خبریں

پریکشا پہ چرچہ کے پانچ پروگراموں پر 28 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہوئے: حکومت

‘پریکشا پہ چرچہ’ایک سالانہ پروگرام ہے، جس کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی بورڈ کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ سے بات چیت کرتے ہیں۔ طلبہ  کے ساتھ وزیر اعظم کے اس انٹر ایکٹو پروگرام کا پہلا ایڈیشن 16 فروری 2018 کو منعقد  کیا گیا تھا۔

گزشتہ 27 جنوری کو نئی دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں پریکشا پہ چرچہ کے 6 ویں ایڈیشن کے دوران طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی۔ (فوٹو بہ شکریہ: پی آئی بی)

گزشتہ 27 جنوری کو نئی دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں پریکشا پہ چرچہ کے 6 ویں ایڈیشن کے دوران طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی۔ (فوٹو بہ شکریہ: پی آئی بی)

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے طلبہ، والدین اور اساتذہ کے ساتھ کیے جانے والے مکالمے کے پروگرام ‘پریکشا پہ چرچہ’ کے پہلے پانچ پروگراموں پر 28 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہو ئے ہیں۔

وزارت تعلیم نے یہ اطلاع دی۔

اس پروگرام کا چھٹا ایڈیشن 27 جنوری کو دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں منعقد ہوا تھا۔

لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر مملکت اناپورنا دیوی نے بتایا کہ 2018 میں ‘پریکشا پہ چرچہ’ پروگرام پر 3.67 کروڑ روپے، 2019 میں 4.93 کروڑ روپے، 2020 میں 5.69 کروڑ روپے، 2021 میں 6 کروڑ اور 2022 میں 8.61 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

پریکشا پہ چرچہ پروگرام پر خرچ کی گئی رقم۔ (ماخذ: لوک سبھا)

پریکشا پہ چرچہ پروگرام پر خرچ کی گئی رقم۔ (ماخذ: لوک سبھا)

وزیر کے جواب میں رواں سال کے پروگرام پر ہونے والے اخراجات کی کوئی تفصیل نہیں ہے۔

پریکشا پہ چرچہ ایک سالانہ پروگرام  ہے، جس کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی بورڈ کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ سے بات چیت کرتے ہیں۔ طلبہ کے ساتھ وزیر اعظم کے اس انٹرایکٹو پروگرام کا پہلا ایڈیشن 16 فروری 2018 کو منعقد کیا گیا تھا۔

اس سال اس پروگرام میں حصہ لینے کے لیے ریکارڈ 38 لاکھ طلبہ نے رجسٹریشن کروائی تھی۔ پچھلے سال رجسٹریشن کی تعداد کم از کم 15 لاکھ سے زیادہ تھی۔

یہ سوال لوک سبھا کی رکن مالا رائے نے پوچھا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی جانکاری  مانگی تھی کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران سرکاری سرپرستی میں چلنے والے اسکولوں کے سالانہ بجٹ کی سال وار تفصیلات کیا ہیں؟

اس کے جواب میں اناپورنا دیوی نے کہا کہ تعلیم آئین کی کنکرنٹ لسٹ میں ایک مضمون ہے اور زیادہ تر اسکول ریاستی حکومتوں کے دائرہ اختیار میں ہیں۔ ریاستی حکومت کے زیر اہتمام اسکولوں کے سالانہ بجٹ کا ڈیٹا مرکزی سطح پر جمع یا مرتب نہیں کیا جاتا ہے۔ جہاں تک کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن اور نوودیا ودیالیہ سنگٹھن کا تعلق ہے، پچھلے پانچ سالوں کے سالانہ بجٹ کی تفصیلات ذیل میں دی گئی ہیں۔

Kendriya-and-Naviday-Vidyalaya-Buget-e1675754032371

ان کے مطابق، کیندریہ ودیالیوں کا بجٹ سال 2017-18 میں 4997.25 کروڑ روپے، 2018-19 میں 5006.75 کروڑ روپے، 2019-20 میں 6331.40 کروڑ روپے، 2020-21 میں 6437.68 کروڑ روپے اور سال 2021-2 میں 6800 کروڑ روپے تھا۔

وہیں  نوودیہ ودیالیوں کا بجٹ سال 2017-18 میں 3185 کروڑ روپے، 2018-19 میں 3213 کروڑ روپے، 2019-20 میں 3387.60 کروڑ روپے، 2020-21 میں 3480 کروڑ روپے اور سال 2021-22 میں 3740 کروڑ روپے تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)