خبریں

سمجھوتہ ایکسپریس بلاسٹ: این آئی اے کورٹ نے کلیدی ملزم اسیمانند سمیت سبھی 4 ملزمین کو کیا بری

سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین میں 18 فروری 2007کو پانی پت کے قریب 2 بم بلاسٹ ہوئے تھے جن میں 68 لوگ مارے گئے تھے،ان میں زیادہ تر پاکستانی تھےاور 12 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

فوٹو: رائٹرس

فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی:سمجھوتہ ایکسپریس  بلاسٹ کیس میں اسیمانند سمیت 4 ملزمین کو بری کر دیا گیا ہے۔پنچکولہ کی اسپیشل این آئی اے کورٹ نے سبھی 4 ملزمین کو اس معاملے میں بری کر دیا ہے۔این ڈی ٹی وی کی ایک خبر کے مطابق؛اسیمانند کے علاوہ لوکیش شرما، کمل چوہان اور راجیندر چودھری اس معاملے میں بری ہو گئے ہیں۔غور طلب ہے کہ ہ دہلی -لاہور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین میں 18 فروری 2007کو پانی پت کے قریب 2 بم بلاسٹ ہوئے تھے جن میں 68 لوگ مارے گئے تھے،ان میں زیادہ تر پاکستانی تھےاور 12 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

اس کے بعد ہریانہ پولیس نے ایک معاملہ درج کیا تھا اور جولائی 2010 میں جانچ این آئی اے کو سونپ دی تھی۔ بنا کمار سرکار عرف سوامی  اسیمانند،لوکیش شرما،کمل چوہان اور راجندر چودھری عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔

قابل ذکر ہے کہ دہلی -لاہور سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین بلاسٹ کے مبینہ ماسٹر مائنڈ سنیل جوشی کی پہلے ہی موت ہو چکی ہے۔دسمبر 2007 میں اس کی موت ہو گئیتھی۔جبکہ دیگر 3 ملزم رام چندر کل سنگرا،سندیپ ڈانگے اور امت فرار ہیں۔اس سے پہلے ایک پاکستانی خاتون کے ذریعے دائر عرضی میں کہا گیا تھا کہ اس کے پاس اس کیس سے جڑے کچھ ثبوت ہیں،جس کے بعد یہ معاملہ 14 مارچ تک کے لیے ملتوی کردیا  گیا تھا۔

این آئی اے کاؤنسل راجن ملہوترا نے کہا  تھاکہ یہ عرضی راحیلہ ایل وکیل کی طرف سے ان کے وکیل کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔عرضی دائر ہونے کے بعد اسپیشل این آئی اے کورٹ کے جج جگدیپ سنگھ نے اس کیس کو 14 مارچ تک کے لیے ملتوی کر دیا تھا۔واضح ہو کہ اس معاملے میں 6 مارچ کو پوری دلیل  سننے کے بعد فیصلہ  سنانے کے لیے 11 مارچ کی تاریخ طے کی گئی تھی۔

(خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے ان پٹ کے ساتھ)