خبریں

کھیت میں داخل ہونے پر دلتوں کی جوتوں سے پٹائی کی منادی کرانے کے الزام میں سابق پردھان گرفتار

یہ اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے چرتھاول تھانہ حلقہ کا معاملہ ہے۔ پاوتی خورد گاؤں کے لوگوں نے دعویٰ کیا کہ دلت برادری کے لوگوں کی طرف سے گاؤں کے سابق پردھان  راج ویر تیاگی کے کھیتوں میں کام کرنے سے انکار کرنے  کے بعدانہوں  نےاپنے  کھیتوں میں دلتوں پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا۔

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

(علامتی تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اترپردیش کے مظفر نگر ضلع کے چرتھاول تھانہ حلقہ کے تحت ایک گاؤں میں گیہوں کی کٹائی سے انکار پر دلتوں کو جوتوں سے پٹائی کرنے  اور جرمانہ وصول کرنے کی منادی کرنے کے الزام میں سابق پردھان سمیت دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے منگل کو یہ جانکاری دی۔

یہ واقعہ سوموار (9 مئی) کو چرتھاول علاقے کے پاوتی خورد گاؤں میں پیش آیا۔ سابق پردھان  راج ویر تیاگی کی جانب سے منادی کرنے والے ایک شخص کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔ وہ شخص ڈھول پیٹتے ہوئے اعلان کر رہا تھا کہ اگر کوئی (دلت) ان کے کھیت اور ٹیوب ویل پر نظر آیا  تو اسے پانچ بار جوتوں سے مارا جائے گا اور اس سے پانچ ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا جائے گا۔

راج ویر تیاگی گینگسٹر وکی تیاگی کے والد ہیں۔ وکرانت تیاگی عرف وکی تیاگی کو 2015 میں عدالت میں پیشی کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔ وکی تیاگی 2011 کے برکالی کیس کے ملزمین میں سے ایک تھا، جس میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد مارے گئے تھے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابھیشیک یادو نے بتایا کہ منادی کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم راج ویر تیاگی اور کنورپال سمیت دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان دونوں کے خلاف آئی پی سی  اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کی متعلقہ دفعات تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف آئی آر سب انسپکٹر اومیندر سنگھ نے درج کرائی ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، گاؤں والوں نے دعویٰ کیا کہ دلت برادری کے لوگوں کی طرف سے ان کے کھیتوں میں کام کرنے سے انکار کرنے کے بعد گاؤں کے سابق پردھان راج ویر تیاگی نے کھیتوں میں  پابندی کا اعلان کیا۔

یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ غلام ہندوستان نہیں ہے، یہ آزاد ہندوستان ہے، جو ہندوستانی آئین سے چلتا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا، یوپی کے مظفر نگر ضلع کے گاؤں پاوتی خورد میں کھلے عام منادی  ہو  رہی ہے کہ اگر کوئی بھی ‘چمار’ اس کی ڈول، سمادھی، ٹیوب ویل پر نظر آیا  تو 5 ہزار روپے جرمانہ اور 50 جوتے ہوں گے! جن کو ہندو بننے کا شوق چڑھا  تھا، انہیں  اب سمجھ میں  آ گیا  ہوگا۔ ویسے ان کی غلط فہمی دور کرنے  میں جلد ہی پاوتی جاؤں گا۔

انہوں نے کہا، یہ مودی اور یوگی کے رام راجیہ کی جھلک ہے! لیکن یاد رکھیں یہ غلام ہندوستان نہیں ہے، یہ آزاد ہندوستان ہے، جس پر ہندوستانی آئین کی حکمرانی ہے۔ بھیم آرمی کی موجودگی میں یہ غنڈہ گردی نہیں چلے گی۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)