خبریں

آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کا ہماچل پردیش میں انتقال

ہندوستان کی آزادی کے بعد پہلے عام انتخابات فروری 1952 میں ہونے تھے، حالانکہ ہماچل پردیش کے کنو رضلع میں اس موسم میں برف باری کے پیش نظر اکتوبر 1951 میں انتخابات کروا دیے گئے تھے۔اس وقت 34 سال کے ماسٹر شیام سرن نیگی نے سب سے پہلے ووٹ ڈالا تھا۔ وہ یکم جولائی 1917 کو ضلع کے کلپا نامی گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔

شیام سرن نیگی۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

شیام سرن نیگی۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کا  ہماچل پردیش کے کنور میں کلپا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر سنیچر کی صبح انتقال ہوگیا۔ وہ  106 سال کے تھے۔

نیگی کی آخری رسومات ریکانگ پیو کے پوواری میں ستلج ندی کے کنارے پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ ان کے بیٹے چندر پرکاش نے پواری کے شمشان گھاٹ میں آخری رسومات کی ادائیگی کی۔

دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق، یکم جولائی 1917 کو ضلع کنور کے کلپا میں پیدا ہوئے شیام سرن نیگی نے جب پہلی بار حق رائے دہی  کا استعمال کیا تھاتو اس وقت وہ  بطور استاد خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی ڈیوٹی بھی الیکشن میں لگی ہوئی تھی۔

ہندوستان کی  آزادی کے بعد فروری 1952 میں عام انتخابات ہونے تھے۔ تاہم ضلع کنور میں اس موسم میں برف باری کے پیش نظر انتخابات 5 ماہ قبل اکتوبر 1951 میں کرائے گئے تھے۔ شیام سرن نیگی، اس وقت 34 سال کے تھے، انہوں نے سب سے پہلے  ووٹ ڈالا تھااور ملک کے پہلے ووٹر بن گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق 1951 سے لے کر اب تک نیگی نے لوک سبھا، ودھان سبھا اور پنچایتی راج کے تمام انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال کیا اوروہ  لوگوں کواس کے لیے بیدار بھی کرتے تھے۔

وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر نے ٹوئٹر پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیگی نے کچھ دن قبل اپنی خراب صحت کے باوجود حق رائے دہی کااستعمال کیا تھا اور یہ بات  انہیں ہمیشہ جذباتی بنائے گی۔

کنور کے ڈپٹی کمشنر ادیب حسین صادق نے کہا کہ نیگی کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے دو دن پہلے نیگی کو ووٹ ڈالنے کے بعد ان کی رہائش گاہ پر جا کر ان کی عزت افزائی کی تھی۔

ہماچل پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر منیش گرگ نے کہا کہ نیگی الیکشن کمیشن کے برانڈ ایمبیسڈر تھے اور ضلعی انتخابی اہلکار بھی ان کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔

چیف منسٹر ٹھاکر نے ٹوئٹ کیا، آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کے انتقال کے بارے میں سن کر دکھ ہوا۔ اپنا فرض ادا کرتے ہوئے انہوں نے 2 نومبر کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے 34ویں مرتبہ ووٹ ڈالا تھا۔ یہ باتیں مجھے ہمیشہ جذباتی بنائے گی۔

الیکشن کمیشن نے نیگی کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں جمہوریت پر بہت اعتماد تھا۔

کمیشن کے ایک ترجمان نے کہا، وہ نہ صرف آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر تھے بلکہ جمہوریت میں کامل یقین رکھنے والے شخص بھی تھے۔ الیکشن کمیشن  شیام سرن نیگی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ ہم ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کے بے حد مشکور ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ٹوئٹ کیا،الیکشن کمیشن ہماچل پردیش کے فخر اور آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کو سلام کرتا ہے۔ نیگی 1951 سے مسلسل ووٹ ڈالتے رہے۔ 2 نومبر کو بھی انہوں نے الیکشن کمیشن سے گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت کا فائدہ اٹھا کر اپنا فرض ادا کیا۔ نیگی کی یہ فرض شناسی  نوجوان ووٹروں کے لیے ایک مثال ہونی چاہیے۔

الیکشن کمیشن نے ٹوئٹ کیا،’نیگی نے لاکھوں لوگوں کو ووٹ دینے کی ترغیب دی اور 2 نومبر کو اپنی موت سے پہلے، پوسٹل بیلٹ کے ذریعے، ہماچل پردیش اسمبلی الیکشن 2022 کے لیے اپنا ووٹ ڈالا۔’

ایک اور ٹوئٹ میں کمیشن نے کہا، ‘آزاد ہندوستان کے پہلے  ووٹر ہی نہیں، بلکہ جمہوریت میں کامل یقین رکھنے والے شخص شیام سرن نیگی کے انتقال پر الیکشن کمیشن تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔ ہم ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات کے لیے ہمیشہ ان کے مشکور ہیں۔

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس نے بھی نیگی کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

بی جے پی نے کہا، ‘بی جے پی آزاد ہندوستان کے پہلے ووٹر شیام سرن نیگی کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ بھگوان ان کی روح کو سکون دے۔

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)