الیکشن نامہ

یوپی: بی جے پی نے اپنے انتخابی منشور میں رامائن یونیورسٹی کے قیام اور ’لو جہاد‘ کے قصورواروں کو 10سال قید کی بات کہی

وزیر داخلہ امت شاہ  نے اس موقع پر کہا کہ بی جے پی نے اپنے 2017 کے سنکلپ پتر میں وعدہ کیا تھا کہ ہم ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر بنائیں گے،خوشی کی بات ہے کہ یہ کام شروع ہوگیا ہے ۔

منگل کو وزیر داخلہ امت شاہ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ میں اسمبلی انتخاب سے قبل لوک کلیان سنکلپ پتر جاری کیا۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

منگل کو وزیر داخلہ امت شاہ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لکھنؤ میں اسمبلی انتخاب سے قبل لوک کلیان سنکلپ پتر جاری کیا۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: حکمراں بی جے پی نے منگل کو اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے لیے اپنا منشور جاری کیا۔ اس میں ایودھیا میں رامائن یونیورسٹی کے قیام اور بزرگ سنتوں اور پجاریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک خصوصی بورڈ بنانے کا بھی وعدہ کیا گیاہے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے ‘لوک کلیان سنکلپ پتر’ کے نام سے بی جے پی کا منشور جاری کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور دنیش شرما، ریاستی بی جے پی صدر سوتنتر دیو سنگھ اور سنکلپ پتر کمیٹی کے صدر اور ریاستی حکومت کے وزیر سریش کمار کھنہ موجود تھے۔

بی جے پی نے اپنے منشور میں مبینہ طور پر ‘لو جہاد’ کے قصورواروں کو کم از کم 10 سال کی قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کا اہتمام کرنے ، ایودھیا میں بھگوان رام سے متعلق ثقافتی اور مذہبی حقائق پر تحقیق کرنے کے لیے رامائن یونیورسٹی کے قیام ، بزرگ سنتوں اور پجاریوں کے لیے فلاحی اسکیمیں چلانے کے لیے ایک خصوصی بورڈ بنانے کا وعدہ کیا ہے ۔

اس کے علاوہ آئندہ 5 سالوں  تک کسانوں کو آبپاشی کے لیے مفت بجلی فراہم کرنے، گنے کےکسانوں کو 14 دن کے اندر ادائیگی کرنے اور دیر سے ادائیگی پر ملوں سے سود وصول کرکے کسانوں کو سود سمیت ادائیگی کرانے، 5000 کروڑ روپے کی لاگت سے چینی  ملوں کی جدید کاری مشن کے تحت شوگر ملوں کی جدید کاری کرنے،ریاست میں چھ میگا فوڈ پارک اور چھ انڈسٹریل پارک کی تعمیر کرنے اور  نشاد راج بورڈ سبسڈی اسکیم شروع کرکے ماہی گیروں کو ایک لاکھ روپے تک کی ناؤ 40 فیصد سبسڈی پر فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ہونہار طالبات کو رانی لکشمی بائی یوجنا کے تحت مفت اسکوٹی دینے، مکھیہ منتری کنیا سمنگلا یوجنا کے تحت دی جانے والی امداد کو 15000 روپے سے بڑھا کر 25000 روپے کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی پردھان منتری اجولا یوجنا پانے والے لوگوں  کو ہولی اور دیوالی پر دو مفت ایل پی جی سلنڈر دینے، 60 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے، بیوہ  اور بے سہارا خواتین کی پنشن  بڑھاکر ڈیڑھ ہزار روپے ماہانہ کرنے کی بات بھی کہی  گئی ہے۔

منشور میں، سوامی وویکانند یووا سشکتی کرن یوجنا کے تحت دو کروڑ ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فون تقسیم کرنے، اگلے پانچ سالوں میں ہر خاندان کو کم از کم ایک روزگار یا اپنا روزگارپیدا کرنےکا موقع فراہم کرنے، سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں کو جلد سے جلد پُر کرنے کا۔آتم نربھر یووا اسٹارٹ اپ مشن بنا کر روزگار اوراپنا روزگار پیدا کرنے کے لیے  10 لاکھ مواقع فراہم کرنے اور ریاست میں 6000 ڈاکٹروں اور 10000 پیرا میڈیکل اسٹاف کی جلد تقرری کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔

