خبریں

گرفتار آئی اے ایس افسر کے ساتھ امت شاہ کی تصویر شیئر کرنے پر فلمساز کے خلاف مقدمہ درج

گجرات پولیس نے منی لانڈرنگ کیس میں حال ہی میں گرفتار جھارکھنڈ کی مائننگ (کان کنی)سکریٹری پوجا سنگھل کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تصویر شیئر کرنے کے معاملے میں فلمساز اویناش داس کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے خلاف 17 مارچ کو فیس بک پر ایک مورف شدہ تصویر شیئر کرکے قومی پرچم کی توہین کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے، جس میں ایک خاتون ترنگا پہنے نظر آرہی ہیں۔

فلمساز اویناش داس۔ (فوٹو بہ شکریہ: سوشل میڈیا)

فلمساز اویناش داس۔ (فوٹو بہ شکریہ: سوشل میڈیا)

نئی دہلی: گجرات پولیس نے منی لانڈرنگ معاملے میں حال ہی میں گرفتار کی گئی جھارکھنڈ کیڈر کی انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسر پوجا سنگھل کے ساتھ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی تصویر شیئر کرنے پر فلمساز اویناش داس کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

احمد آباد پولیس کے ‘ ڈٹیکشن آف کرائم برانچ’ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایچ ایم ویاس نے بتایا کہ داس (46سال) نے 8 مئی کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں شاہ اور سنگھل کو پانچ سال قبل منعقد ایک عوامی تقریب میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا۔ لیکن داس نے اسے لوگوں کو گمراہ کرنے اور مرکزی وزیر کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے ٹوئٹ کیا۔

افسر نے بتایا کہ داس کے خلاف 17 مارچ کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر ایک مورف شدہ تصویر شیئر کرکے قومی پرچم کی توہین کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے جس میں ایک خاتون ترنگا پہنے ہوئے نظر آرہی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ 8 مئی کو ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر کے سلسلے میں داس کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 469 (دھوکہ دہی) اور انفارمیشن ٹکنالوجی (آئی ٹی) ایکٹ کی دفعہ 67 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

انہوں  نے بتایا کہ فیس بک پر شیئر کی گئی تصویر کے سلسلے میں داس کے خلاف ‘پریوینشن آف انسلٹس ٹو نیشنل پرائیڈ ایکٹ’ اور آئی ٹی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

داس نے 2017 کی فلم انارکلی آف آرا کی ہدایت کاری کی ہے جس میں سورا بھاسکر، سنجے مشرا اور پنکج ترپاٹھی نے اداکاری کی تھی۔

غور طلب ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جھارکھنڈ کی کان کنی سکریٹری پوجا سنگھل کو کھونٹی میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (منریگا) کے فنڈز کے مبینہ غبن اور دیگر مشکوک مالی لین دین کے سلسلے میں 11 مئی کو گرفتار کیا تھا۔

سنگھل سے مبینہ طور پر وابستہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور مالیاتی مشیرسمن کمار کو ای ڈی نے 7 مئی کو گرفتار کیا تھا۔ اس سے ایک دن پہلے ان کے ٹھکانوں اور مختلف ریاستوں میں دیگر مقامات پر مرکزی ایجنسی نے چھاپے مار ی کی  تھی۔ چھاپوں میں کمار کے ٹھکانوں سے 19 کروڑ روپے سے زیادہ کی نقدی برآمد کی گئی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)