خبریں

اگر تاریخ بنانا ہے تو تیمور، اورنگ زیب اور بابر پیدا نہیں ہونے چاہیے: ہریانہ بی جے پی کے ترجمان

ہریانہ بی جے پی کے ترجمان اورکرنی سیناکےصدرسورج پال امو نے تبدیلی مذہب، لو جہاد اور آبادی کنٹرول پر بلائی گئی مہاپنچایت میں کہا کہ اگر بھارت ہماری ماتا ہے تو پاکستان کے ہم باپ ہیں اور ان پاکستانیوں کو ہم یہاں کرایے پر مکان نہیں دیں گے۔ ان کو اس ملک  سے نکالو، یہ قرارداد پاس کرو۔

سورج پال امو۔ (فوٹو بہ شکریہ ٹوئٹر)

سورج پال امو۔ (فوٹو بہ شکریہ ٹوئٹر)

نئی دہلی: ہریانہ بی جے پی کےترجمان اورکرنی سینا کےصدرسورج پال امو نے سنیچر کو گڑگاؤں کے پٹودی میں منعقد ایک مہاپنچایت میں کہا کہ ہمیں تاریخ بننا نہیں، بنانا ہے تاکہ پھر تیمور، اورنگ زیب، بابر اور ہمایوں پیدا نہ ہو۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، مہاپنچایت کو خطاب  کرتے ہوئے سورج پال نے کہا، ‘اگر بھارت ہماری ماتا ہے تو ہم پاکستان کے باپ ہیں اور ان پاکستانیوں کو ہم یہاں کے گھروں میں کرایے پر مکان نہیں دیں گے۔ انہیں اس ملک  سے نکالو، یہ قرارداد پاس کرو ۔

دراصل یہ مہاپنچایت تبدیلی مذہب، لو جہاد اور آبادی کنٹرول کے قانون پر چرچہ کے لیے بلائی گئی تھی۔

انہوں نے کہا،‘1947 کے دوران ملک  کا بٹوارہ  ہوا۔ ہم نے دس لاکھ لوگوں کی لاشیں دیکھیں، آج تک ان لاشوں کا حساب نہیں ہوا اور ہم انہیں کرایے پر گھر اور دکانیں دے رہے ہیں۔ اب پتہ چلا ہے کہ پٹودی میں ان کے پارک بن رہے ہیں۔ پارک کے پتھر کو اکھاڑ پھینکو۔ کون سے نوجوان پتھر کو اکھاڑنے کے لیے تیار ہیں۔’

سورج پال کے بیان پر ہریانہ کے ایک بڑے رہنما نے ردعمل دیتے ہوئے کہا، ‘یہ ان کی نجی رائے ہے۔ پارٹی سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔’

بتا دیں کہ امو کو 2013 میں ہریانہ بی جے پی کا ترجمان بنایا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ 2014 سے 2019 تک میڈیا کنوینر رہے۔ 11 جون کو انہیں دوبارہ ہریانہ میں بی جے پی کا ترجمان مقرر کیا گیا۔

انہوں نے اتوار کو مہاپنچایت میں کہا، ‘مجھے اجنا کا سورج پال سنگھ یاد ہے، جس نے گاؤں میں مسجد کی تعمیر نہیں ہونے دی۔ ایک نوجوان نے مجھے بتایا کہ بھوڈاکلاں میں دوبارہ ایک مسجد کی تعمیر کی جا رہی ہے، انہوں نے پہلے روک دیا تھا لیکن اب دوبارہ کام  شروع کیا ہے۔ بنیاد پڑنے تک اسے ختم کرو۔’

سورج پال نے اداکار سیف علی خان اور ان کے اہل خانہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا، ‘کہتے ہیں کہ پٹودی میں لو جہاد ہے، تیمور کو جنم دینے والے بھی پٹودی ہیں۔ ٹھاکر صاحب یہاں بیٹھے ہیں، جب نواب پٹودی مرے، وہی تھے، جن کے سر پر پگڑی بندھی تھی۔ ہمیں پتہ ہے کہ عزت کیسے دی جاتی ہے، ہم تیمور کی ماں کی  بھی عزت کرنا چاہتے ہیں۔ شرمیلا ٹیگور کے وقت پر بھی لو جہاد ہوا تھا، پٹودی نے خود ہی اس کا بیج ڈالا تھا اور اب صرف تم ہی اسے کاٹوگی۔ ان کا استقبال کرنا بند کرو۔’

انہوں نے کہا، ‘اگر ملک کے اندر تاریخ بنانا چاہتے ہو، تاریخ بننا نہیں ہے، تاریخ بنانا ہے ، نہ تیمور پیدا ہوگا، نہ اورنگ زیب، بابر اور ہمایوں پیدا ہوگا۔ ہم سو کروڑ ہیں او وہ بیس کروڑ ہیں۔’بتا دیں کہ وہ اس سے پہلے بھی تنازعات  میں رہ چکے ہیں۔ 2017 میں انہوں نے فلم پدماوت کی ریلیز پر اداکارہ دیپکا پڈوکون اور فلمساز سنجے لیلا بھنسالی کا سر کاٹ کر لانے والے کو دس کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