خبریں

دہلی: گئو کشی کے شبہ میں ایک شخص کا پیٹ پیٹ کر قتل، دو زخمی

یہ واقعہ 11 اپریل کو دوارکا کے چھاولہ علاقے میں پیش آیا۔ گئو کشی کے شبہ میں خود کو گئو رکشک بتانے والے 10-15 نامعلوم لوگ ایک فارم ہاؤس پہنچے اور وہاں موجود لوگوں پر حملہ کر دیا۔ گئو کشی کے الزام میں اب تک پانچ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ حملے اور قتل کے معاملے میں تا حال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

(فوٹو: رائٹرس)

(فوٹو: رائٹرس)

نئی دہلی: گئو کشی کے شبہ میں فارم ہاؤس کی دیکھ بھال کرنے والے ایک شخص کو دہلی کے دوارکا میں خود کو گئو رکشک بتانے والے کچھ لوگوں نے مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا۔ اس دوران چھ افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ 11 اپریل کو دوارکا کے چھاولہ علاقے میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ راجا رام (40) کو یہاں دوارکا کے چھاولہ علاقے کے ایک فارم ہاؤس میں مارا پیٹا گیا اور سوموار کو اسپتال میں اس کی موت ہوگئی۔

متاثرہ کی عمر 40 سال بتائی جارہی ہے لیکن انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ کی عمر 25 سال ہے۔

پولیس نے بتایا کہ حملے میں زخمی شخص اور مقامی لوگوں کی شکایت پر دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گئو کشی کے الزام میں اب تک پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مارپیٹ اور قتل کے معاملے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

پولیس کے مطابق، گئو کشی کے سلسلے میں آئی پی سی کی مختلف دفعات اور متعلقہ  قانون کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جبکہ زخمی افراد  کی شکایت پر آئی پی سی کی دفعہ 302 (قتل) اور دوسری دفعات کے تحت ایک اور ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

دریں اثنا، راجا رام کی بیوی جھاسو دیوی نے دعویٰ کیا کہ مقامی لوگوں نے اس کے بیمار شوہر کے بارے میں افواہیں پھیلائی تھیں اور ان کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ روزی روٹی کے لیے ای رکشہ چلاتے تھے اور گائے کا دودھ بیچتے تھے۔

متاثرہ کی بیوی نے کہا، میرے شوہر بے قصور تھے۔ درحقیقت وہ لیور  سے متعلق بیماری کی وجہ سے ایک سال سے زیادہ عرصے سے بیمار تھے، جن کا علاج چل رہا تھا۔ وہ کبھی گئو کشی یا کسی غیر قانونی کام میں ملوث نہیں تھے۔

وہیں، پولیس نے کہا کہ اطلاع ملی تھی کہ لوگوں کا ایک گروپ اس علاقے میں گائے کو ذبح کر رہا ہے اوراس کا گوشت فروخت کر رہا ہے۔

ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ ایک ٹیم کو موقع پر بھیجا گیا لیکن اس سے پہلے ہی خود کو گئو رکشک بتانے والے 10-15 نامعلوم افرادفارم ہاؤس پہنچے اور اندر موجود لوگوں پر حملہ کر دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، پہلی ایف آئی آر میں زخمیوں میں سے ایک پھل فروش نے بتایا کہ اسے اور اس کے دوستوں کو اکثر گایوں کو مارنے کے لیے بلایا جاتا تھا جسے وہ اپنے آبائی علاقے سے لاتا تھا۔

ایف آئی آر کا حوالہ دیتے ہوئے پولیس نے کہا کہ سوموار کو جب راجارام کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ فارم ہاؤس کے اندر کام کر رہے تھے تو کچھ نامعلوم افراد نے اندر گھس کر ان کے ساتھ   مار پیٹ  شروع کر دی۔

پولیس افسر نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال لے جایا گیا، لیکن راجارام زخموں کی تاب نہیں لا سکا اور اس نے دم توڑ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے جائے وقوعہ سے کچھ نمونے اکٹھے کیے ہیں اور انہیں جانچ کے لیے بھیج دیا ہے۔ اس سلسلے میں دو الگ الگ مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں اور موقع سے پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)