الیکشن نامہ

تلنگانہ  کے بی جے پی ایم ایل اے کی رائے دہندگان کو دھمکی-یوگی کو ووٹ دیں یا بلڈوزر کا سامنا کریں

تلنگانہ کے بی جے پی ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ نے ایک ویڈیو میں کہا ہے کہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے حق میں ووٹ نہیں دینے والوں کو انتخابات کے بعد نتائج بھگتنے ہوں گے۔ اگر وہ وزیر اعلیٰ کی قیادت کی حمایت  نہیں کرتے تو انہیں ریاست چھوڑنا ہوگا۔

بی جے پی ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

بی جے پی ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ (فوٹوبہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: تلنگانہ میں بی جے پی ایم ایل اے ٹی راجہ سنگھ نے منگل کو ایک متنازعہ تبصرہ کیا ہے۔ دراصل راجہ نے مبینہ طور پر کہا کہ اتر پردیش میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی حمایت میں ووٹ نہیں دینے والوں کو انتخابات کے بعد نتائج بھگتنے ہوں گے۔

اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مبینہ طور پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی  مخالفت کرنے والوں نے کچھ علاقوں میں بڑی تعداد میں بی جے پی کے خلاف ووٹ دیا، جس کی وجہ سے راجہ نے  اتر پردیش کے ہندو ووٹروں سے باہر آنے اور تیسرے مرحلے میں بی جے پی کے حق ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔

بی جے پی ایم ایل اے نے کہا کہ جو لوگ نہیں چاہتے کہ یوگی آدتیہ ناتھ دوبارہ اقتدار میں آئیں، انہیں بتانا چاہیں گے کہ اگر وہ وزیر اعلیٰ کی قیادت کی حمایت نہیں کرتے ہیں تو انہیں ریاست چھوڑنا ہوگا۔

ٹی راجہ سنگھ نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے۔ اس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ،اتر پردیش میں آج دوسرے مرحلے کی پولنگ ہوئی، لیکن کچھ علاقوں میں بہت زیادہ ووٹنگ ہوئی، جو لوگ یوگی جی کو پسند نہیں کرتے وہ بڑی تعداد میں گھر سے باہر نکلے  اور ووٹ ڈالے۔

انہوں نے مزید کہا، جو لوگ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتے، میں ان سے کہوں گا کہ یوگی نے ہزاروں جے سی بی اور بلڈوزر منگوا لیے ہیں۔ یہ سبھی اتر پردیش کی طرف نکل چکے ہیں۔ انتخابات کے بعد ایسے علاقوں کی نشاندہی کی جائے گی، جس نےیوگی جی کو سپورٹ  نہیں کیا ہے۔

انہوں نے مزید دھمکی آمیز لہجے میں کہا، آپ کو پتہ  نا جے سی بی اور بلڈوزر کس کام کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ میں اتر پردیش کے ان غداروں سے کہنا چاہوں گا جو نہیں چاہتے کہ یوگی جی دوبارہ وزیر اعلیٰ بنیں۔ تو بیٹا اتر پردیش میں رہنا ہے ہو تو یوگی-یوگی کہنا ہوگا، نہیں تو اتر پردیش چھوڑ کر بھاگنا ہو گا۔

بی جے پی ایم ایل اے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر کے ٹی آر نے ٹی راجہ سنگھ کو ‘کامیڈین’ کہا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا، جب آپ کو لگتا ہے کہ اس سے زیادہ  نیچے کوئی نہیں گر ے گا، تب ایک اور لاجواب  کامیڈین سامنے آتا ہے۔ تلنگانہ کے اس بی جے پی ایم ایل اے کا کہنا ہے کہ اگر آپ بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے  تو یوگی آپ کے گھر گرا دیں گے/بلڈوز کر دیں گے!

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)