عالمی خبریں

واشنگٹن: لوگوں کو ہمارے بارے میں رائے رکھنے کا حق ہے، لیکن ہم بھی بولنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے؛ ایس جے شنکر

ہندوستان  میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے روز افزوں واقعات کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے تبصرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر نے کہا کہ لوگوں کو ہمارے بارے میں رائے رکھنے کا حق ہے۔ ہمیں بھی ان کی لابی اور ووٹ بینک کے بارے میں رائے رکھنے کا حق ہے۔ ہم بھی امریکہ سمیت دیگر کے انسانی حقوق کی صورتحال پر  اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔

امریکہ میں ایک تقریب کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ایس جے شنکر۔ (تصویربہ شکریہ: ٹوئٹر/@SecBlinken)

امریکہ میں ایک تقریب کے دوران امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ایس جے شنکر۔ (تصویربہ شکریہ: ٹوئٹر/@SecBlinken)

نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بدھ کو کہا کہ اس ہفتے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ٹوپلس ٹو وزارتی سطح  کی میٹنگ کے دوران انسانی حقوق کے مسئلہ پر بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی اس پر بات ہوگی، نئی دہلی بولنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یہاں اپنے دورے کے اختتام پر جے شنکر نے کہا، ہم نے اس میٹنگ میں انسانی حقوق کے مسئلہ پر بات نہیں کی۔ ملاقات میں بنیادی طور پر سیاسی اور عسکری معاملات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

وزیر خارجہ ایس جے شنکر یہاں واشنگٹن میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ہندوستان-امریکہ 2+2 وزارتی مذاکرات میں شرکت کے لیے آئےتھے۔

سوموار کو ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں سکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکہ ہندوستان میں حالیہ تشویشناک پیش رفتوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، جس میں کچھ حکومت، پولیس اور جیل حکام کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بڑھتے ہوئے واقعات بھی شامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں جے شنکر نے کہا کہ میٹنگ کے دوران انسانی حقوق کے مسئلہ پر بات نہیں ہوئی بلکہ ماضی میں اس پر بات ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا، یہ موضوع پہلے سامنے آیا تھا۔ یہ اس وقت سامنے آیا تھا جب وزیر خارجہ بلنکن ہندوستان آئے تھے۔ میرا خیال ہے کہ اگر آپ کو اس کے بعد کی پریس بریفنگ یاد ہے تو میں اس حقیقت کے بارے میں بہت بولڈتھا کہ ہم نے اس مسئلے پر بات کی اور میں نے جو کہنا تھا وہ کہا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، انہوں نے کہا،لوگوں کو ہمارے بارے میں رائے رکھنے کا حق ہے۔ ہمیں بھی ان کی لابی اور ووٹ بینک کے بارے میں رائے رکھنے کا  حق ہے۔ ہم بولنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم دوسرے لوگوں کے انسانی حقوق کے بارے میں بھی اپنے خیالات رکھتے ہیں، بالخصوص  جب اس کا تعلق ہماری کمیونٹی سے ہو۔

انہوں نے کہا، میں یہ بتانا چاہوں گا کہ ہم امریکہ سمیت دیگر کے انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔

غور طلب ہے کہ سوموارکو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا تھاکہ امریکہ ہندوستان  میں مبینہ طور پر کچھ سرکاری اہلکاروں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں اضافہ سمیت ‘کچھ حالیہ تشویشناک پیش رفت’ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ۔

انہوں نےاپنے ابتدائی تبصرے میں کہا تھا کہ، ہم ہندوستان میں کچھ حالیہ تشویشناک پیش رفتوں کی نگرانی کر رہے ہیں، جن میں حکومت، پولیس اور جیلوں کے کچھ اہلکاروں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ بھی شامل ہے۔تاہم، انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائی تھیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ،ہم انسانی حقوق کے تحفظ جیسی اپنی جمہوری اقدار کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم ان مشترکہ اقدار کے حوالے سے اپنے ہندوستانی شراکت داروں کے ساتھ مستقل رابطے میں ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہندوستان شہری حقوق کی خلاف ورزی کے حوالے سے غیر ملکی حکومتوں اور انسانی حقوق کے گروپوں کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو پہلے ہی مسترد کر چکا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)