خبریں

معروف اداکار وکرم گوکھلے کا انتقال

تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلموں میں اداکاری کرنے والے وکرم گوکھلےنے کئی مراٹھی اور ہندی فلموں میں اپنی شناخت بنائی تھی۔ ان کی پردادی  درگا بائی کامت ہندوستانی سنیما کی پہلی خاتون اداکارہ تھیں، جبکہ ان کی دادی کملا بائی گوکھلے ہندوستانی سنیما کی پہلی خاتون چائلڈ آرٹسٹ تھیں۔

وکرم گوکھلے۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@ پرکاش جاوڈیکر)

وکرم گوکھلے۔ (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر/@ پرکاش جاوڈیکر)

نئی دہلی:معروف  اداکار وکرم گوکھلے کاسنیچر کو پونے کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ہسپتال کے ذرائع نے یہ اطلاع دی۔

گوکھلے 77 سال کے تھے اور انہیں صحت کی خرابی کے باعث 5 نومبر کو شہر کے دینا ناتھ منگیشکر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

اداکار کے فیملی فرینڈ نے بتایا کہ ان کی جسد خاکی کو شہر کے بال گندھرو آڈیٹوریم میں رکھا جائے گا اور شام کو ویکنٹھ شمشان میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

سنیچر کو ان کی بیٹی نے کہا، اس بات کی تصدیق کی جاتی  ہے کہ وکرم گوکھلے کا آج دوپہر انتقال ہو گیا۔ ہم اس مشکل وقت میں آپ کی نیک خواہشات، تعاون اور دعاؤں کے لیے آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔

سنیچر کی صبح اسپتال نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اداکار کی طبیعت قدرے بگڑ گئی ہے، انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلموں میں اداکاری کرتے ہوئے گوکھلے نے کئی مراٹھی اور ہندی فلموں میں اپنی شناخت بنائی۔

مراٹھی تھیٹرسے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد  وہ سلیم لنگڑے پر مت رو (1986)، امیتابھ بچن کی اداکاری والی اگنی پتھ (1990)، خدا گواہ (1992)، آندولن (1995)، ہم دل دے چکے صنم (1999)، ہے رام (2000)، کسنا: دی واریر پوئٹ (2005)، بھول بھلیا (2007)، دے دنا دان (2009)، نٹ سمراٹ (2015)، عیاری (2018) اور مشن منگل (2019) سمیت کئی ہندی فلموں میں میں نظر آئے۔

ہندی فلم نکما ریلیز ہوئی تھی،جس میں وہ شلپا شیٹی اور ابھیمنیو شیوداسانی کے ساتھ نظر آئے تھے۔ سال 2021 میں ان کی آخری مراٹھی فلم ‘گوداوری’ ریلیز ہوئی تھی۔ جس میں انہوں نے نینا کلکرنی اور جتیندر جوشی کے ساتھ کام کیا تھا۔

ان کی مراٹھی فلموں میں بالا گئو کاشی انگار (1977)، کلات نکلت (1991)، لپنڈو (1993)، وزیر (1994)، مکتا (1994)، انومتی (2013)، نٹ سمراٹ (2015) اور اے بی انی سی ڈی (2020) شامل ہیں۔ مراٹھی زبان میں گوکھلے کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم ’آگھات‘ تھی۔

اس کے علاوہ وہ ‘گھر آجا پردیسی’، ‘الپ ورام’، ‘جانا نہ دل سے دور’، ‘سنجیونی’ اور ‘اندر دھنش’ جیسے مشہور سیریلز میں بھی نظر آئے تھے۔

گوکھلے نے مراٹھی فلم آشتی کے لیے 2013 میں 60 ویں نیشنل فلم ایوارڈز میں بہترین اداکار کا قومی ایوارڈ جیتا تھا۔

پسماندگان میں ان کی اہلیہ ورشالی گوکھلے اور دو بیٹیاں ہیں۔

وکرم گوکھلے 14 نومبر 1945 کو پونے (سابقہ بمبئی پریزیڈنسی) میں پیدا ہوئے۔ ان کی پردادی درگابائی کامت ہندوستانی سنیما کی پہلی خاتون اداکارہ تھیں، جبکہ ان کی دادی کملا بائی گوکھلے (اس وقت کملا بائی کامت) ہندوستانی سنیما کی پہلی خاتون چائلڈ آرٹسٹ تھیں۔

ان کے والد چندرکانت گوکھلے ایک تجربہ کار مراٹھی فلم اور تھیٹر آرٹسٹ تھے۔ انہوں نے 70 سے زائد مراٹھی اور ہندی فلموں میں اداکاری کی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)