خبریں

اترپردیش: ریاستی سطح کے ٹورنامنٹ میں کبڈی کھلاڑیوں کو ٹوائلٹ میں رکھا گیا کھانا دیا گیا

سہارنپور میں خواتین کے انڈر 17 ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کو ٹوائلٹ کے اندر رکھا ہوا کھانادیے جانے کاویڈیو سامناآیا ہے، جس کے بعد ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کو معطل کردیا گیا ہے۔

وائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ۔

وائرل ویڈیو کا اسکرین شاٹ۔

نئی دہلی: سوشل میڈیا پر کچھ ایسے ویڈیوز سامنے آئے ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ اتر پردیش کے کبڈی کھلاڑیوں کو بیت الخلا میں رکھا کھانا دیا جا رہا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق، وائرل ویڈیو مبینہ طور پر 16 ستمبر کو سہارنپور میں لڑکیوں کے انڈر 17 ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کے دوران کچھ کھلاڑیوں نے شوٹ کیا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیت الخلا کے اندر جس جگہ مردوں کے لیے سلسلہ وار پیشاب خانے بنائے گئے ہیں، اس کے پاس تیل سے بھرا پین رکھا گیا ہے۔ وہیں پاس میں رکھے ہوئے مختلف برتنوں سے کھلاڑی خود سے چاول اور سبزیاں لے رہے ہیں۔ چاول اور سبزیوں کے برتنوں کے ساتھ زمین پر ہی کاغذ کے ایک ٹکڑے پر پوڑیاں رکھی ہوئی ہیں۔ سامنے ہی  ہاتھ دھونے والے واش بیسن بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک اور ویڈیو میں ملازمین کو ٹوائلٹ سے برتن اٹھاتے  ہوئے اور باہر سوئمنگ پول میں لے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں کھانا پکایا جا رہا ہے۔

وائرل ویڈیو کے تنازع کے بعد ریاستی حکومت نے سہارنپور کے اسپورٹس آفیسر انیمیش سکسینہ کو معطل کر دیا ہے۔

سکسینہ نے دعویٰ کیا تھا کہ جگہ کی کمی کی وجہ سے کھانا چینجنگ روم (ٹوائلٹ) میں رکھا گیا تھا۔

سکسینہ نے کہا تھا، ‘چونکہ بارش ہو رہی تھی… ہم نے سوئمنگ پول کے پاس والے علاقے میں کھانے کا انتظام کیا تھا۔ کھانا سوئمنگ پول کے ساتھ والے چینجنگ روم میں رکھا گیا تھا۔ اسٹیڈیم میں کچھ تعمیراتی کام جاری ہے اور بارش کی وجہ سے کھانے پینے کی چیزیں رکھنے کے لیے کوئی اور جگہ نہیں تھی۔

سہارنپور کے ضلع کلکٹر اکھلیش سنگھ نے کہا، ناقص انتطامات کی شکایتیں تھیں۔ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔ میں نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے اور متعلقہ شخص تین دن میں رپورٹ پیش کریں گے۔ ہم مناسب کارروائی کریں گے۔

وائرل ویڈیو کے بعد کئی سیاسی جماعتوں نے کبڈی کھلاڑیوں کی اس طرح بے عزتی کیے جانے پر حکمران بی جے پی پر حملہ کیا ہے۔

کانگریس نے ٹوئٹ کر کے کہا، یوپی کی کبڈی کھیلنے والی بیٹیوں کو ٹوائلٹ میں کھانا پیش کیا گیا۔ جھوٹے پروپیگنڈے پر کروڑوں خرچ کرنے والی بی جے پی حکومت کے پاس ہمارے کھلاڑیوں کے لیے اچھے انتظامات کرنے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔

تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سوشل میڈیا کنوینر وائی ستیش ریڈی نے ٹوئٹ کیا، اتر پردیش میں کبڈی کھلاڑیوں کو پیش کیا جانے والا کھانا ٹوائلٹ میں رکھا گیا تھا۔ کیا بی جے پی کھلاڑیوں کو  اس طرح عزت دیتی ہے؟

راشٹریہ لوک دل لیڈر جینت چودھری نے ریڈی کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے اس واقعہ کو ذلت آمیز قرار دیتے ہوئے لکھا، ایسا لگتا ہے کہ کرسی کا سکھ لینے والوں کو صرف اپنی سہولت نظر آتی ہے، باقی سب آتم نربھر بنیں!

اس دوران مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ملزم ٹھیکیداروں اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ٹھاکر نے کہا، میں نے ملزم ٹھیکیدار اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایات دی ہیں۔ میں نے یہ بھی ہدایات دی ہیں کہ ٹھیکیدار کو آئندہ کے لیے بلیک لسٹ میں ڈالا جائے۔

Categories: خبریں

Tagged as: , , , ,