فکر و نظر

گوانٹنامو بے کی کہانی، ایک کشمیری صحافی کی زبانی

افغانستان میں امریکی انخلا کےبعد یہ امید بندھ گئی ہے کہ امریکی صدر بائیڈن گوانٹنامو بے کا تلخ باب بند کردیں گے اور 9/11کی ٹرائل بھی مکمل کرنے کے احکامات صادر کریں گے۔

فوٹو: وکی میڈیا کامنس

فوٹو: وکی میڈیا کامنس

عراقی جیل ابو غریب ہو یا کشمیر میں کارگو، گوگو لینڈ، ریڈ 16 یا دہلی کی تہاڑ جیل کی قصوری سیل۔ ان کا نام ہی خوف و دہشت میں مبتلا کردیتا ہے۔ مگر دنیا کی سب سے پرانی جمہوریت، لبرل ازم اور انسانی حقوق کےدعویدار امریکہ نے گوانٹنامو بے قائم کرکے تعدیب کے سبھی ریکارڈ توڑ ڈالے۔

حال ہی میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاءاور پھر ایک امریکی عدالت کی طرف سے گوانٹنامو میں قید ایک افغان شہری اسداللہ خان گل کو 14سال بعد بے قصور ٹھہرانے سے یہ تعدیب خانہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

دہلی میں میرے قیام کے دوران ایک رفیق سید نزاکت ایشیا کے وہ واحد صحافی ہیں، جن کو 2014میں گوانٹنامو جانے اور رپورٹ کرنے کی اجازت مل گئی تھی۔وہ اس وقت ہندوستان کے مؤقر جریدہ دی ویک کے نمائندے تھے ۔

مجھے یاد ہے کہ اس کے بعد صرف ایک بار جاپان کے ایک ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے کیمرہ مین کو اس جزیرہ پر جانے کی اجازت مل گئی تھی۔ واپسی پر نزاکت نے بتایا کی اس بدترین جیل میں بہت سے افراد بس ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہے ہیں۔ یہ افراد غلط وقت پر غلط جگہ پر موجود تھے، جب ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

صحافت کو خیر باد کرنے کے بعد سرینگر سے تعلق رکھنے والے نزاکت اب ایک ڈیٹا کمپنی کے سی ای او ہیں، جو صحت و دیگر امور ہر اعداد و شمار اکٹھا کرکے عالمی اداروں بشمول گوگل کو مہیا کرتی ہے۔

ایک 12سالہ افغانی بچے اسماعیل آغا کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس کو 2002میں ایک مقامی وار لارڈ نےگرفتار کرکےپانچ ہزار ڈالر کے عوض امریکیوں کے سپرد کر دیا تھا۔ گوانٹنامو بے میں موجود دستاویزات کے مطالعہ سے نزاکت کو معلوم ہوا کہ آغا کی گرفتاری کے فوراً بعد ہی امریکیوں کو معلوم ہو گیا تھا کہ یہ بچہ بے قصور ہے، مگر پھر بھی اس کو ہزاروں میل دور گوانٹنامو بے منتقل کرکے 14ماہ تک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

یہ جیل خانہ امریکی شہر میامی سے840  کلومیٹر دور کیوبا میں خلیج گوانٹنامو کے ایک جزیرہ میں سمندر کے قریب ہی واقع ہے۔ ان جزائر پر امریکی بحریہ کا مستقر بھی ہے۔ پچھلے بیس سالوں میں اس جیل میں آٹھ سو کے قریب قیدیوں کو مختلف اوقات میں رکھا گیا۔

فی الوقت اس جیل میں 39قیدی موجود ہیں۔ جن میں 9/11کے کلیدی ملزم خالد شیخ محمد بھی شامل ہیں۔ پاکستان میں ان کا نام ڈینیل پرل کےقتل کے کیس میں بھی لیا جاتا ہے۔ لیکن امریکہ 9/11کیس میں نہ ہی ڈینیل قتل پرل کیس میں اس کی ٹرائل ابھی تک شروع کر رہا ہے۔

بتادیں کہ39قیدیوں میں امریکی ایجنسیوں نے دس کو رہا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ان میں 74سالہ پاکستا نی سیف اللہ پراچہ بھی شامل ہے، جواس قید خانے کا معمر ترین قیدی ہے۔ دس قیدیوں کے کیس ملٹری کمیشن میں زیر سماعت  ہیں، جن میں ایک کی سماعت ختم ہونے والی ہے اور اگلے سال فروری میں اس کی رہائی کی امید ہے۔ موجودہ امریکی صدر جوائے بائیڈن کےعہد میں فی الحال ایک قیدی مراکش کے عبدالطیف ناصر کو رہا کردیا گیا ہے۔

