اعظم خان کو ہائی کورٹ سے ملی عبوری ضمانت پر روک لگانے سے سپریم کورٹ کا انکار؛ کہا – آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا!

سماجوادی پارٹی کے لیڈر اعظم خان کو منی لانڈرنگ معاملے میں چار دن کی ای ڈی حراست میں پوچھ گچھ مکمل ہونے کے بعد سوموار، 16 نومبر 2026 کو غازی آباد کی خصوصی عدالت لے جاتے ہوئے ای ڈی کے افسران۔ (تصویر: پی ٹی آئی)
الہ آباد ہائی کورٹ نے منگل کو سماجوادی پارٹی کے سینئرلیڈر اعظم خان کو عبوری ضمانت دی تھی۔ اس کے بعد بدھ کو ای ڈی نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ سپریم کورٹ نے اس پر فوری روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتر پردیش کے سابق وزیر کو عبوری ضمانت پر رہنے دیا جاتا ہے تو اس سے ’کوئی آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا۔‘
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ (18 نومبر) کو سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈراعظم خان کو الہ آباد ہائی کورٹ سے ملی عبوری ضمانت پر فوری روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر اتر پردیش کے سابق وزیر کو عبوری ضمانت پر رہنے دیا جاتا ہے تو اس سے ’آسمان نہیں گر پڑے گا۔‘
بار اینڈ بنچ کے مطابق، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بدھ کو الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔
ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس وی راجو نے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت اور جسٹس جوائے مالیہ باگچی اور جسٹس وی. موہنا کی بنچ کے سامنے اس عرضی پر فوری سماعت کے لیے معاملے کا ذکر کیا۔
ضمانت دیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل راجو نے بدھ کو کہا کہ عبوری ضمانت کا حکم دراصل حتمی حکم کی نوعیت کا ہے۔ اعظم خان کی رہائی روکنے کے لیے ای ڈی نے عدالت سے صورتحال کو برقرار رکھنے کا حکم دینے کی درخواست کی۔
اس پر جسٹس باگچی نے کہا، ’کوئی آسمان نہیں گر پڑے گا۔ انہیں عبوری ضمانت پر رہنے دیجیے۔‘
تاہم، عدالت نے اس معاملے پر جمعرات (19 نومبر) کو سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
ہائی کورٹ سے ملی تھی ضمانت
اس سے پہلے الہ آباد ہائی کورٹ نے منگل (17 نومبر) کو اعظم خان کو عبوری ضمانت دی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ اتر پردیش کے سابق وزیر کے خلاف ای ڈی کے معاملے اور ان کی گرفتاری سے جڑے حالات واضح طور پر ان کارروائیوں کے پیچھے ’محرک اور بدنیتی پر مبنی منشا‘ کی عکاسی کرتے ہیں۔
لائیو لا کے مطابق، جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ-1 کی بنچ نے کہا،’عرضی گزار کے وکیل کی اس دلیل کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ عرضی گزار کو اس معاملے میں اس وقت حراست میں لے لیا گیا، جب انہیں ایک دوسرے معاملے (پین کارڈ معاملہ) میں ضمانت کے لیے ضروری دستاویز اور ضمانت دار پیش کرنے کے بعد 31 اکتوبر 2026 کو شام 7 بج کر 10 منٹ پر جیل کے مرکزی دروازے پر رہا کیا گیا تھا۔ یہ موجودہ کارروائی کے پیچھے محرک اور بدنیتی پر مبنی منشا کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔‘
بنچ نے ابتدائی طور پر پایا کہ اعظم خان کی گرفتاری کے دوران ای ڈی نے آئین کے آرٹیکل 22(1) اور انسدادِ منی لانڈرنگ قانون (پی ایم ایل اے) کی دفعہ 19 کے تحت انہیں حاصل لازمی قانونی حقوق اور ضابطوں کی سختی سے پابندی نہیں کی۔
اس سے پہلے اعظم خان نے اپنی گرفتاری کو چیلنج کرتے ہوئے ایک رٹ عرضی دائر کی تھی۔ انہیں 31 اکتوبر کو رام پور ضلع جیل کے باہر اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب پین کارڈ معاملے میں جیل سے ان کی رہائی کو محض 40 منٹ گزرے تھے۔ انہیں اور ان کے بیٹے کو 11 ماہ بعد رہائی ملی تھی۔
اعظم خان کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل کپل سبل نے سوموار (16 نومبر) کو دلیل دی تھی کہ سینئر رہنما کی گرفتاری سیاسی انتقام کا حصہ ہے، جس کا مقصد انہیں 2027 کے اتر پردیش اسمبلی انتخابات تک جیل میں رکھنا ہے۔
عدالت نے کہا،’ہم ابتدائی طور پر اس بات سے مطمئن ہیں کہ اس معاملے میں عرضی گزار کی گرفتاری کے دوران ای ڈی نے ہندوستانی آئین کے آرٹیکل 22(1) اور پی ایم ایل اے کی دفعہ 19 کے تحت عرضی گزار کو حاصل لازمی قانونی حقوق اور ضابطوں کی سختی سے پابندی نہیں کی۔‘
عدالت نے ہدایت دی کہ اعظم خان کو ذاتی مچلکہ اور مساوی رقم کے دو ضمانتی پیش کرنے پر عبوری ضمانت پر رہا کیا جائے۔ یہ دستاویز غازی آباد کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) کی تسلی کے مطابق پیش کرنا ہوں گی۔
ایسی خبر ہے کہ بدھ کی شام چار بجے تک سی جے ایم کورٹ میں دو ضمانت داروں نے ضمانت لے لی ہے اور اعظم خان دیر شام تک ڈاسنہ جیل سے رہا کر دیے جائیں گے۔
لائیو لا کی رپورٹ کے مطابق، اعظم خان کو ملی یہ راحت 10 دسمبر تک جاری رہے گی۔ اسی دن معاملے کی اگلی سماعت ہوگی۔ اس دوران عدالت نے ای ڈی کو اعظم خان کی عرضی پر تفصیلی جواب داخل کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا ہے۔
اس سے پہلے نومبر 2025 میں اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم خان کو پین کارڈ میں جعلسازی کے ایک معاملے میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ یہ گرفتاری کئی فوجداری مقدمات میں سزا کاٹنے کے بعد اعظم خان کی رہائی کے تقریباً دو ماہ بعد ہوئی تھی۔
ای ڈی کے افسران کی جانب سے لے جائے جانے کے دوران اعظم خان نے کہا تھا،’اب میں اور کیا کہہ سکتا ہوں۔ یہ مسلمان ہونے کی سزا ہے۔ غلطی بس اتنی ہے کہ ایک مسلمان نے یونیورسٹی بنائی۔ یہی ہمارا گناہ ہے۔‘
اس کے بعد اعظم خان کو پوچھ گچھ کے لیے نئی دہلی میں واقع ای ڈی ہیڈکوارٹر لے جایا گیا۔ وہاں انہوں نے سینے اور پیٹ میں درد کی شکایت کی۔ اس کے بعد ای ڈی اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک ٹیم انہیں دہلی کے رام منوہر لوہیا اسپتال لے گئی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم سے معائنے کے بعد صحت مند قرار دیے جانے پر انہیں واپس ای ڈی ہیڈکوارٹر لایا گیا، جہاں ان سے دوبارہ پوچھ گچھ کی گئی۔