٹر ٹائم لائن میں ٹیکوں پر اپ ڈیٹ اور سرکار کی کوششوں  کی تعریف کی گئی ہے۔ انہوں نے مودی، بی جے پی  اور پی آئی بی کے ٹوئٹر ہینڈل کے کئی ٹوئٹس کو ری ٹوئٹ بھی کیا ہے۔

اسی دوران وزیرتعلیم  رمیش پوکھریال نشنک نے 285 ٹوئٹ کیے۔ ان میں سے 83 ٹوئٹس کووڈ 19 سے متعلق تھے، جن میں ٹیکوں پر پیغام  اور وائرس کے لیے بیداری  شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق کم سے کم 24 ٹوئٹ میں وزیر اعظم  مودی کی تعریف کی گئی۔

مرکزی وزیر نتن گڈکری کے 32 ٹوئٹ کووڈ 19 سے متعلق  تھے، جن میں بیٹھکوں کے اپ ڈیٹ، ناگپور میں ٹیکہ کاری  مہم  اور ریمیڈسور کے پروڈکشن  کی نگرانی کے لیے وردھا میں جینیٹک لائف سائنسز کادورہ کرنا شامل ہے۔

ان کے ٹوئٹ میں سالگرہ کی مبارکباد اور تعزیتی پیغامات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے زیادہ تر اپنے آفس کے ٹوئٹر ہینڈل کے پوسٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔ اپنے کئی لوگوں کے برعکس  انہوں نے اپنے کسی بھی ٹوئٹ میں وزیراعظم  مودی کا ذکر نہیں کیا ہے۔

اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے کل 47 ٹویٹ کیے، جن میں سے 13 کووڈ 19 سے متعلق  تھے۔

(اس رپورٹ کو انگریزی میں پڑھنے کے لیےیہاں کلک کریں۔)