بی جے پی نے اپنے منشور میں ریاست کے تمام پرائمری اسکولوں کو اسمارٹ اسکولوں کے طور پر ترقی دینے، ہر ڈویژن میں کم از کم ایک یونیورسٹی قائم کرنے اور تمام بڑی شخصیات اور مجاہدین آزادی کی زندگی کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا وعدہ بھی کیاہے۔

اس کے علاوہ منشور میں نوئیڈا میں 10 ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے ایک عظیم الشان فلم سٹی بنانے اور لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر کی یاد میں ‘لتا منگیشکر پرفارمنگ آرٹس اکیڈمی’ قائم کرنے کا وعدہ بھی شامل ہے۔

منشور میں ہر گرام پنچایت میں جم اور کھیل کا میدان قائم کرنے، ہر بلاک میں کرکٹ ٹریننگ کے انتظامات کرنے اور ریاست میں مختلف کھیلوں کے لیے اکیڈمی قائم کرنے، اسکول اور کالج کی سطح پر یوگا اساتذہ کی تقرری، ریاست میں 30000 کروڑ روپے کی لاگت سے چھ دھنونتری میگا ہیلتھ پارک قائم کرنے، ریاست میں ماں اناپورنا کینٹین قائم کرکے غریبوں کے لیے کم سے کم قیمت پر کھانے کا بندوبست کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا، پانچ سال پہلے اسی جگہ  بی جے پی نے اپنے منشور کی شکل میں اتر پردیش کی ترقی کا دستاویز عوام کے سامنے رکھا تھا۔ آج میں بڑے اطمینان کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ پچھلے پانچ سال ریاست میں ہر شعبے میں ترقی اور کامیابیوں کے سال رہے ہیں اور اس دوران اتر پردیش کے مستقبل کی بنیاد رکھی گئی۔

شاہ نے دعویٰ کیا ، سال 2017 کے سنکلپ پتر میں 212 وعدے تھیں، جن میں سے 92 فیصد کو پورا کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے اپنے 2017 کے سنکلپ پتر میں وعدہ کیا تھا کہ ہم ایودھیا میں عظیم الشان رام مندر بنائیں گے،خوشی کی بات ہے کہ یہ کام شروع ہوگیا ہے۔ ہماری حکومت نے کاشی اور ورنداون سمیت تمام شردھا کیندروں کو ترقی دی ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اس موقع پر کہا کہ بی جے پی نے  پانچ سال کے لیےاتر پردیش کے 25 کروڑ شہریوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کے لیے اپنا نیا منشور جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج سے پانچ سال پہلے بھی اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے دوران بی جے پی نے اپنا لوک کلیان سنکلپ پتر جاری کیا تھا، بی جے پی نے اس میں  جو بھی وعدے کیے تھے ان کو منتر مان کر ہر وعدہ پورا کیا اور اب ہم جو کہیں گے وہ  کرکے دکھائیں گے۔

یوگی نے دعویٰ کیا، ہم نے سال 2017 میں زندگی کے ہر شعبے میں 212 وعدے کیے تھے  جن کو حرف بہ حرف پورا کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 70 سالوں میں ریاست میں صرف 12 میڈیکل کالج تھے۔ پچھلے 5 سالوں میں ڈبل انجن والی حکومت نے 33 میڈیکل کالجوں کے قیام کے عمل کو آگے بڑھایا ہے۔

انہوں نے کہا، اتر پردیش میں صحت کی سہولت کو مکمل طور پر خستہ حال سمجھا جاتا تھا۔ آج اسی اتر پردیش میں 5 سال کے اندر محترم وزیر اعظم کے وژن کے مطابق 33 نئے میڈیکل کالج یا تو بنائے گئے ہیں یا زیر تعمیر ہیں۔

بی جے پی کا یہ منشور 6 فروری کو ہی جاری ہونا تھا، لیکن ‘بھارت رتن’ گلوکارہ لتا منگیشکر کی موت کی وجہ سے اس پروگرام کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔

وزیر داخلہ نے اس موقع پر بٹن دبا کر بی جے پی کا نیا انتخابی گیت  بھی جاری کیا۔