نزاکت کے بقول یہ چار جیلوں پر مشتمل گوانٹاناموبے کا قید خانہ 120مربع کیلومیٹر پر محیط ہے۔ ان میں کیمپ اگوانا، کیمپ پانچ، چھ اور سات اور پندرہ ہے۔ کیمپ پندرہ ، انتہائی نگہداشت والا قید خانہ ہے۔ ان جیلوں کی حفاظت کی ذمہ داری امریکہ کی خصوصی جوائنٹ ٹاسک فورس یعنی JIT-GTMOکے سر ہے۔

دستاویزات کےمطالعہ سےپتہ چلتا ہے کہ گوانٹنامومیں کم از کم سترہ قیدی ایسے تھے، جن کی عمریں 18سال سے کم تھیں۔ نزاکت ، جو گلوبل تفتیشی جرنلسٹ پروجیکٹ کے ایک ممبر بھی ہیں کا کہنا ہے کہ کم عمر قیدیوں کی تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے، کیونکہ کئی قیدیوں کے کالم سے عمر کا خانہ ہی غائب تھا۔

ان بچوں میں  مقید سولہ سالہ یاسر نے خودکشی کی تھی۔ اس جیل کے کیمپ ڈیلٹا میں موجود اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے نزاکت کو بتایا کہ بیشتر قیدی ذہنی امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

ایک قیدی عبیداللہ کو جب گرفتار کیا گیا تھا، تب وہ انیس سال کا تھا۔ اس نے گوانٹنامو میں بارہ سال گزارے تھے۔ آدھی رات کے قریب افغانستان کے ایک دیہی علاقے میں اس کے گھر پر امریکی افواج نے دھاوا بول دیا۔ کیونکہ پاس کے کھیت میں ان کو ایک بارودی سرنگ مل گئی تھی۔ اس کے گھر کے احاطہ میں ایک وین پارک کی ہوئی تھی، جس کی پچھلی سیٹ پر خون کے نشانات تھے۔

امریکی کمانڈر نے نتیجہ اخذ کیا کہ اس وین میں القاعدہ کے زخمی افراد سوار تھے۔ عبداللہ کو ان کی اعانت کے الزام میں گرفتار کرکے گوانٹنامو بے پہنچایا گیا۔ کئی برسوں کے بعد جب عبیداللہ کے وکیل میجر ڈیرک پوٹیٹ جو امریکی میرین کمانڈو رہ چکے تھے، حقائق جاننے کےلئے افغانستان کا دورہ کرکے اس گاؤں میں پہنچے تو معلوم ہوا کہ وین کی پچھلی سیٹ پر عبیداللہ کی اہلیہ کا خون جما ہوا تھا۔ اس کی بیوی حاملہ تھی ۔عبیداللہ اور اس کے اہل خانہ نے اس کواسپتال لےجانے کےلیے کسی دوست سے وین لےکر اس کو پچھلی سیٹ پر سوار کیا تھا۔ مگر راستے میں ہی اس نے ایک بچی کو جنم دےدیا۔

پوٹیٹ کے مطابق افغانستان کے اس علاقے میں لوگ عورتوں کی صحت و حالات کے بارے میں گفتگو کرنے سے اجتناب کرتےہیں۔ عبیداللہ کی بچی اس کی گرفتاری سے بس دو دن قبل پیدا ہو گئی تھی اور اگلے بارہ سال تک اپنے والد کےلئے ترستی رہی۔

نزاکت کے مطابق امریکی افسران نے اپنے انٹرویو میں قبول کیا کہ بہت سے قیدی بس غلط وقت پر غلط جگہ پر ہونے کی وجہ سے اس قید خانہ کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ جبکہ ان کا دہشت گردی کے ساتھ دور دور کا واسطہ نہیں ہے۔ ان میں سے اکثر قیدیوں کو افغان وار لارڈ یا پاکستانی افسران نے ڈالروں کے عوض امریکیوں کے حوالے کیا تھا۔

جنگ کی آندھی اور طوفان میں کسی کے پاس وقت نہ ہوش تھا کہ معصوم افراد اور دہشت گروں میں فرق کرسکے۔

پچاس افراد کے خلاف تیار کردہ کیس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ گرفتارئ کےوقت انہوں نے CASIO-91Wگھڑی کلائی پر باندھی ہوئی تھی۔

سی آئی اے کےافسران نے فوجیوں کو بتایا تھا کہ یہ گھڑی اسامہ بن لادن اور اس کے عسکری ٹائم بم میں استعمال کرتے ہیں۔ اس جیل میں چینی ترکستان کے 22اوگور نسل کے قیدی بھی تھے، جنہوں نے سینکیانگ سے ہجرت کرکے پاکستانی سرحد عبور کی تھی، جہاں ان کو غیر قانونی طور پر سرحد پار کرنے کی پاداش میں حراست میں لیاگیا۔ مگر بجائے کیس درج کرنے کے پاکستانی افسر نے ان کو مبینہ طور پر ڈالروں کےعوض امریکیوں کے سپرد کردیا۔ ان میں سے 19افراد کو اب مختلف ممالک نے پناہ دی ہے۔

