خبریں

ممتا بنرجی نے بی جے پی سے کہا، رام کا نام بدنام نہ کرو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کو ایک ریلی کے دوران کہا کہ بی جے پی انتخابی فائدے کے لیے تفرقہ انگیز اور انتقامی سیاست میں گہری ڈوبی ہوئی ہے اور اسے بھگوان رام کے ساتھ ساتھ ملک کو بدنام کرنے سے باز آنا چاہیے۔

ممتا بنرجی: فوٹو: پی ٹی آئی

ممتا بنرجی: فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز کہا کہ بی جے پی انتخابی فائدے کے لیے تفرقہ انگیز اور انتقامی سیاست میں گہری ڈوبی ہوئی ہے اور اسے بھگوان رام کے ساتھ ساتھ ملک کو بدنام کرنے سے باز آنا چاہیے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق، مرشد آباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بنرجی نے کہا، ‘رام کا نام ایسے بدنام نہ کرو۔ بی جے پی کو اس طرح ملک کو بدنام نہیں کرنا چاہیے۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایجنسیوں کے استعمال سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ اس سے انہیں ووٹ نہیں ملے گا۔

اس دوران ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سپریمو ممتا بنرجی نے تمام اپوزیشن جماعتوں سے بی جے پی کے خلاف متحد ہونے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا، ‘اس پارٹی کو شکست دینے کے لیے ہمیں مل کر لڑنا ہوگا۔ ان علاقوں سے میدان میں اتریں جو آپ کے گڑھ ہیں۔ مجھے ساتھ مل کر لڑنے میں کوئی پریشانی نہیں ہے۔

اتر پردیش جیسی ریاستوں میں انکاؤنٹر میں ہونے والی ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بنرجی نے کہا، یہ پارٹی صرف دو چیزیں جانتی ہے – ‘ٹھوک دو’ اور ‘دھماکہ کر دو’۔ ہم نے این آر سی اور بلقیس بانو کیس پر اس کا موقف دیکھا ہے۔ ہم نے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات بھی دیکھے ہیں جنہیں بی جے پی کی سرپرستی حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا، ‘بی جے پی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سی بی آئی جیسی مرکزی ایجنسیوں (اپوزیشن لیڈروں کے پیچھے) کو بھیجتی ہے ، جب افسرکہتے ہیں کہ اس شخص نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے اور اس کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے، تو پارٹی رہنما اس سے من گھڑت مقدمات بنانے کو کہتے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کا حقیقی لیڈر کون ہے؟ وہ جو محب وطن ہے اور سب کو پیار کرتا ہے۔ حقیقی رہنما وہ ہے جو لوگوں کو متحد کرے اور تمام مذاہب کا احترام کرے۔ جوٹھکرایا  جاتا ہے وہ ہمیشہ ناکاراہی جاتا  رہے گا۔