خبریں

دہلی ہائی کورٹ کی ای ڈی کو ہدایت، نیوزکلک کے بانی  کے خلاف تعزیری کارروائی نہ کریں

اس سال فروری میں ای ڈی نے نیوزکلک کے دفتر کے ساتھ ادارےکے کئی عہدیداروں  اور صحافیوں  کے گھروں پر چھاپےماری کی تھی۔ ای ڈی نے کہا تھا کہ چھاپے مبینہ منی لانڈرنگ معاملے سے جڑے تھے اور  ایجنسی ادارے کو غیرممالک کی مشتبہ کمپنیوں سے رقم ملنے کی جانچ کر رہی تھی۔

نیوزکلک کے مالک پربیر پرکایستھ۔ (فوٹو: یوٹیوب)

نیوزکلک کے مالک پربیر پرکایستھ۔ (فوٹو: یوٹیوب)

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے سوموار کو ای ڈی کو نیوز ویب سائٹ ‘نیوزکلک’ اور اس کے ایڈیٹر ان چیف  کے خلاف منی لانڈرنگ معاملے میں تعزیری کارروائی نہ کرنے کی ہدایت  دی ہے۔جسٹس جسمیت سنگھ نے کہا کہ پانچ جولائی تک نیوزکلک اور اس کے بانی  اور ایڈیٹر ان چیف  پربیر پرکایستھ کے خلاف کوئی تعزیری کارروائی نہ کی جائے۔ ساتھ ہی معاملے کی اگلی شنوائی پانچ جولائی طے کی گئی۔

عرضی میں اس معاملے میں ای ڈی کے ذریعےدرج ایف آئی آرکی کاپی دستیاب کرانے کی بھی گزارش  کی گئی۔ اس کے علاوہ کمپنی نے غیر ملکی مالی اعانت کے الزامات کی بنیاد پر دہلی پولیس کے ذریعے اس کے خلاف درج ایف آئی آر کو رد کرنے کی  بھی عدالت سے گزارش کی۔

ہائی کورٹ نے ویب سائٹ کی عرضی پر ای ڈی کو نوٹس جاری کیا۔

اس سال فروری میں ای ڈی نے نیوزکلک دفتر کے ساتھ ساتھ ادارے سے وابستہ کئی عہدیداروں اور صحافیوں کی رہائش پر چھاپےماری کی تھی۔ ای ڈی نے کہا تھا کہ چھاپے مبینہ منی لانڈرنگ معاملے سے جڑے تھے اور  ایجنسی ادارے کو غیرممالک کی مشتبہ کمپنیوں سے رقم ملنے کی جانچ کر رہی تھی۔

کئی میڈیا گروپوں نے ای ڈی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تنقیدی صحافت  کو چپ کرانے اور سرکاری لائن نہیں ماننے والوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش تھی۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، سوموار رات کمپنی اور پرکایستھ کی نمائندگی  کرنے والے سینئر وکیل دیان کرشنن نے کہا کہ کمپنی کو چیف  میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سے رابطہ کرنے کے بعد 5 جون کو ہی ای او ڈبلیو (اقتصادی جرائم ونگ)کی ایف آئی آر کی ایک کاپی دی گئی تھی اور ابھی تک ای ڈی سے ای سی آئی آر کی کاپی  موصول نہیں ہوئی ہے۔

کرشنن نے کہا، ‘جب تک مجھے یہ نہیں پتہ کہ میرے خلاف الزام کیا ہیں، میں قانونی تدبیر کیسے کروں۔ سارا خیال کسی طرح ایک پی ایم ایل اے(منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ)دائرہ اختیار بنانے کا ہے…لیکن کم از کم مجھے دکھاؤ کہ معاملہ کیا ہے۔’

ای ڈی کے وکیل نے کسی عبوری تحفظ کے خلاف دلیل دی تھی۔ انہوں نے کہا، ‘جب بھی کارروائی کی جائےگی آپ عدالت میں آنے کے لیے آزاد ہوں گے۔’اس کے ساتھ ہی ای ڈی کے وکیل نے کہا، پرکایستھ کو گرفتاری  کے امکان پر پیشگی ضمانت کے لیےعرضی دینی چاہیے تھی۔

حالانکہ کرشنن نے کہا کہ ای ڈی کے معاملے کی تفصیل  جانے بنا پیشگی ضمانت کی عرضی  دائر نہیں کی جا سکتی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)