الیکشن نامہ

یوپی اسمبلی انتخاب: بی جے پی کی کامیابی پر یوگی آدتیہ ناتھ بولے، ہمیں جوش کے ساتھ ہوش بنائے رکھنا ہے

اترپردیش اسمبلی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کو لے کر گزشتہ دو تین دنوں سے چلائی جانے والی گمراہ کن مہم کو ریاست کی عوام نےدرکنار کرتے ہوئے بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کو زبردست جیت دلائی ہے۔

یوگی آدتیہ ناتھ۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

یوگی آدتیہ ناتھ۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو کہا کہ ریاست کے لوگوں نے ذات پات اور مذہب کی سیاست کو درکنار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور اس کی اتحادیوں کی جیت کو یقینی بنایا ہے۔

انتخابی نتائج اور رجحانات میں بی جے پی کو واضح اکثریت کے اشارے کے بعد ریاستی بی جے پی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ اُن لوگوں نے پچھلے دو تین دنوں سے اپوزیشن کی طرف سے چلائی جا رہی ‘گمراہ کن’ مہم کو در کنار کر دیا ہے، جنہوں نے  بی جے پی کی گڈ گورننس  پر بھروسے  کا اظہار کیا ہے۔

واضح ہو کہ ای وی ایم پر سوال اٹھانے کے لیے یوگی بالواسطہ طور پر سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو کی نکتہ چینی کر رہے تھے۔

ریاستی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی شاندار جیت  کے لیے عوام اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے کہا، ہم سب کو ایک بار پھر ثابت کرنا ہے کہ قوم پرستی، سلامتی، ترقی اور گڈ گورننس کے ایشو پر بی جے پی کو عوام نے جو بھاری اکثریت دی ہے اس پر ہمیں کھرا اترنا ہی ہوگا۔

جمعرات کو ریاستی اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی میں اب تک کے نتائج اور رجحانات میں بی جے پی اتر پردیش میں ایک بار پھر اقتدار میں واپسی کرتی نظر آرہی ہے۔ خبر لکھے جانے تک ریاست میں بی جے پی اتحاد ریاست میں 274 سیٹوں پر آگے ہے، جبکہ ایس پی اتحاد 124 سیٹوں پر آگے ہے۔

آدتیہ ناتھ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا، یہ جیت ہمیں جوابدہی کا ایک نیا اشارہ دیتی ہے، ہمیں اپنے جوش کے ساتھ ہوش کو بنائے رکھنا ہے اور اس سے بھی زیادہ مضبوطی کے ساتھ ہمیں عوام کی امیدوں کے مطابق اپنےآپ کو پھرسے ثابت کرنا ہوگا۔

یوگی نے کہا، ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں دنیا کے سب سے کامیاب لیڈر نریندر مودی جی کی قیادت اور رہنمائی حاصل ہے اور ان کی رہنمائی میں اتر پردیش ملک کا نمبر ون صوبہ بنے گا، اس یقین کے ساتھ کہ ایک بار پھر ہم سب 25 کروڑ عوام کی خدمت کے لیے اپنا اپناکردار ادا کریں گے۔

ای وی ایم کو لے کر سماج وادی پارٹی کی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر یوگی نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ پہلی بار سات مرحلوں کے اسمبلی انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہی نہیں ریاست کی عوام نے ووٹوں کی گنتی کے سلسلے میں پچھلے دو تین دنوں سے چلائے جانے والے گمراہ کن پروپیگنڈے کو درکنار کرتے ہوئے بی جے پی اور اتحادیوں کو زبردست اکثریت کے ساتھ کامیابی سے ہمکنار  کیا ہے۔

یوگی نے کہا کہ جب ہم کورونا وائرس اور بدعنوانی سے لڑ رہے تھے، تب تمام سازشی لوگ  بی جے پی اور اس کی حکومت کے خلاف سازش کرنے کا کام کر رہے تھے، لیکن آج عوام نے ان کی بولتی بند  کر دی ہے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا، انتخابی عمل سے وابستہ لوگوں، انتظامیہ اور پولیس اور دیگر محکموں کے اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کورونا وائرس جیسی وبا کے باوجود جن لوگوں نے جمہوریت کے اس تہوار کو پرامن طریقے سے انجام تک پہنچانے میں رول ادا کیا ان  سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ زبردست اکثریت بی جے پی کی قوم پرستی، ترقی اور گڈ گورننس کے ماڈل کو اتر پردیش کی 25 کروڑ عوام کاآشیرواد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کو قبول کرتے ہوئے ہمیں عام لوگوں کی امیدوں کے مطابق ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کاپریاس’کے فارمولے کو اپناتے ہوئے مسلسل آگے بڑھنا ہوگا۔

اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے شاندار مظاہرہ کے بعد اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور ڈاکٹر دنیش شرما اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ، ریاستی انچارج رادھا موہن سنگھ اور ریاستی جنرل سکریٹری (تنظیم) سنیل بنسل سمیت پارٹی کے سینئر لیڈر بی جے پی ہیڈکوارٹر پہنچے اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

‘جو رام کو لائے ہیں، ہم ان کو لائیں گے، یوپی میں پھر سے ہم بھگوا لہرائیں گے’ گانے کے بیچ یوگی آدتیہ ناتھ کارکنوں پر پھول اور مالا پھینک رہے تھے۔ ہولی سے ایک ہفتہ پہلے ہی  ہولی کے ماحول میں ‘بھارت ماتا کی جئے’ اور ‘وندے ماترم’ کے نعروں کے ساتھ اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں اتر پردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا میں بی جے پی نےزبردست اکثریت حاصل کی ہے اور اس کی  حکومت بننے جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ان چار ریاستوں میں وزیر اعظم مودی کی ترقی اور گڈ گورننس  کو اپنا آشیرواد دیا ہے۔

انہوں نے کہا، میں اس موقع کو پرعزت مآب وزیر اعظم (نریندر مودی) جی، محترم قومی صدر (جے پی نڈا) جی، عزت مآب وزیر داخلہ (امت شاہ)، عزت مآب وزیر دفاع (راج ناتھ سنگھ) اوران تمام لیڈروں کا تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، جن کی قیادت میں بی جے پی چار ریاستوں میں زبردست اکثریت کے ساتھ دوبارہ اپنی حکومت لانے میں کامیاب رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتر پردیش آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست ہے جس کی وجہ سے پورے ملک اور دنیا کی نظریں خاص طور پر اس پر لگی ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بی جے پی اور اتحادیوں اپنا دل (ایس) اور نشاد راج پارٹی کو وزیر اعظم کی رہنمائی اور قیادت میں اتر پردیش میں ایک بار پھر زبردست اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس زبردست اکثریت کے لیے اتر پردیش کے لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر بی جے پی اور ہم خیال جماعتوں کے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جن کی قیادت اور محنت کی وجہ سے آج بی جے پی کو اتنی زبردست اکثریت کے ساتھ حکومت بنانے کا موقع ملا ہے۔

بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے کہا کہ اتر پردیش جیت گیا ہے، وکاس  اور راشٹر واد جیت گیا، کارکنوں کی محنت کی جیت ہوئی ہے، ریاست کے ہر غریب کی جیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا، ریاست کی عوام  نے مودی جی-یوگی جی کی ڈبل انجن والی حکومت کی بے مثال ترقی کا جواب دے دیا ہے۔

سنگھ نے کہا کہ اتر پردیش میں ایک بار پھر غریبوں کے لیے وقف حکومت کی جیت ہوئی ہے اور دلتوں، محروم، پسماندہ، سبھی طبقوں نے دل کھول کر اپنا آشیرواد دیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)