خبریں

جھارکھنڈ: بی جے پی ایم ایل اے سمیت 13 لوگوں پر رنگداری وصول کرنے کا معاملہ درج

باگھمارہ اسمبلی حلقہ  سے بی جے پی ایم ایل اے ڈھلو مہتو پر الزام ہے کہ وہ  اپنے حامیوں کے ساتھ مبینہ طور پر کوئلہ سیکٹر میں ریلوے لائن بچھانے کے کام میں رنگداری کی مانگ کر رہے تھے۔مہتو پر ان کی ہی پارٹی کی ایک خاتون رہنما کا جنسی استحصال کرنے سمیت درجن بھر سے زیادہ  مجرمانہ معاملے درج ہیں۔

باگھمارہ اسمبلی حلقہ  سے بی جے پی ایم ایل اے ڈھلو مہتو۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@dhullu_mahto)

باگھمارہ اسمبلی حلقہ  سے بی جے پی ایم ایل اے ڈھلو مہتو۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@dhullu_mahto)

نئی دہلی: جھارکھنڈ کے باگھمارہ اسمبلی حلقہ سے بی جے پی ایم ایل اے ڈھلو مہتو سمیت 13 لوگوں پر پولیس نے ایک نجی کمپنی کی شکایت پر بھارت کو کنگ کول لمٹیڈ(بی سی سی ایل)کے کوئلہ سیکٹر میں ریلوے لائن بچھانے کے کام میں رنگداری مانگنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ دھنباد کے بروڑہ پولیس تھانہ حلقہ  میں بی سی سی ایل کے کوئلہ سیکٹر میں سونارڈیہہ سے شتابدی ریل لائن بچھانے کے کام کے لیے رنگداری مانگنے کے الزام میں بی جے پی ایم ایل اے ڈھلو مہتو سمیت کل 13 لوگوں پر پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بی جے پی ایم ایل اے سمیت سبھی 13 کے خلاف ریل لائن بچھانے کے کام میں لگی ماڈرن انٹرپرائزیز کمپنی کے مینجر ریاض قریشی کی تحریری  شکایت پر یہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ سب پر آئی پی سی  کی دفعات341،387، 504 ایوں 506 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

نیوز 18 کے مطابق، معاملے میں باگھمارہ  اسمبلی حلقہ  کےایم ایل اے ڈھلو مہتو سمیت تین لوگوں کو ملزم بنایا گیا ہے جبکہ 10نامعلوم  ہیں۔

ڈھلو مہتو ابھی پچھلے ماہ اپنے حامیوں کے ساتھ ریل لائن کے کنسٹرکشن سائٹ پر کام رکوانے کے لیے دھرنے پر بیٹھ گئے تھے۔

کمپنی کی تحریری  شکایت کے مطابق، بی جے پی ایم ایل اے اپنے حامیوں کے ساتھ مبینہ طور پر کوئلے کےنقل  وحمل  کے لیے بی سی سی ایل کی سونارڈیہہ سے شتابدی کوئلہ پروجیکٹ کے بیچ ریلوے ٹریک بچھانے کے لیے رنگداری کی مانگ کر رہے تھے۔

کمپنی نے کچھ دن پہلےایم ایل اے کے خلاف ڈپٹی کمشنر (ڈی سی)اورسینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(ایس ایس پی) کے پاس تحریری  شکایت درج کرائی تھی۔

بروڑہ تھانے کے انچارج نیرج کمار نے بتایا کہ معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

دھنباد ضلع کے باگھمارہ سے تین بار بی جے پی کےایم ایل اے رہے ڈھلو مہتو پر اپنی ہی پارٹی کی ایک خاتون رہنما کامبینہ جنسی استحصال کرنے سمیت درجن بھر سے زیادہ مجرمانہ  معاملے درج ہیں۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)