خبریں

پتنجلی ریسرچ فاؤنڈیشن ٹرسٹ کو چندے میں دی گئی رقم  پر ملے گی ٹیکس میں چھوٹ

سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ جو کمپنیاں 2021-22  سے  2026-27 کے دوران پتنجلی ریسرچ فاؤنڈیشن ٹرسٹ کو جو پیسہ چندے کے طور پر دیں گی وہ  اس پر ٹیکس  چھوٹ  کا دعویٰ کر سکتی ہیں۔

یوگ گرو اور کاروباری رام دیو۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

یوگ گرو اور کاروباری رام دیو۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: محکمہ انکم ٹیکس  نے پتنجلی ریسرچ فاؤنڈیشن ٹرسٹ کو تحقیقی ادارہ  مانتے ہوئے اس کو چندے کے طور پر دی جانے والی رقم  پر پانچ سال کے لیے ٹیکس چھوٹ  کا فائدہ  دینے کااعلان  کیا ہے۔

سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس(سی بی ڈی ٹی)نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ جو کمپنیاں2021-22 سے 2026-27 کے دوران پتنجلی ریسرچ فاؤنڈیشن ٹرسٹ کو جو پیسہ چندہ کے طور پر دیں گی، وہ اس پر ٹیکس  چھوٹ کا دعویٰ کر سکتی ہیں۔ سی بی ڈی ٹی نے انکم ٹیکس  ایکٹ کی دفعہ 35(1) (ii) کے تحت یہ منظوری دی  ہے۔

دنت منجن سے لےکر آٹا نوڈل جیسے پروڈکٹ بیچنے والا پتنجلی گروپ ملک  میں روزمرہ کے استعمال میں آنے والی اشیا بنانے والی کمپنیوں میں تیز رفتار اضافہ  حاصل کرنے والوں میں سے ایک ہے۔

سی بی ڈی ٹی نے نوٹیفکیشن میں کہا، مرکزی حکومت  انکم ٹیکس  قانون، 1961 کی دفعہ35 کے ذیلی دفعہ (1) کے شق (2) کے تحت سائنسی تحقیق  کے لیے میسرز پتنجلی ریسرچ فاؤنڈیشن ٹرسٹ، ہری دوار کو ‘ریسرچ ایسوسی ایشن’ کےخانے میں رکھے جانے کو منظوری دیتی ہے۔’یہ چھوٹ ایسسمنٹ ایئر2022-23 سے 2027-28 کے لیے لاگو ہوگی۔

انکم ٹیکس ضابطوں کے تحت ٹیکس دہندگان کوسائنسی تحقیق کے لیے‘منظور شدہ سائنسی ریسرچ ایسوسی ایشن’ کواداکی گئی رقم کو کل آمدنی میں سے کٹوتی کرنے کی اجازت ہے۔

اس سے پہلے 9 مارچ، 2021 کو دفعہ35(1)کے تحت اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا واقع  بینیٹ یونیورسٹی کو ‘یونیورسٹی، کالج یا دیگر انسٹی ٹیوشن’ کے خانے کے تحت سائنسی تحقیق اور سوشل سائنس میں ریسرچ اور شماریاتی تحقیق کے لیے یہ درجہ فراہم کیا گیا تھا۔

اس سے پہلے پچھلے ایک سال میں 28 جنوری، 2020 کو انسٹی ٹیوٹ آف پیسٹیسائڈ فارمولیشن ٹکنالوجی، گڑگاؤں اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (انڈین اسکول آف مائنس)، دھنباد کو 3 جنوری، 2020 کو اسی طرح کانوٹیفائڈ درجہ دیا گیا تھا۔

اس طرح کا اہتمام سائنسی تحقیق پر اخراجات کے لیے ٹیکس مراعات کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا تھا۔

یوگ گرو اور کاروباری رام دیو کی سربراہی  والے پنتجلی گروپ نے گزشتہ منگل کو کہا کہ اس کا کاروبار مالی سال2020-21 میں تقریباً30000 کروڑ روپے رہا۔ اس میں روچی سویا سے ہونے والا 16318 کروڑ روپے کا کاروبار شامل ہے۔

رام دیو نے کہا کہ پتنجلی گروپ کا ہدف  اپنی کمپنیوں کو اگلے تین چار سال میں قرض سے نجات دلانا ہے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)