خبریں

دہلی: سُلی ڈیلز اور بُلی بائی ایپ بنانے والے ملزمین کو ضمانت ملی

سُلی ڈیلز اور بُلی بائی ڈیلز نامی ایپ پر سینکڑوں مسلم خواتین کی تصاویر ان کی رضامندی کے بغیر ‘نیلامی’کے لیے ڈالی گئی تھیں۔ سُلی ڈیلزبنانے والےاومکاریشور ٹھاکر کو ضمانت دیتے ہوئے دہلی کی ایک عدالت نے کہا کہ ملزم نے پہلی بار جرم کیا ہے اور طویل عرصےتک قید اس کے لیے نقصاندہ ہو سکتی ہے۔

سُلی ڈیلز ایپ کا اسکرین شاٹ۔

سُلی ڈیلز ایپ کا اسکرین شاٹ۔

نئی دہلی: مسلمان عورتوں کی چھیڑ چھاڑ کی گئی  تصویروں کو ‘نیلامی’ کے لیے آن لائن اپ لوڈ کرنے کے معاملے میں دہلی کی ایک عدالت نے سُلی ڈیلز ایپ بنانے والے شخص کو  ضمانت دے دی۔

دکن ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق، پٹیالہ ہاؤس کورٹ کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ پنکج کمار نے اومکاریشور ٹھاکر (26) کو ضمانت دیتے ہوئے کہا کہ ،ملزم نے پہلی بار جرم کیا ہے اور طویل عرصے تک قید اس کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔

اس معاملے میں کئی انٹرمیڈیری اور فارنسک سائنس لیبارٹریز (ایف ایس ایل) کی رپورٹ کا انتظار ہے کیونکہ ٹھاکر ممکنہ طور پرایف ایس ایل  رپورٹ کے نتائج کو متاثر نہیں کر سکتا۔

رپورٹ کے مطابق عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کا برادری میں دخل ہے اور اس کے ملک چھوڑ کر فرار ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ٹھاکر کو 50000 روپے کی ضمانت پر مشروط ضمانت دی گئی ہے۔

بتادیں کہ سُلی ڈیلز پر مسلم خواتین کی رضامندی کے بغیر ان کی تصویروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے بعد قابل اعتراض تبصروں کے ساتھ نیلامی کے لیے ڈالا جاتا تھا۔

یہ معاملہ جولائی 2021 میں سامنے آیا تھا اور دہلی پولیس نے 8 جولائی کو اس معاملے میں آئی پی سی کی دفعہ 345 اے (جنسی ہراسانی) کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔

مدھیہ پردیش کے اندور کے رہنے والے ٹھاکر کو دہلی پولیس نے اس سال 9 جنوری کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔

سُلی ڈیلز کی طرح ایک اور ایپ بُلی بائی کا معاملہ بھی  اس سال جنوری میں سامنے آیاتھا۔ اس ایپ پر بھی مسلم خواتین کی تصاویر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے بعد نیلامی کے لیے اپ لوڈ کی جاتی تھیں۔

بُلی بائی ایپ کے مبینہ کرئیٹر نیرج بشنوئی کو ٹھاکر کی گرفتاری سے تین دن پہلے 6 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق، بشنوئی کوبھی سوموارکو  پٹیالہ ہاؤس کورٹ سے ضمانت  مل گئی۔

تاہم، ضمانت ملنے کے باوجود ٹھاکر کو حراست سے رہا نہیں کیا گیا کیونکہ وہ معاملے میں ایک اور چارج شیٹ میں نامزدہے، جسے ممبئی پولیس نے دائر کیا تھا۔

دہلی کی ایک عدالت نےاس سے پہلے جنوری ٹھاکر کی ضمانت کی عرضی کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دی تھی کہ اس کیس کی تحقیقات اس وقت ابتدائی مرحلے میں تھی اور ایسے میں ضمانت دینا غیرجانبدارانہ جانچ کے خلاف ہوتا۔