پنوں کے قتل کی سازش میں را کے سابق افسر نے ڈرگس اور ہتھیاروں کے سودے کی پیشکش کی تھی: امریکی دستاویز

بائیں سے: وکاس یادو، نکھل گپتا کے خلاف امریکی محکمہ انصاف کی فرد جرم میں دکھائی گئی پیشگی ادائیگی کی تصویر اور گروپتونت سنگھ پنوں۔ (تصویریں: فائل)

گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے معاملے میں گرفتار نکھل گپتا کو سزا سنائے جانے سے قبل امریکی استغاثہ نے عدالت میں داخل نئے دستاویز میں را کے سابق افسر وکاس یادو پر منی پور میں طیارے کو ہوائی اڈے سے منظوری دلانے اور ہتھیار دستیاب کرانے کی پیشکش کا الزام لگایا گیا ہے۔ استغاثہ نے گپتا کو 24 سال سے زیادہ کی  جیلکی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

نئی دہلی: امریکی استغاثہ کی جانب سے عدالت میں داخل ایک دستاویز کے مطابق، ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے سابق افسر وکاس یادو نے منی پور کی راجدھانی امپھال میں ایک طیارے کو ہوائی اڈے سے منظوری دلانے کی پیشکش کی تھی۔

بتایا گیا تھا کہ اس طیارے میں منشیات لے جائی جا رہی تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مجوزہ ڈرگس اور ہتھیاروں کے سودے کے تحت اے کے-56 رائفلیں اور ایم-20 پستول دستیاب کرانے کی بھی پیشکش کی تھی۔ یہ سودا نیویارک میں سکھ علیحدگی پسند رہنما گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش سے جڑا ہوا تھا۔

یہ نئے انکشافات امریکی استغاثہ کی جانب سے نکھل گپتا کو سزا سنائے جانے سے قبل عدالت میں داخل ایک دستاویز میں کیے گئے ہیں۔ استغاثہ نے جج سے نکھل گپتا کو 24 سال سے کچھ زیادہ کی جیل کی سزا سنانے کی درخواست کی ہے۔

گپتا نے قتل کی سازش میں اپنے رول کوقبول کرتے ہوئے جرم کا اعتراف کر لیا تھا۔ انہیں 20 نومبر کو نیویارک کے جنوبی ضلع کی امریکی ضلعی عدالت کے جج وکٹر میررو سزا سنائیں گے۔

سزا کو لے کر عدالت میں داخل اپنے موقف میں استغاثہ نے 235 سے 293 ماہ کی مقررہ مدت کی بالائی حد کے مطابق سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ نکھل گپتا کو 235 سے 293 ماہ، یعنی تقریباً 19 سال 7 ماہ سے 24 سال 5 ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ استغاثہ چاہتا ہے کہ اس مدت کی سب سے زیادہ سزا، یعنی 293 ماہ قید سنائی جائے۔

استغاثہ نے اس معاملے کو امریکی سرزمین پر ایک امریکی شہری کے ’سیاسی قتل کی کوشش‘ قرار دیا ہے۔

امریکی اٹارنی کی جانب سے عدالت میں داخل یہ پہلا عوامی دستاویز ہے، جس میں واضح طور پر گروپتونت سنگھ پنوں کو قتل کی سازش کا ہدف بتایا گیا ہے۔ تاہم پنوں اس سے پہلے بھی عوامی سطح پر خود کو اس مبینہ سازش کا نشانہ قرار دے چکے ہیں۔

استغاثہ نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ ’ایسی سزا سنائی جائے جو جرم کی سنگینی کے مطابق ہو اور یہ پیغام دے کہ اس ملک میں لوگوں کی آواز کو تشدد کے ذریعے دبانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔‘

استغاثہ نے عدالت میں پنوں کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری بیان کا بھی حوالہ دیا، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ اس واقعہ کا ان پر کیا اثر پڑا۔ استغاثہ کے مطابق، اس بیان سے پتہ چلتا ہے کہ اس سازش نے کارکنوں کی پوری برادری کے تحفظ کے احساس کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

نکھل گپتا کو جون 2024 میں چیک ریپبلک سے امریکہ کے حوالے کیا گیا تھا۔ وہ فی الحال امریکی وفاقی حکام کی تحویل میں ہیں۔ (تصویر: حوالگی سے چند روز قبل، 18 جون 2024 کو چیک پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے ویڈیو کا اسکرین شاٹ)

دفاعی فریق کا کہنا ہے کہ قتل کی سازش سے گپتا کو کوئی مالی فائدہ نہیں ہونے والا تھا

گپتا کے دفاعی فریق نے عدالت سے انہیں 144 ماہ، یعنی 12 سال قید کی سزا سنانے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں پروبیشن آفس کی سفارش کی حمایت کی ہے۔

دفاع کا استدلال ہے کہ سزا کے تعین کے لیے استعمال کیے گئے رہنما اصولوں کے تحت گپتا کے کردار اور ذمہ داری کو حقیقت سے کہیں زیادہ سنگین بنا کر پیش کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قتل کی سازش سے گپتا کو کوئی مالی فائدہ حاصل نہیں ہونے والا تھا اور وہ اس ہندوستانی سرکاری ملازم کے دباؤ میں کام کر رہے تھے، جس نے انہیں اس سازش میں شامل کیا تھا۔

