الیکشن نامہ

یوپی: بی جے پی ایم ایل اے بولے-جو بھی ہندو دوسری طرف جا رہا ہے، اس کے اندر مسلم خون، وہ غدار ہے

اتر پردیش کی ڈومریا گنج سیٹ سے بی جے پی ایم ایل اے اور ہندو یوا واہنی کے ریاستی انچارج راگھویندر سنگھ ایک وائرل ویڈیو میں مسلمانوں کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرتے ہوئےنظر آ رہے  ہیں۔ ویڈیو میں وہ’ہندو سماج کی توہین کرنے کی کوشش کرنے والوں کوبرباد’کرنے کی دھمکی بھی دے رہے ہیں۔

اتر پردیش کے ڈومریا گنج سے بی جے پی ایم ایل اے راگھویندر سنگھ (مائیک تھامے ہوئے)۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

اتر پردیش کے ڈومریا گنج سے بی جے پی ایم ایل اے راگھویندر سنگھ (مائیک تھامے ہوئے)۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: اتر پردیش کی ڈومریا گنج اسمبلی سیٹ سے بی جے پی ایم ایل اے راگھویندر سنگھ کا ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ مسلم کمیونٹی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے ہیں۔ سب پہلے وہ اپنے حامیوں سے پوچھتے ہیں،کیا کوئی میاں (مسلمان) ہمیں ووٹ دیتا ہے؟ جس پر ان کے حامی انکار کرتے ہیں۔

پھر مزید کہتے ہیں کہ،جان لو کہ اس گاؤں کاجو بھی  ہندو اگر دوسری طرف جاتاہے تو جان لو کہ اس کے اندر میاں کا خون دوڑ رہا ہے…وہ غدار ہے، جے چند کی ناجائز اولاد ہے۔ وہ اپنے باپ کی  حرا…ی اولاد ہے۔

تقریر کے درمیان ان کے حامیوں کو بار بار جئے شری رام کا نعرہ لگاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

راگھویندر سنگھ اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے کہتے ہیں کہ ،اتنے اتیاچار(مظالم) کے بعد بھی ہندو دوسری طرف جاتا ہے، تو اس کو سڑک پر منہ دکھانے کےلائق  نہیں  رکھنا چاہیے۔

وہ مزید کہتے ہیں، …میں نے کچھ نہیں بولتا تھا۔ میں نے کہا پانچ سال میں بھی ایم ایل اے ہونے کے بعد دیکھوں گا، ذرا پرکھوں گا، میں سمجھوں گا اور ایک بار وارننگ دینے کے بعد مجھے سمجھ نہیں آئے گا تو بتادوں گا کہ راگھویندر سنگھ کون ہے۔

ایک منٹ 24 سیکنڈ کے وائرل ویڈیو میں وہ ،ہندو سماج کی توہین کرنے والوں کو برباد کرنےکی دھمکی دیتے ہوئے کہتے ہیں،میرے ساتھ غداری کروگے تو چلے گا، میں ذلت برداشت کروں گا…لیکن اگر ہمارے ہندو سماج کی توہین کرنے کی کوشش کرو گے توبرباد کرکے رکھ کر دوں گا۔

این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق، اس دوران انہوں نے ان لوگوں کے خون اور ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کی بھی بات کہی۔

انہوں نے کہا، مجھے ان لوگوں کے نام دیجیے۔ میں ان کے خون کا ٹیسٹ کروا کر دیکھوں گا کہ وہ ہندو ہیں یا میاں۔ میں ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کرواؤں گا۔

ویڈیو کودو دن پرانا بتایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ان کے خلاف ہیٹ اسپیچ کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی ان کے خلاف ہیٹ اسپیچ  کا ایک اور معاملہ درج کیا گیا تھا۔ تب انہوں نے کہا تھا کہ ،اگر وہ دوبارہ ایم ایل اے بنتے ہیں تو میاں لوگوں کے سر سے گول ٹوپی غائب ہو جائے گی اور وہ تلک لگانا شروع کردیں گے۔

اس معاملے کو لے کر جب ان کی نکتہ چینی کی گئی تو وہ صفائی  دیتے نظر آئے تھے۔

وہیں، ستیہ ہندی کی خبر کے مطابق، راگھویندر سنگھ ہندو یوا واہنی کے ریاستی انچارج ہیں، جس کے بانی یوگی آدتیہ ناتھ ہیں۔

بتا دیں کہ ڈومریا گنج میں چھٹے مرحلے میں 3 مارچ کو پولنگ ہوگی۔