خبریں

گجرات: امت شاہ کے لوک سبھاحلقہ میں بی جے پی ’آرٹیکل 370‘ کے نام پر اسپورٹس ٹورنامنٹ کرائے گی

گجرات میں امت شاہ کی  نمائندگی والے لوک سبھاحلقہ گاندھی نگر میں بی جے پی‘گاندھی نگر لوک سبھا پریمیئر لیگ370’یا‘جی ایل پی ایل 370’کے نام سے کرکٹ اور کبڈی ٹورنامنٹ کرانے جا رہی  ہے۔ اس کا مقصد زیادہ سےزیادہ نوجوانوں کو پارٹی کی طرف  متوجہ کرنا ہے۔

امت شاہ (فوٹو:  پی ٹی آئی)

امت شاہ (فوٹو:  پی ٹی آئی)

نئی دہلی: وزیر داخلہ امت شاہ کی نمائندگی والے لوک سبھاحلقہ گجرات کے گاندھی نگر میں بی جے پی ‘گاندھی نگر لوک سبھا پریمیئر لیگ 370’یا ‘جی ایل پی ایل 370’کے نام سے کرکٹ اور کبڈی ٹورنامنٹ کرانے جا رہی ہے۔

اس کا مقصد زیادہ  سےزیادہ نوجوانوں کو پارٹی کی طرف متوجہ کرنا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، احمدآباد شہر کے بی جے پی کے جنرل سکریٹری جیتوبھائی پٹیل نے بتایا کہ اس لیگ کا نام آرٹیکل 370 کے نام پر رکھا گیا ہے، جس کو سال 2019 میں امت شاہ کی قیادت میں رد کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر کے وسط میں یہ ٹورنامنٹ شروع کرنے کامنصوبہ ہے۔

گاندھی نگر لوک سبھاحلقہ کے بی جے پی انچارج ہرشد پٹیل نے بتایا،‘یہ ان (نوجوان)رائے دہندگان کو، جن کے نام ووٹر لسٹ میں ہیں، بی جے پی حمایتی  بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔اس کے لیے کرکٹ اور کبڈی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ہر وارڈ میں کم از کم دو ٹیمیں(کرکٹ اور کبڈی کے لیے ایک ایک)رکھنے کا ہدف ہے۔’

ہرشد پٹیل نے کہا کہ وزیر داخلہ  امت شاہ نے سب سے پہلے اس پر پارٹی میں لگ بھگ 8-10 لوگوں کے ساتھ چرچہ کی تھی۔ اس کے بعد 200-250 پارٹی کارکنوں کی ایک بیٹھک بلائی گئی اور ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

مثال کے طور پرگجرات کے وزیر مملکت جگدیش وشو کرما، جنہوں نے پانچ سال پہلے احمدآباد میں کرکٹ کے لیے کرناوتی پریمیئر لیگ(کےپی ایل)کرایا تھا، کو ٹورنامنٹ کامنصوبہ بنانے کے لیے کہا گیا ہے۔ اتفاق  سے، امت شاہ نے ہی سال 2016 میں کے پی ایل کا افتتاح  کیا تھا۔

بی جے پی کی ریاستی  اکائی کے جنرل سکریٹری پردیپ سنگھ واگھیلا نے کہا، ‘لوک سبھاحلقہ کی ایک پوری ٹیم اس میں شامل ہے۔پورے انتخابی حلقہ کے لیے ایک کبڈی ٹورنامنٹ اور اس کے سات اسمبلی حلقوں میں سے ہر ایک  کے لیے سات کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا منصوبہ ہے۔ ٹیموں کا رجسٹریشن پہلے سے ہی چل رہا ہے۔’

سات اسمبلی حلقے ویجل پور، گھاٹلوڈیا، ناران پورہ، سابرمتی، کلول، گاندھی نگر (شمالی) اور سانند ہیں۔

لوک سبھاحلقہ میں احمدآباد اور گاندھی نگر میں لگ بھگ 1800بوتھ ہیں۔بی جے پی کے مقامی عہدیداروں کوٹیموں،مقامات اور کمینٹیٹرس کی پہچان کرنے سے لےکرضابطہ  بنانے تک کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

یہ لیگ موجودہ وقت  میں صرف مردوں کے لیے ہے اور کرکٹ میچ ٹینس گیند سے ہوگا۔ اس کا پرچار کرنے کے لیے وہاٹس ایپ گروپ بنائے گئے ہیں۔

امت شاہ سال 2007 سے گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن(جی سی اے)سے جڑے ہوئے تھے اور انہوں نے ریاستی اکائی میں کانگریس رہنماؤں کے 16 سال کے اقتدار کو ختم کرنے میں اہم رول نبھایا تھا۔ جب گجرات کےاس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی صدر تھے، تب شاہ جی سی اے کے نائب صدر بھی تھے۔ شاہ کے بیٹے جئے شاہ اس وقت  بی بی سی آئی کے سکریٹری ہیں۔

جیتوبھائی پٹیل نے کہا، کھیل مہاکمبھ کےذریعے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی  کےنریندربھائی(مودی)کے تصورکی طرز پر امت بھائی(شاہ)نے یہ(کرکٹ اور کبڈی ٹورنامنٹ)منعقد کیا ہے۔ یہ ان کی  رہنمائی  اور حوصلہ افزائی سے کیا جا رہا ہے۔