دہلی کے 55 سالہ گپتا نے 13 فروری 2026 کو اس سازش سے متعلق تین الزامات میں اپنا جرم قبول کر لیا تھا۔ ان میں پیسے دے کر قتل کرانے کی سازش، پیسےدے کر قتل کرانے اور منی لانڈرنگ کی سازش کے الزام شامل ہیں۔

امریکہ کی درخواست پر انہیں 30 جون 2023 کو چیک ریپبلک میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 14 جون 2024 کو امریکہ کے حوالے کرکے نیویارک لایا گیا۔ گرفتاری کے بعد سے ہی وہ حراست میں ہیں۔

استغاثہ کے مطابق، گپتا ایک ایسے شخص سے رابطہ بڑھا رہے تھے، جسے وہ بڑے پیمانے پر منشیات کی اسمگلنگ کرنے والا کاروباری سمجھتے تھے۔ تاہم حقیقت میں وہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا تھا۔ اسی شخص نے گپتا کی ملاقات ایک دوسرے شخص سے کرائی، جسے گپتا سپاری لے کرقتل کرنے والا شخص سمجھتے تھے، لیکن وہ دراصل امریکی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک خفیہ اہلکار تھا۔

استغاثہ کا الزام ہے کہ گپتا نے اپنے ایک ساتھی سے پنوں کے قتل  کے کام میں مدد مانگی تھی۔ اس کے بدلے اسے منشیات اور اسلحے کا کاروبار کرنے کا موقع دینے کی پیشکش کی گئی تھی۔

عدالت میں داخل دستاویز کے مطابق، گپتا نے پنوں کے قتل میں مدد کے بدلے اپنے ساتھی کو منشیات اور اسلحے کا کاروبار کرنے کا موقع دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس کے لیے اس نے یادو سے کہا تھا کہ وہ اس ساتھی کے طیارے کو امپھال ہوائی اڈے سے کلیئرنس دلانے میں مدد کریں، جس میں مبینہ طور پر منشیات بھری ہوئی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی اسے فروخت کرنے کے لیے اسلحہ بھی دستیاب کرائیں۔ گپتا کو امید تھی کہ انہیں بھی ان سودوں سے منافع حاصل ہوگا۔

دی وائر نے ستمبر 2025 میں عدالت میں داخل دستاویزوں کی بنیاد پر رپورٹ شائع کی تھی کہ را کے سابق افسر وکاس یادو نے مبینہ طور پر اسلحے سے بھرے ایک طیارے کو ہوائی اڈے سے کلیئرنس دلانے اور اسلحہ فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

عدالت میں داخل نئے دستاویز میں اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کو منی پور کی راجدھانی امپھال کے ہوائی اڈے سے کلیئرنس دلانے کی پیشکش کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ان ہتھیاروں کے نام بھی بتائے گئے ہیں، جنہیں یادو نے مبینہ طور پر دستیاب کرانے کی پیشکش کی تھی۔

گروپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے معاملے میں امریکی استغاثہ نے اس تصویر کو ثبوت کے طور پر  پیش کیا ہے۔

یادو نے مبینہ طور پر امپھال ہوائی اڈے سے کلیئرنس دلانے اور ہتھیار دستیاب کرانے کی پیشکش کی تھی

استغاثہ کی جانب سے عدالت میں داخل دستاویز کے مطابق، 22 جون 2023 کے آس پاس یادو نے گپتا سے کہا تھا کہ وہ ’اے کے-56، 81 اور 94‘ رائفلوں اور ’توکاروف/ایم-20‘ پستولوں کی فروخت کا انتظام کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے منی پور کی راجدھانی امپھال میں طیارے کو ہوائی اڈے سے کلیئرنس دلانے کا انتظام کرنے کی پیشکش بھی کی تھی۔

استغاثہ کا کہنا ہے کہ یادو نے گپتا کی اس تجویز سے اتفاق کیا تھا، لیکن اس کے لیے ایک شرط رکھی تھی کہ پنوں کا قتل ہونا چاہیے۔ دستاویز میں یادو کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ان کی مدد اسی صورت میں حاصل ہوگی ،جب قتل کی سازش کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔

یادو نے مبینہ طور پر لکھا تھا،’باقی زیادہ تر باتوں کا انحصار اس پر ہوگا کہ ہمیں کیا کام کرنا ہے۔ اگر یہ کام پوری طرح صحیح طریقے سے ہو گیا تو باقی سب سنبھال لیا جائے گا، بھائی جی۔‘

امریکی استغاثہ نے اکتوبر 2024 میں عوامی کی گئ فرد جرم میں پہلی بار وکاس یادو کا نام شامل کیا تھا۔

اس وقت وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ یادو ’اب حکومت ہند کے ملازم نہیں ہیں۔‘

جنوری 2025 میں وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ حکومت کی جانب سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے ایک شخص کے خلاف ’قانونی کارروائی‘ کی سفارش کی ہے۔ وزارت کے مطابق، تحقیقات کے دوران اس شخص کے مجرمانہ روابط اور سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کا بھی پتہ چلا تھا۔ تاہم وزارت نے اس شخص کا نام ظاہر نہیں کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، دہلی پولیس نے دسمبر 2023 میں اغوا اور جبراً  وصولی کے ایک الگ معاملے میں وکاس یادو کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا تھا۔ انہیں اپریل 2024 میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ فی الحال وہ کہاں ہیں، اس بارے میں کوئی جانکاری نہیں ہے۔

انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