خبریں

یوپی بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کے نئے اسٹیٹ سکریٹری ہسٹری شیٹر، قتل سمیت 16معاملے درج: پولیس

یوپی پولیس نے بتایا ہے کہ بھارتیہ جنتا یووا مورچہ کی اتر پردیش اکائی کے نئےاسٹیٹ سکریٹری  ارویند راج ترپاٹھی کے خلاف کچھ معاملوں میں یوپی غنڈہ ایکٹ اور گینگسٹرس ایکٹ کے تحت بھی الزام  ہیں۔ وہیں پارٹی کا کہنا ہے کہ ترپاٹھی کے خلاف صرف ایک ہی معاملہ زیر التوا ہے۔

ارویند راج ترپاٹھی (فوٹو بہ شکریہ فیس بک)

ارویند راج ترپاٹھی (فوٹو بہ شکریہ فیس بک)

نئی دہلی:  اتر پردیش کی کانپور پولیس نے منگل کو کہا کہ بی  جے پی  کی یوتھ ونگ  بھارتیہ جنتا یووا مورچہ (بی جے وائی ایم)کی اتر پردیش اکائی کے نومقرر اسٹیٹ سکریٹری  ارویند راج ترپاٹھی کے خلاف ضلع میں قتل سمیت 16مجرمانہ معاملے درج ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، پولیس کا کہنا ہے کہ بی جے وائی ایم کی اتر پردیش اکائی کے نومقرر سکریٹری  ارویند راج ترپاٹھی کے خلاف درج معاملوں پر جانکاری اکٹھا کر رہے ہیں۔

وہیں بی جے پی کا کہنا ہے کہ ترپاٹھی کے خلاف صرف ایک معاملہ ہی زیر التواہے۔

کانپور کے کاکادیو پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کنج بہاری مشرانے تصدیق  کی ہے کہ پولیس کے ریکارڈ کے مطابق ہسٹری شیٹر ترپاٹھی کے خلاف 2013 میں ہسٹری شیٹ کھولی گئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ترپاٹھی کے خلاف ضلع کے مختلف  پولیس تھانوں میں معاملے درج ہیں۔ ایس ایچ او کے مطابق، ‘کچھ معاملوں میں ان پر یوپی غنڈہ ایکٹ اور گینگسٹرس ایکٹ کے تحت بھی الزام  لگائے گئے ہیں۔’

مشرا نے کہا کہ پولیس مختلف عدالتوں سے ان کے خلاف درج معاملوں کی موجودہ صورتحال کی جانکاری اکٹھا کر رہی ہے۔

بتا دیں کہ ترپاٹھی پر حال ہی میں پولیس اہلکار سے بدسلوکی کرنے اور سرکاری کام میں رکاوٹ  ڈالنے کا کیس بھی درج ہوا ہے۔

حالانکہ بی جے پی  کی ریاستی  اکائی کے ترجمان راکیش ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ ارویند راج ترپاٹھی کے خلاف درج معاملے اس وقت کے ہیں، جب وہ طلبہ سیاست میں تھے۔

انہوں نے کہا، ‘موجودہ وقت میں ان کے خلاف صرف ایک ہی معاملہ زیرالتوا ہے۔ دیگر معاملوں میں انہیں بری کر دیا گیا ہے۔’