خبریں

ہندوستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز

ہندوستان میں کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے اب تک 1007 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متاثرین کی مصدقہ تعداد 31 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی : وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 73 افراد کی موت ہوئی جوکورونا وائرس کی وبا سے ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے کہا کہ کووڈ-انیس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد دوگنا ہونے کی شرح میں گراوٹ آئی ہے اور اب 10.9 دنوں میں یہ تعداد دوگنا ہورہی ہے جبکہ اس ماہ کے اوائل میں یہ شرح چار دن تھی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت یاب ہونے والوں کی شرح 24.56 فیصد ہے اور اب تک 7696 افراد صحت یا ب ہوچکے ہیں۔

اس دوران 29 اپریل کی صبح تک کورونا وائر سے متاثرین کی تعداد 31408 ہوگئی تھی۔ سب سے زیادہ تشویشناک صورت حال اقتصادی دارالحکومت ممبئی کی ہے جہاں متاثرین کی تعداد 6169 ہوگئی ہے جبکہ پوری ریاست مہاراشٹر میں یہ تعداد 9318 ہے۔ماہرین صحت کا خیال ہے کہ آنے والے دن کورونا وائرس پر قابو پانے کے لحاظ سے کافی اہم ہوں گے کیونکہ اس وبا کی کم شدت والے علاقوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی دی جائے گی۔

کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کے رکن اور دہلی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رندیپ گلیریا کا اس حوالے سے کہنا تھا،سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہمیں سب سے زیادہ توجہ نشان زد ہاٹ اسپاٹ، جسے ہم ریڈ زون کہتے ہیں، پر دینی ہوگی تاکہ وہاں سے انفیکشن گرین زون میں نہ پہنچنے پائے۔ ڈاکٹر گلیریا کا کہنا تھا کہ ہمیں ہاتھ دھونے، حفظان صحت، ماسک پہننے اور ادھر ادھر تھوکنے جیسی عادتوں کے متعلق ہندوستانیوں کی طرز زندگی میں زبردست تبدیلی لانی ہوگی۔

کانگریس کا حکومت سے سوال

یہ امر قابل ذکر ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملک میں معاشی سرگرمیاں تقریباً ٹھپ پڑگئی ہیں۔ مالی تجزیے کے عالمی ادارہ موڈیز نے منگل 28 اپریل کوجاری اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اقتصادی سرگرمیاں بند ہوجانے کی وجہ سے رواں مالی سال میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح صفر اعشاریہ دو(0.2) فیصد تک گر سکتی ہے۔

اس دوران اپوزیشن کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ تین مئی کو لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد کے لائحہ عمل سے ملک کوآگاہ کریں۔

ہندوستان میں گزشتہ25 مارچ سے لاک ڈاؤ ن جاری ہے۔ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ دنوں وزرائے اعلیٰ کے ساتھ اپنی میٹنگ میں ملک سے لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کے سلسلے میں بھی تبادلہ خیال کیا تھا۔ میٹنگ میں بعض وزرائے اعلیٰ نے لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم سے سوال کیا،لاک ڈاؤن کے بعد کے لیے صحت کے محاذ پر اور اقتصادی محاذ پر حکومت کا لائحہ عمل کیا ہے۔ 3 مئی کے بعد کے لیے حکومت کے پاس مستقبل کا کیا روڈ میپ ہے؟ وزیر اعظم مودی نے مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے بے روزگار ہوچکے مزدوروں اور چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروباریوں کے مسائل کو حل کرنے کا کیا پروگرام بنایا ہے؟

نیم فوجی دستے کی پوری بٹالین قرنطینہ میں

 دریں اثنا قومی دارالحکومت دہلی میں تعینات ہندوستانی نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کی ایک بٹالین کے 47 جوانوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک 55 سالہ جوان کی موت ہوچکی ہے۔ اس کے بعد تقریباً ایک ہزار جوانوں پر مشتمل پوری بٹالین کو قرنطینہ کردیا ہے۔

ہندوستانی وزیر داخلہ امت شاہ نے سی آر پی ایف کے سب انسپکٹر محمد اکرام حسین کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