خبریں

چالیس روپے لیٹر پٹرول سے متعلق بیان یاد دلانے پر رام دیو برہم، بولے- چپ ہوجا، ورنہ ٹھیک نہیں ہوگا

ہریانہ میں ایک تقریب میں شرکت کے لیے آئے یوگا گرو بابا رام دیو جب صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی حمایت کر رہے تھے تو ایک صحافی نے ان کو ان کاپرانا بیان یاد دلایا،جس میں انھوں نے ایسی حکومت کے لیے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی تھی ، جس کے دور اقتدار میں پٹرول 40 روپے فی لیٹرہو۔ صحافی کا سوال سن کر رام دیو برہم  ہوگئے اور انہوں نے اس کو دھمکی دے ڈالی۔

یوگ گرو بابا رام دیو(فوٹو: پی ٹی آئی)

یوگ گرو بابا رام دیو(فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: یوگا گرو بابا رام دیو سے جب ایک تقریب میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو وہ برہم ہوگئے اور کہا کہ اگر پٹرول کی قیمتیں نیچے آئیں گی تو حکومت کو خاطر خواہ ٹیکس نہیں ملے گا، پھر ملک کیسے چلے گا، تنخواہیں کیسے دیں گے اور سڑکیں کیسے بنائیں گے؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق، مذکورہ تقریب ہریانہ کے شہر کرنال میں منعقد ہوئی۔ رام دیو اس میں شرکت کرنے آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہاں مہنگائی کم ہونی چاہیے،لیکن لوگوں کو بھی خوب محنت کرنی چاہیے۔ اگر میں سنیاسی ہونے کے باوجود دن میں 18 گھنٹے کام کرسکتا ہوں تو آپ کیوں نہیں کرسکتے؟

اسی دوران بابا رام دیو کو ایک رپورٹر نے ٹوکتے ہوئے اور انہیں ان کا 2014 کا وہ بیان یاد دلایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ لوگوں کو ایسی حکومت کا انتخاب کرنا چاہیے جو 40 روپے فی لیٹر میں پٹرول اور 300 روپے میں سلنڈر فراہم کرے۔

رپورٹر کی طرف سے ٹوکے جانے پر رام دیو صاف طور پر ناراض ہو گئے اور کہا، ہاں، میں نے کہا، توکیا کرلے گا؟ میرے سے ایسے سوال مت پوچھو۔ میں تیرے سوالوں کا جواب دینے کے لیے کیا کوئی ٹھیکیدار ہوں تو جو بھی پوچھے میں جواب دوں۔ تھوڑا مہذب بننا سیکھو۔

جب رپورٹر نے انہیں یاد دلایا کہ اس وقت تمام ٹی وی چینلوں پر آپ کی بائٹ  چلائی  گئی تھی تو رام دیو نے کہا، ہاں، میں نے دی تھی اور اب نہیں دے رہا ۔ جا کرلے ، کیا کر لے  گا تو؟

رام دیو نے صحافی کو مزید دھمکی دیتے ہوئے کہا، چپ ہوجا، اب آگے دوبارہ پوچھے گا تو ٹھیک نہیں ہوگا۔

بتا دیں کہ پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات ختم ہونے کے بعد سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو ایک بار پھر قیمتوں میں 80 پیسے فی لیٹرکا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ دس دنوں میں یہ نواں اضافہ ہے۔ ان دس دنوں میں قیمت میں 6.40 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

معلوم ہو کہ 2014 سے پہلے جب کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد کی حکومت مرکز میں تھی تو بابا رام دیو کو تقریباً ہر پلیٹ فارم سے پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر اس وقت کی حکومت کو گھیرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، لیکن بی جے پی کےاقتدار میں آنے کے بعدسے انہوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