فکر و نظر

ابائیڈ ود می: بیکسوں کے رہنما، تم میرے پاس رہو …

مہاتما گاندھی کے پسندیدہ بھجن ‘ابائیڈ ود می’ کو رواں  سال بیٹنگ دی ری ٹریٹ کی تقریب سے ہٹادیا گیا ہے۔اس تقریب میں بجائی جانے والی 26 دھنوں کی فہرست میں ‘ابائیڈ ود می’ کا ذکر نہیں ہے۔معروف داستان گو محمود فاروقی نےاسے انگریزی سے  اُردو کے قالب میں ڈھالا ہے۔

بیٹنگ دی ری ٹریٹ کی تقریب۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

بیٹنگ دی ری ٹریٹ کی تقریب۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: مہاتما گاندھی کے پسندیدہ بھجن ‘ابائیڈ ود می’ کو رواں  سال بیٹنگ دی ری ٹریٹ کی تقریب سے ہٹادیا گیا ہے۔اس دھن کو29 جنوری کو بیٹنگ دی ری ٹریٹ تقریب کے اختتام پر گاندھی کی برسی کے موقع پر ملٹری  بینڈ کے ذریعے بجایا جاتا ہے۔

یہ دھن  1950 سے بیٹنگ دی ری ٹریٹ کا حصہ رہاہے۔اسے 2020 میں بھی ہٹادیا گیا تھا، حالانکہ اس وقت  ایک بڑے تنازعہ کے بعد 2021 میں دوبارہ شامل کرلیا گیا تھا۔

اس سال بیٹنگ دی ری ٹریٹ کی تقریب میں بجائی جانے والی 26 دھنوں کی فہرست میں ‘ابائیڈ ود می’ کا ذکر نہیں ہے۔ابائیڈ ود می کو 19ویں صدی میں اسکاٹ لینڈکے اینگلیکن ہنری فرانسس لائٹ نے لکھا تھا اور ولیم ہنری مونک نے اس کی موسیقی ترتیب دی تھی۔

اس کااُردو  ترجمہ ملاحظہ کریں:

تم میرے پاس رہو

تم میرے ساتھ رہو

شب جب اترتی ہے

دھند سی لپٹتی ہے

تم میرے پاس رہو

یا خدا ساتھ رہو

جب نہ ساتھ دے کوئی

راحتیں نہ سنگ ہو

بیکسوں کے رہنما

تم میرے پاس رہو

چند روزہ زندگی

شروع ہوئی ختم ہوئی

آسائشیں یہاں کی اب

فنا ہوئی فنا ہوئی

ولولے بھی رہ گئے

طرب رہا نہ جشن کوئی

ہر کمال کو زوال بس یہی ہے ہر طرف

اس بدلتے جگ میں بس

تمہیں تو ہو جو ساتھ ہو

اٹل ہو تم ، اچل ہو تم

نہ ساتھ میرا چھوڑنا

تم میرے پاس رہو

تم میرے ساتھ رہو

ایک نگاہِ ناز دو

مگر رہے وہ دیر پا

مریدوں پر جو پیار ہے

وہی مجھے بھی ہو عطا

ہمدم، ندیم اور رفیق

دیتا رہے جو حوصلہ

آتے ہو تو آؤ یوں کہ پھر

کبھی نہ جاؤ تم

سدا رہو سنگ میرے، آرزو یہی ہے اب

تم میرے پاس رہو

تم میرے ساتھ رہو

خطر کہاں کسی کا اب ساتھ جب ہو تم میرے

نہ درد ہے نہ رنج ہے، نہ آنسوؤں میں ٹیس ہے

نہ موت ہی سے ڈر رہا، لحد کا اب نہ غم رہا

بقا میری فتح میری، اسی میں کامیاب ہوں،

تم میرے پاس رہو،

تم میرے ساتھ رہو

(معروف داستان گو محمود فاروقی نے اس کو اُردو کے قالب میں ڈھالا ہے)