خبریں

بہار: پنچایت انتخاب میں ووٹ نہ دینے کا الزام  لگا کر دلتوں کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

یہ بہار کے اورنگ آباد ضلع کے انبہ تھانہ حلقے کا معاملہ ہے۔ ملزم بلونت سنگھ نے ڈمری پنچایت کے مکھیا  کےعہدے کےلیے الیکشن لڑا تھا لیکن اس  شکست ملی تھی۔سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ایک ویڈیو میں ملزم مبینہ طور پر کچھ لوگوں کو زمین پر تھوکنے اور اس کوچاٹنےپر مجبور کرتے ہوئے، جوتوں سے پیٹتے ہوئے اور ان کی ذات کونشانہ بناکر گالیاں دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

 (علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر، فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: بہار میں ہوئے پنچایت انتخاب میں ہارنے والے ایک امیدوار کو گاؤں کے کچھ دلتوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا ہے۔ملزم اپنی ہار  کے لیےدلتوں کو ذمہ دارمان  رہا تھا۔ پولیس نے سوموار کو یہ جانکاری دی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ جنوبی بہار کے اورنگ آباد ضلع کے انبہ  تھانے کا ہے جہاں ڈمری پنچایت میں ‘مکھیا’کے عہدے کے لیے لڑنے والے بلونت سنگھ کو شکست ہوئی تھی۔

اورنگ آباد سب ڈویژن کے انچارج اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس(اے ایس پی)شیو کمار راؤ نے بتایا، یہ معاملہ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سامنے آیا، جس میں ملزم کو مبینہ طور پر کچھ لوگوں کو زمین پر تھوکنے کے بعد اس کوچاٹنے پر مجبور کرنے ،ان کی ذات کو نشانہ بناکر انہیں جوتے مارے اور گالیاں دیتے ہوئےدیکھا جاسکتا  ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویڈیو کی صداقت کی جانچ کی جا رہی ہے، جس میں ملزم شکایت کرتا ہوانظر آرہا ہے کہ، تم سب نے میری طرف سے تحفے میں دی گئی شراب پی، لیکن اس کے باوجود مجھے ووٹ نہیں دیا۔

قابل ذکر ہے کہ بہار میں شراب پرمکمل پابندی ہے۔

تاہم سنگھ نے پولیس کو بتایا کہ وہ ان لوگوں کو سزا دے رہے تھے جو شراب کےنشہ میں  ہنگامہ کر رہے تھے۔ انہوں نے (متاثرین)نے نشہ اترنے کے بعد میرے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔

پولیس نے بتایا کہ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور جانچ جاری ہے۔

لائیو ہندوستان کے مطابق،ویڈیو میں نظر آنے والے نوجوانوں کی شناخت انل کمار بھوئیاں  اور منجیت بھوئیاں  کے طور پر ہوئی ہے، جن میں سے منجیت کے بیان کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی گئی ہے۔

مکھیا امیدوار کا کہنا ہے کہ نوجوان شراب پی کر ہنگامہ کر رہے تھے۔ دوسری طرف گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دن سے ہی یہ ویڈیو وائرل ہو رہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق،انتخابات کے نتائج کا اعلان 10 دسمبر کو کیا گیا۔ انبہ تھانے کے انچارج نریندر کمار نے بتایا کہ بلونت سنگھ کو وائرل ویڈیو کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا ہے۔

نریندر نے کہا، ویڈیو میں ڈومری پنچایت کے مکھیا کے عہدے کےلیےانتخاب لڑنے والے بلونت سنگھ کچھ لوگوں کو مارتے ہوئے اور تھوکنے پر مجبور کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ پولیس نے ویڈیو کی تصدیق کرتے ہوئے واقعہ کوصحیح پایا ہے۔

پولیس کے مطابق بلونت نے کھرانتی ٹولہ بھوئیاں بیگھہ کے ووٹروں کو اپنے حق میں ووٹ نہ دینے پر ہراساں کیا۔

اورنگ آباد ضلع کے تعلقات عامہ کے افسر کرشن کمار نے کہا کہ محکمہ سماجی بہبود نے متاثرین میں سے ایک انل بھوئیاں کو ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت 2 لاکھ روپے اور جزوی طور پر 50000 روپے کا معاوضہ ادا کیا ہے۔ بقایہ رقم ایف آئی آر کے درج ہونے کے بعد ادا کی جائے گی۔ دوسرے متاثرہ  کے خلاف الزامات کی جانچ  کی جا رہی ہے۔