خبریں

ان-اکیڈمی نے ناقص کارکردگی اور ضرورت نہ ہونے کا حوالہ دے کر 600 ملازمین کو نکالا

ایجوکیشنل-ٹکنالوجی، یعنی ای ڈی ٹیک کمپنی ان-اکیڈمی کے ترجمان نے کہا کہ  مختلف جائزوں کی بنیادپر عملے، کانٹریکٹ ورکرز اور اساتذہ کی پھرسے جانچ کی گئی۔ اس کے بعد کچھ ملازمین کو ہٹایا گیا۔

(فوٹو بہ شکریہ: یوٹیوب/ان-اکیڈمی)

(فوٹو بہ شکریہ: یوٹیوب/ان-اکیڈمی)

نئی دہلی: ایجوکیشنل-ٹکنالوجی یعنی ای ڈی ٹیک کمپنی ان-اکیڈمی نے ناقص کارکردگی اور کام  کے لحاط سے ضرورت نہ ہونے کا حوالہ دے کر 600 ملازمین کونکال دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق،کمپنی نے اس سال کے آخر تک منافع کمانے کی حالت میں ہونے اور کام کی  اہلیت میں اضافہ کرنے کے مقصدسےتقریباً 600 ملازمین کو نوکریوں سے نکال دیا ہے۔ یہ تعداد کمپنی کی کل افرادی قوت کا تقریباً دس فیصد ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نکالے گئے ملازمین میں کانٹریکٹ ورکرز اور اساتذہ شامل ہیں۔

رابطہ کرنے پر ان-اکیڈمی کے ترجمان نے کہا کہ کمپنی کو اعلیٰ کارکردگی اور شفافیت کے کلچر میں  تیار کیاگیا ہے۔

ترجمان نے کہا، مختلف جائزوں کے نتائج کی بنیاد پر ملازمین، کانٹریکٹ ورکرز اور اساتذہ کی دوبارہ جانچ کی گئی۔ اس بنا پر کچھ ملازمین کو ہٹایا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کام کی ضرورت کے مطابق اور  کارکردگی کے معیار کے مطابق ان ملازمین کی ضرورت نہیں تھی۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، فروری میں، رانی اسکریو والا کی حمایت یافتہ ایڈٹیک فرم لیڈو لرننگ نے مبینہ طور پر کام بند کر دیا، جس سے اس کے ساتھ کام کرنے والے 1000 سے زیادہ افراد متاثر ہوئے۔

ان-اکیڈمی کے ترجمان نے کہا، ایک ادارے کے طور پر ہم اپنی گروپ  کی کمپنیوں میں ترقی کے لیے سرمایہ کاری کرتے ہوئے 2022 کی چوتھی سہ ماہی کے اختتام تک اپنے بنیادی کاروبار میں منافع بخش بننے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)