خبریں

وزیر اعظم نے 2019 سے اب تک 21 غیر ملکی دورے کیے، 22.76 کروڑ روپے خرچ ہوئے: حکومت

وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ حکومت نے  2019 سےصدر کے دورے کے لیے تقریباً 6.25 کروڑ روپے، وزیر اعظم کے دورے کے لیے 22.76 کروڑ روپے  اور وزیر خارجہ کے دورے کے لیے 20.87 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ صدر نے آٹھ غیر ملکی دورے کیے، جبکہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 86 غیر ملکی دورے کیے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی۔ (فوٹو بہ شکریہ: پی آئی بی)

وزیر اعظم نریندر مودی۔ (فوٹو بہ شکریہ: پی آئی بی)

نئی دہلی: حکومت نے جمعرات کو پارلیامنٹ کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019 سے اب تک 21 غیر ملکی دورے کیے ہیں، جن پر 22.76 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی صدر کے غیر ملکی دوروں پر تقریباً 6.25 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے راجیہ سبھا کو ایک سوال کے تحریری جواب میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ 2019 سے حکومت نے صدر کے دورے پر 62431424 روپے، وزیر اعظم کے دورے پر 227676934 روپے اور وزیر خارجہ کے دورے پر 208701475 روپے خرچ کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2019 سے صدر کے دوروں پر 62431424 روپے خرچ ہو ئے ہیں۔ یہ دورے کروشیا، بولیویا، چلی، بینن، گیمبیا، گنی، سوئٹزرلینڈ، سلووینیا، فلپائن، جاپان، بنگلہ دیش، ترکمانستان، ہالینڈ، جمیکا اور برطانیہ کے کیے گئے۔

مرلی دھرن نے بتایا کہ 2019 سے اب تک وزیر اعظم کے غیر ملکی دوروں پر 227676934 روپے خرچ ہوئے ہیں۔ یہ دورے کوریا، مالدیپ، سری لنکا، کرغزستان، جاپان، بھوٹان، فرانس، بحرین، متحدہ عرب امارات، روس، امریکہ، سعودی عرب، تھائی لینڈ، برازیل، اٹلی، گلاسگو، جرمنی، ڈنمارک، نیپال، ازبیکستان اور نیپال وغیرہ میں کیے گئے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2019 سے اب تک وزیر خارجہ کے دورے پر 208701475 روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ ان دوروں میں امریکہ، روس، چین، جاپان، فرانس، متحدہ عرب امارات، نیپال، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، سربیا، اٹلی، ایران وغیرہ جیسے ممالک شامل ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق، مرلی دھرن نے کہا کہ 2019 سے اب تک صدر نے آٹھ غیر ملکی دورے کیے ہیں، جبکہ وزیر اعظم نے 21 اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے 86 غیر ملکی دورے کیے۔ 2019 سے وزیر اعظم مودی تین بار جاپان، دو بار امریکہ اور ایک بار یو اے ای کا دورہ کر چکے ہیں۔

آٹھ میں سے سات صدارتی دورے رام ناتھ کووند نے کیے تھے، جبکہ موجودہ صدر دروپدی مرمو نے ستمبر 2022 میں برطانیہ کا دورہ کیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے  ان پٹ کے ساتھ)