گوانٹنامو بے کو امریکی صدر جارج بش نے قید خانے کے طور پر منتخب کیا تھا، کیونکہ امریکی حدود سے باہر ہونے کی وجہ سے یہ امریکی عدالتوں کی دسترس سےدور ہے۔ لہذا قیدیوں کی فوری ٹرائل کرنے کی ضروت نہیں تھی۔ نزاکت کے مطابق اس قید خانے تک پہنچے کےلئے کئی سیکورٹی رکاوٹوں کو عبور کرنا پڑتا ہے۔

ان جزائر تک پہنچے کےلیے پہلے فلوریڈا کے فورٹ لاوڈیرڈیل میں پیش ہونا پڑتا ہے، جہاں جانچ پڑتال کے بعد ہوائی جہاز کے ذریعے گوانٹنامو خلیج کے ایک جزیرے لیوارڈ میلے پر موجود ملٹری ایرپورٹ تک لے جایا جاتا ہے۔ سیکورٹی کی دوبارہ پڑتال کے بعد ایک کشتی میں بحریہ کے مستقر  جو ایک دوسرے جزیرے وینڈوارڈ بار پر واقع ہے لے جایا جاتا ہے۔ یہاں بھی کئی سیکورٹی رکاوٹوں کو عبور کرنے کے بعد ہی قید خانہ تک رسائی ہو جاتی ہے۔

دراصل 1898میں اسپین کے ساتھ جنگ کے بعد امریکہ نے ان جزائر کا کنٹرول سنبھالا۔ 1903خلیج کے جنوب مشرقی حصے کو کیوبا نے امریکہ کو لیز پر دے دیا۔ بعد میں 1934 کو امریکہ نے ان جزائر پر پوری طرح قبضہ جما لیا۔ نزاکت کے مطابق ان جزائر کا محل وقوع ایسا ہے کہ یہاں سے فرار کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ایک طرف گہرا سمندر اور دوسری طرف کیوبا کی سرحد کی طرف بلند و بالا پہاڑوں کےساتھ ساتھ یہ علاقہ بارودی سرنگوں سے بھرا پڑا ہے۔

نزاکت کا کہنا ہے کہ کئی قیدیوں کو پتہ ہی نہیں ہے کہ وہ ساحل سمندر کے پاس ہیں۔ کیونکہ جب ان کو قید خانہ میں لایا جاتا ہے تو سیل تک ان کی انکھوں پر پٹی بندھی ہوئی ہوتی ہے۔ ان کو صرف صحت کی جانچ یا وکیل کی آمد کے موقع پر ہی سیل سے باہر نکالا جاتا ہے۔ نکلتے وقت اور واپسی پر نہایت ہی سخت ترین تلاشی لی جاتی ہے۔

کیمپ چھ میں نزاکت نے تین ایسے قیدیوں کو دیکھا، جن میں دو تو خاموش تھے اور وہ برآمدے سے گزرنے والے افراد سے لاتعلق تھے، مگر ایک باریش معمر قیدی بلند آواز میں کچھ پڑھ رہا تھا اور سیل کے چکر لگا کر برآمدے سے گزرنے والوں کی توجہ چاہتا تھا۔

اس جیل میں ایک قیدی نے الروبیش کے قلمی نام سے ایک نظم لکھ کر باہر بھیج دی تھی۔ چند سال قبل ہندوستان کے انتہائی جنوبی صوبہ کیرالا کی کالی کٹ یونیورسٹی نے اس کو انگریزی ادب کے نصاب میں شامل کر دیا تھا۔ بعد میں ہنگامہ کے بعد اس کو حذف کردیا گیا۔

افغانستان میں امریکی انخلا کےبعد یہ امید بندھ گئی ہے کہ امریکی صدر بائیڈن گوانٹنامو بے کا تلخ باب بند کردیں گے اور 9/11کی ٹرائل بھی مکمل کرنے کے احکامات صادر کریں گے۔ صدر اوبامہ نے بھی اس جیل کو بند کرنے کے وعدے کیے تھے ، مگر دیگر وعدوں کی طرح یہ یہ وعدہ بھی ایفا نہیں کر سکے۔ 2014میں اسی جیل سے طالبان کے پانچ رہنماؤں کو قطر لے جایا گیاتھا، تاکہ مذاکرات کی راہ ہموار کی جاسکے۔

ان میں سے چار اس وقت افغانستان میں طالبان حکومت میں کلیدی عہدوں پر فائز ہیں۔ سچ ہےکہ اللہ جسے چاہےعزت سے نوازے، جسے چاہے ذلت دے اور آزمائشوں سے گزارے۔اب ان طالبان رہنماؤں پر بھی لازم ہے کہ اللہ کی نعمت کا صحیح استعمال کرکے ایک فلاحی حکومت قائم کرکے، افغانستان کو امن و ترقی و خوشحالی کا گہوراہ بنا کر مثال قائم کریں۔ ورنہ لاٹھی بھی دوبارہ اٹھ سکتی ہے۔