خبریں

پیغمبر اسلام کے بارے میں متنازعہ تبصرہ: اقوام متحدہ نے کہا – ہم تمام مذاہب کے احترام اور رواداری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں

ایک صحافی نے پیغمبر اسلام کے خلاف ہندوستانی حکمران جماعت کے رہنماؤں کے تبصرےکے سلسلے میں متعدد ممالک کی مذمت پراقوامِ متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوترس کے ردعمل کے بارے میں پوچھا تھا، جس کے جواب میں  ان کے ترجمان اسٹیفن نے یہ بیان دیا۔

علامتی تصویر، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل۔ (فوٹو کریڈٹ: فلکر)

علامتی تصویر، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل۔ (فوٹو کریڈٹ: فلکر)

نئی دہلی: پیغمبر اسلام کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کے متنازعہ تبصرے پر متعدد مسلم ممالک کے شدید ردعمل کے درمیان اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوترس کے ترجمان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی تنظیم تمام مذاہب کے لیے احترام اور رواداری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہے۔

ایک پاکستانی صحافی نے پیغمبر اسلام کے خلاف بی جے پی کی سابق قومی ترجمان نوپور شرما اور پارٹی کی دہلی یونٹ کے میڈیا سربراہ نوین کمار جندل کےتبصرے پر متعدد مسلم ممالک کی مذمت کے پیش نظر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے ردعمل کے بارے میں پوچھاتھا، جس کے جواب میں ان کے ترجمان اسٹیفن نے یہ بیان دیا۔

انہوں  نے سوموار کو اپنی روزانہ کی پریس کانفرنس میں کہا، میں نے اس سے متعلق خبریں دیکھی ہیں۔ میں نے تبصرے بھی دیکھے ہیں۔ میں آپ کو بتا سکتا ہوں کہ ہم تمام مذاہب کے احترام اور رواداری کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

بتادیں کہ پیغمبر اسلام کے خلاف متنازعہ تبصرے کی کئی مسلم ممالک نے مذمت کی ہے۔ دریں اثنا، بی جے پی نے اتوار کو شرما کو معطل کر دیاتھا جبکہ جندل کو پارٹی سےنکال دیاتھا۔

اس سے پہلے قطر، ایران اور کویت نے پیغمبر اسلام کے بارے میں بی جے پی رہنما کے متنازعہ تبصرے پر اتوار کو ہندوستانی سفیروں کو طلب کیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ خلیجی خطے کے اہم ممالک نے ان تبصروں کی مذمت کی ہے اور اپنےسخت اعتراضات درج کیے ہیں۔

معلوم ہو کہ متنازعہ تبصروں پر مسلم کمیونٹی کے احتجاج کے درمیان بی جے پی نے ایک طرح سے دونوں لیڈروں کے بیانات سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتی ہے اور کسی بھی مذہب کی قابل احترام شخصیت کی توہین کوقبول نہیں کرتی۔

وہیں انڈونیشیا، مصر، عمان، اردن، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، بحرین اور افغانستان بھی سوموار کو ان مسلم ممالک کی فہرست میں شامل ہوگئے، جنہوں نے پیغمبر اسلام کے خلاف متنازعہ تبصرے کی مذمت کی اور تمام مذہبی عقائد کے احترام پر زور دیا۔