خبریں

دہلی: 87 سالہ بزرگ خاتون سے ریپ کے الزام میں صفائی اہلکار گرفتار

الزام ہے کہ دہلی کے تلک نگر کی ایک 87 سالہ خاتون جو بستر سے اٹھنے سے بھی قاصر ہیں ،ان  کے ساتھ ایک شخص نے مارپیٹ کی  اور ریپ کیا۔ اہل خانہ کا الزام تھا کہ پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کرنے میں تاخیر کی اور ان کی شکایت درج نہیں کی۔ تاہم حکام نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

(علامتی فوٹو: رائٹرس)

(علامتی فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: مغربی دہلی کے تلک نگر علاقے میں ایک مکان میں بستر سے اٹھنے سے قاصر 87 سالہ خاتون کے ساتھ ریپ  کے الزام میں ایک صفائی اہلکار کو گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس نے منگل کو بتایا کہ یہ واقعہ اتوار (13 فروری) کی رات کو پیش آیا، جب خاتون کی 65 سالہ بیٹی اپنے ایک دوست سے ملنے باہر گئی تھی۔ اس شخص نے اس پر حملہ کیا، اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔

دہلی پولیس نے ٹوئٹر پر کہا کہ تلک نگر میں ایک بزرگ خاتون کو ہراساں کرنے کے  معاملے کو حل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  ملزم کو 16 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا جبکہ کیس میں کوئی سراغ نہیں تھا۔

پولیس نے کہا، متاثرہ کا موبائل فون اس کے پاس سے برآمد ہوا ہے۔ ملزم قریبی علاقے میں رہتا ہے اور صفائی کا کام کرتا ہے۔

پولیس نے معاملے کی تفتیش   کے لیے ایس آئی ٹی  بنائی۔ پولیس کے مطابق تعزیرات ہند کی دفعہ 380، 323 اور 376 کے تحت معاملہ درج کیا گیاتھا۔

بزرگ خاتون کے اہل خانہ نے الزام لگایا تھا کہ پولیس نے کارروائی میں تاخیر کی اور ان کی شکایت نہیں لی۔ حکام نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

اس سے قبل سوموار  کو دہلی پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئےاہل خانہ  کے ایک قریبی دوست نے ٹوئٹ کیا تھاکہ ، کل (اتوار) دہلی کے تلک نگر میں بستر پر پڑی ایک دوست کی 87 سالہ دادی کے ساتھ ریپ کیا گیا۔ وہ  زخمی بھی ہیں۔ دہلی پولیس کا رویہ اچھا نہیں تھا اور وہ ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کر رہی تھی۔

اس پر پولیس نے کہا تھا کہ اتوار کی رات صرف چوری کی ایک شکایت درج کرائی گئی تھی اور اس کی بنیاد پر تلک نگر پولیس اسٹیشن میں ‘فوراً’ معاملہ درج کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سوموار کو اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اس کے ساتھ جنسی زیادتی بھی کی گئی، پھر اس کیس میں دیگر متعلقہ دفعات  کو شامل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق، خاتون کے اہل خانہ نے شکایت میں کہا تھا کہ ایک شخص گھر میں داخل ہوا اور اسے دیکھ کر بزرگ خاتون نے اس سے پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ وہ ایک گیس ایجنسی میں کام کرتا ہے اور اس کو کام  کے سلسلے میں بلایا گیاہے۔ شک ہونے پر خاتون نے شور مچایا لیکن ملزم نے اس پر حملہ کردیا، اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور موبائل فون لے کر فرار ہوگیا۔

اہل خانہ کے مطابق،  گھر واپسی پر خاتون کی بیٹی نے ماں کو زخمی حالت میں پایا اور تھانے پہنچی۔

دریں اثنا، دہلی ویمن کمیشن نے واقعے کا نوٹس لیا اور متاثرہ اور دہلی پولیس کے اہلکاروں سے ملاقات کے لیے دو کاؤنسلر بھیجے ہیں۔

کمیشن نے پولیس سے کہا ہے کہ وہ معاملے میں درج ایف آئی آر کی کاپی، معاملے میں شناخت اور گرفتار کیے گئے ملزمین کی تفصیلات اور کیس میں کی گئی کارروائی کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔

پولیس کو 17 فروری تک اس بارے میں مطلع کرنے کو کہا گیا ہے۔

کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال نے ٹوئٹ کیا کہ ایسے گھناؤنے معاملے میں فوراً ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے اورگرفتاری ہونی چاہیے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا اور کہا، دہلی پولیس نے ہمیں فون کیا اور بتایا کہ تلک نگر میں ایک 87 سالہ خاتون کاریپ ہوا ہے۔ ہماری ٹیم فوراً وہاں پہنچی اور خاتون اور پولیس کے ساتھ ہے۔ میں نے اس معاملے میں دہلی پولیس کو بھی نوٹس جاری کیا ہے۔ ایسے گھناؤنے معاملے میں فوراً ایف آئی آر درج کرکےگرفتاری ہونی چاہیے!

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)