خبریں

نوٹ بندی معاملے میں سپریم کورٹ نے سرکار کی شنوائی ملتوی کرنے کی درخواست کو ’شرمناک‘ بتایا

مودی حکومت کےنوٹ بندی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی 58عرضیوں کو سپریم کورٹ کی آئینی بنچ سےمرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئےاٹارنی جنرل نے  حلف نامہ تیار نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے کارروائی  ملتوی کرنے کو کہا تھا۔  عدالت نے کہا کہ آئینی بنچ اس طرح سے  کام نہیں کرتی اور یہ انتہائی تکلیف دہ  صورتحال ہے۔

سپریم کورٹ (فوٹو : پی ٹی آئی)

سپریم کورٹ (فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کے مرکز کے 2016 کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سماعت 24 نومبر تک ملتوی کر دی۔

جسٹس ایس اے نذیر کی سربراہی والی  پانچ رکنی آئینی بنچ نے شنوائی  ملتوی کی۔ اس سے قبل اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمانی نے اس معاملے میں مکمل حلف نامہ داخل کرنے کے لیے وقت مانگا تھا۔

بنچ میں جسٹس بی آر گوئی، جسٹس اے ایس بوپنا، جسٹس وی راما سبرامنیم اور جسٹس بی وی ناگ رتنا بھی شامل رہے۔ وینکٹ رمانی نے مکمل حلف نامہ تیار نہ کر پانے پر معذرت طلب کی  اور مزید ایک ہفتہ کا وقت مانگا۔

جسٹس ناگ رتنا نے کہا کہ عام طور پر آئینی بنچ اس طرح سے کام نہیں کرتی ہے اور یہ بہت تکلیف دہ ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، جسٹس ناگ رتنا نے کہا، عام طور پر آئینی بنچ کبھی بھی اس طرح ملتوی نہیں ہوتی ہے۔ ایک بار جب ہم شروع کرتے ہیں تو ہم اس طرح کبھی نہیں اٹھتے ۔ یہ اس عدالت کے لیے انتہائی شرمناک ہے۔

عرضی گزار وویک نارائن شرما کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل شیام دیوان نے کہا کہ آئینی بنچ سے سماعت ملتوی کرنے کو کہنا بہت ہی غیر معمولی واقعہ ہے۔ سینئر وکیل پی چدمبرم نے فریقین میں سے ایک کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ یہ ایک تکلیف  دہ صورتحال ہے۔

اس کے بعد سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو حلف نامہ داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا۔

بنچ 8 نومبر 2016 کو مرکز کے نوٹ بندی کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی 58 عرضیوں کی سماعت کر رہی ہے۔

غور طلب ہے کہ 16 دسمبر 2016 کو اس وقت کے چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی سربراہی والی بنچ نے مرکزی حکومت کے فیصلے کے جواز اور دیگر متعلقہ معاملات کےآفیشیل فیصلے کے لیے پانچ ججوں کی بڑی بنچ کے پاس بھیج دیا تھا۔

وہیں، حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرنے والے عرضی گزار کہتے رہے ہیں کہ اس میں آئینی اہمیت کے معاملے شامل ہیں۔ انہوں نے استدلال کیا ہے کہ یہ سوال اب بھی کافی حد تک زندہ ہے کہ کیا حکومت کسی خاص طبقے کی پوری کرنسی کو ڈیمونیٹائز کرنے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا ایکٹ 1934 کو لاگو کر سکتی ہے اور اگر اس کا جواب نہیں دیاجاتا تو حکومت مستقبل میں بھی ایسا کر سکتی ہے۔

وہیں، عدالت نے پہلے کہا ہے کہ وہ اس کے لیے اختیار کیے گئے عمل اور طریقہ کار کی جانچ کرے گی جس کے تحت  نوٹ بندی کو لاگو کیا گیا تھا۔

بتادیں کہ 12 اکتوبر کو بنچ نے کہا تھا، حکومت کی سمجھداری  اس معاملے کا ایک پہلو ہے، اور ہم جانتے ہیں کہ لکشمن ریکھا کہاں ہے۔ لیکن جس طریقے سے یہ کیا گیا ہے اور جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے اس کی جانچ پڑتال کی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے ہمیں شنوائی کی ضرورت ہے…’

(خبررساں  ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)