انسانی حقوق پر شاندار صحافت کے لیے دی وائر کی شروتی شرما کو ملا ایچ آر آر ایف جرنلزم ایوارڈ

شروتی شرما، بیک گراؤنڈ میں نوئیڈا کی مزدور تحریک پر ان کی رپورٹنگ۔ (تصویر: دی وائر)
ہیومن رائٹس اینڈ ریلیجس فریڈم جرنلزم ایوارڈز 2026 میں دی وائرکی جرنلسٹ شروتی شرما کو انسانی حقوق اور مذہبی آزادی سے متعلق بہترین رپورٹنگ (ہندی) کے زمرے میں ایوارڈ ملا ہے۔ نوئیڈا کی مزدور تحریک اور اس کے بعد پولیس کارروائی سے متعلق ان کی رپورٹس کو اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ وہیں دی وائر کے ہی صحافی انکت راج اسی زمرے میں فائنلسٹ رہے۔
نئی دہلی: ہندوستان میں انسانی حقوق، مذہبی آزادی اور جمہوری حقوق سے متعلق مسائل پر بہترین صحافت کو یہ اعزاز دینے کے لیے منعقد پانچویں ہیومن رائٹس اینڈ ریلیجس فریڈم (ایچ آر آر ایف) جرنلزم ایوارڈز 2026 کے فاتحین کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس سال دی وائر کی جرنلسٹ شروتی شرما کو انسانی حقوق اور مذہبی آزادی پر بہترین رپورٹنگ (ہندی) کے زمرے میں ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ وہیں دی وائر کے ہی صحافی انکت راج اس زمرے میں فائنلسٹ رہے۔
گزشت14نومبر کو امریکہ کےکیلیفورنیا کے فریمونٹ میں انڈین امریکن مسلم کونسل (آئی اے ایم سی) کی سالانہ تقریب کے دوران ان ایوارڈز کا اعلان کیا گیا۔ ان ایوارڈز کے ذریعے ہندوستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی، مذہبی امتیاز، جبری بے دخلی، من مانی گرفتاریوں، نگرانی، ماب لنچنگ اور حاشیے پر کھڑی برادریوں کے خلاف امتیازی سلوک جیسے مسائل پر کی جانے والی صحافت کو اعزاز سے نوازا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل شروتی شرما اور انکت راج سال 2025 میں بھی اسی زمرے کے تین فائنلسٹ میں شامل تھے۔ اس وقت ان کی خبریں ہریانہ انتخابات اور سنبھل تشدد پر مبنی تھیں۔
شروتی شرما کی نوئیڈا مزدور تحریک پر رپورٹنگ کے لیے ملا ایوارڈ
انسانی حقوق اور مذہبی آزادی پر بہترین رپورٹنگ (ہندی) کے زمرے میں فاتح شروتی شرما کی تین رپورٹ کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔ یہ تینوں رپورٹ نوئیڈا کی مزدور تحریک اور اس کے بعد پولیس کی کارروائی سے متعلق ہیں۔
پہلی رپورٹ میں نوئیڈا کی مزدور تحریک سے متعلق معاملے میں پولیس کی چارج شیٹ اور اس میں لگائے گئے سازش کے الزامات کی تفتیش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں پولیس کے اپنے ہی دعووں کے درمیان موجود تضادات کو سامنے لایا گیا ہے۔
دوسری رپورٹ ایک ایسے نابالغ کی گرفتاری پر مرکوز ہے، جس کا مزدور تحریک سے کوئی تعلق نہیں تھا، لیکن وہ دو ماہ سے حراست میں تھا۔ رپورٹ میں اس کی ضمانت کے لیے اہل خانہ کو درپیش مالی مشکلات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔
تیسری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوئیڈا کی مزدور تحریک کے دوران ہوئے تشدد کے الزام میں اتر پردیش پولیس نے کن کن لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ اس میں انجینئروں، صحافیوں اور طلبہ کی گرفتاریوں کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔ پولیس کی کارروائی پر سنگین سوال اٹھائے گئے تھے۔
انکت راج مبینہ دراندازی سے متعلق سرکاری دعووں پر رپورٹنگ کے لیے فائنلسٹ رہے

دی وائر کے صحافی انکت راج بھی ہندی صحافت کے زمرے میں فائنلسٹ رہے۔ ان کی دو رپورٹ کو اس زمرے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
پہلی رپورٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے دراندازی کے معاملے پر دیے گئے بیانات اور سرکاری اعداد و شمار کے درمیان فرق کو اجاگر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں آر ٹی آئی کے تحت حاصل کی گئی معلومات کی بنیاد پر بتایا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کے پاس دراندازوں کی تعداد سے متعلق کوئی سرکاری اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔
دوسری رپورٹ آسام سے متعلق ہے۔ اس میں مرکزی وزیر داخلہ اور ریاست کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا شرما کی جانب سے دراندازی کے حوالے سے کیے گئے دعووں کی تفتیش کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، جب حکومت سے اس سلسلے میں جانکاری مانگی گئیں تو اس نے اعداد و شمار دینے سے انکار کر دیا۔
گراؤنڈ رپورٹنگ کے لیے بی بی سی ہندی کی ٹیم کو ایوارڈ
اس کے علاوہ اس سال بہترین ویڈیو اسٹوری کے زمرے میں بی بی سی ہندی کے جگول پروہت اور سراج علی کو فاتح قرار دیا گیا۔ ’نکسلیوں کے خلاف محاذ پر تعینات ڈی آر جی کا آنکھوں دیکھا حال اور آدی واسیوں کی آپ بیتی‘ کے عنوان سے پیش کی گئی اس رپورٹ میں نکسلی مخالف آپریشن میں تعینات ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) کے جوانوں کی صورتحال اور آدی واسی برادریوں کے تجربات کو سامنے لایا گیا ہے۔
رپورٹ میں تنازعات سے متاثرہ علاقوں کے زمینی حالات اور وہاں رہنے والے لوگوں کی آپ بیتی کو جگہ دی گئی ہے۔
اس زمرے میں بی بی سی اردو کی غفیرہ قادر اور نیوز ریل ایشیا کے تیج بہادر سنگھ بھی فائنلسٹ تھے۔
دیگر زمروں کے فاتحین
انگریزی صحافت: رپورٹرز کلیکٹو کے نکو شمٹ، مینک اگروال اور اگناسیو کاراسکون کو مشترکہ طور پر ’ بینڈ اِن یورپ، اسکیننگ فیسز اِن انڈیا ‘ رپورٹ کے لیے ایوارڈ ملا۔ اس رپورٹ میں ہندوستان میں چہرے کی شناخت کرنے والی ٹکنالوجی (فیس ریکگنیشن) کے استعمال کا جائزہ لیا گیا ہے۔
انسانی یکجہتی پر بہترین رپورٹ:مکتوب میڈیا کی فدا فاطمہ کو کیرالہ کے ایک مسلمان کی کہانی پر ایوارڈ دیا گیا۔ ان کے بھائی کو ماب لنچنگ میں قتل کر دیا گیا تھا، اس کے باوجود انہوں نے کیرالہ میں ایک دلت مہاجر مزدور رام نارائن بگھیل کے ماب لنچنگ کے معاملے میں انصاف کے لیے جدوجہد کی۔
یوتھ جرنلسٹ ایوارڈ:دی کوئنٹ کی علیزہ نور کو ایچ آر آر ایف ینگ جرنلسٹ آف دی ایئر 2025 کا ایوارڈ دیا گیا۔