’قومی سلامتی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے وزارت داخلہ نے نہیں دی جنتر منتر بند کرنے سے متعلق جانکاری، دہلی پولیس کے پاس ریکارڈ نہیں

تصویر: پی ٹی آئی
دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار کے دستخط سے جاری 11 اکتوبر 2026 کے آرڈر کے تحت جنتر منتر کو احتجاجی مقامات کی فہرست سے ہٹا کرتین نئے مقام مقرر کیے گئے تھے۔ اس فیصلے سے متعلق دستاویز طلب کیے جانے پر وزارت داخلہ نے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے جانکاری دینے سے انکار کر دیا۔ وہیں، دہلی پولیس نے بھی کہا ہے کہ اس کے پاس متعلقہ ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔
نئی دہلی: دہلی میں احتجاجی مظاہروں کے لیے طویل عرصے سے استعمال ہورہے جنتر منتر کو احتجاجی مقامات کی فہرست سے ہٹانے اور اس کی جگہ تین نئے مقامات مقرر کرنے کے فیصلے پر مرکزی وزارت داخلہ نے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے جانکاری دینے سے انکار کر دیا ہے۔
وہیں، دہلی پولیس ہیڈکوارٹر کا کہنا ہے کہ اس کے پاس اس فیصلے سے متعلق طلب کیے گئے ریکارڈ دستیاب نہیں ہیں، جبکہ جنتر منتر کو فہرست سے ہٹانے اور نئے احتجاجی مقامات مقرر کرنے کاآرڈر خود دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار کے دستخط سے جاری کیا گیا تھا۔
یہ جانکاری اس نامہ نگار اور آر ٹی آئی کارکن کنہیا کمار نے آر ٹی آئی کے تحت درخواست دے کر طلب کی تھی۔ کنہیا کمار کو موصولہ جواب خصوصی طور پر ’دی وائر‘ کودستیاب کرائے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے 17 نومبر 2026 کو بھیجے گئے اپنے جواب میں کہا،’طلب کی گئی جانکاری کی نوعیت اور اسے عام کیے جانے کے ممکنہ اثرات پر غور کرنے کے بعد یہ پایا گیا ہے کہ یہ جانکاری آر ٹی آئی قانون، 2005 کی دفعہ 8(1)(اے)کے تحت جانکاری دیے جانے سے مستثنیٰ ہیں۔ اس لیے قانون کی دفعات کے تحت طلب کی گئی جانکاری نہیں دی جا سکتی۔‘

آر ٹی آئی درخواست میں جنتر منتر کو احتجاجی مقامات کی فہرست سے ہٹانے کے فیصلے کی بنیاد، اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی ساخت، اس کی رپورٹ اور سفارشات کے علاوہ نئے احتجاجی مقامات کے انتخاب سے متعلق دستاویز بھی طلب کیے گئے تھے۔ اس میں یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ دہلی پولیس نے جنتر منتر اور نئے مقرر کردہ مقامات کی صلاحیت، رسائی، عوامی سہولیات، ٹریفک اور سلامتی کے اعتبار سے کس نوع کا تقابلی موازنہ کیا تھا۔
وزارت داخلہ نے ان میں سے کسی بھی سوال کا الگ الگ جواب نہیں دیا۔ اس نے پوری درخواست کو دفعہ 8(1)(اے) کے تحت مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے جانکاری دینے سے انکار کر دیا۔
قومی سلامتی سے متعلق استثنیٰ کا حوالہ
آرٹی آئی قانون کی دفعہ 8(1)(اے)کے تحت ایسی جانکاری عام کرنے سے استثنیٰ حاصل ہے، جن کےانکشاف سے ہندوستان کی خودمختاری اور سالمیت، ملک کی سلامتی، اس کے تزویراتی، سائنسی یا اقتصادی مفادات یا غیر ملکی ریاستوں کے ساتھ تعلقات متاثر ہو سکتے ہوں، یا جن سے کسی جرم کوکرنے کےلیے اکساوے کا امکان ہو۔

تاہم، وزارت داخلہ نے اپنے جواب میں یہ واضح نہیں کیا کہ جنتر منتر کو احتجاجی مقامات کی فہرست سے ہٹانے اور متبادل مقامات کے انتخاب سے متعلق کون سے دستاویزیا جانکاری عام کیے جانے سے ان میں سے کس بنیاد پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
وزارت نے یہ بھی نہیں بتایا کہ طلب کی گئی جانکاری کے کن مخصوص حصوں کو اس استثنیٰ کے دائرے میں رکھا گیا ہے۔
آر ٹی آئی درخواست میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ جانکاری صرف دہلی پولیس اور متعلقہ سرکاری محکموں کے پاس پہلے سے موجود ریکارڈ تک محدود ہے۔ کسی نئی جانکاری، وضاحت یا رائے کا مطالبہ نہیں کیا گیا تھا۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر کسی دستاویز کا کوئی حصہ استثنیٰ کے دائرے میں آتا ہے تو آرٹی آئی قانون کی دفعہ 10 کے تحت اس حصے کو الگ کرکے بقیہ جانکاری دستیاب کرائی جائے۔
اس کے باوجود وزارت نے پوری درخواست کے بارے میں ایک ہی بنیاد پر جانکاری دینے سے انکار کر دیا۔
دہلی پولیس کے پاس بھی فیصلے سے متعلق دستاویز نہیں
اس معاملے کا ایک اور اہم پہلو دہلی پولیس کی جانب سے موصولہ جواب ہیں۔ جنتر منتر کو احتجاجی مقامات کی فہرست سے ہٹانے کا حکم دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار کے دستخط سے جاری کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود دہلی پولیس ہیڈکوارٹر نے آر ٹی آئی کے جواب میں کہا کہ مستقل حکم نامہ نمبر L&O/48/2026 سے متعلق مانگی گئی جانکاری اس کے پاس دستیاب نہیں ہے۔

دہلی پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے 9 نومبر کو بھیجے گئے جواب میں کہا گیا کہ درخواست نئی دہلی، شاہدرہ، شمال مغربی اور وسطی ضلع کے پولیس افسران کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر اور وزارت داخلہ کو بھی بھیج دی گئی ہے، تاکہ وہ براہ راست درخواست گزار کو متعلقہ جانکاری دستیاب کرا سکیں۔

اس کے بعد مختلف اضلاع سے موصولہ جواب بھی اس فیصلے کے طریقۂ کار اور اس کی بنیادوں کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کرتے۔
شاہدرہ ضلع کے پبلک انفارمیشن افسر نے 17 نومبر کو بتایا کہ متعلقہ شاخوں سے رپورٹ حاصل کرنے کے بعد یہ پایا گیا کہ اس طرح کا کوئی ریکارڈ یا سرکلر ضلع میں دستیاب نہیں ہے۔
وسطی ضلع کے پولیس افسران نے کہا کہ طلب کی گئی جانکاری کا اس ضلع سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نئی دہلی ضلع کے پبلک انفارمیشن افسر نے بھی کہا کہ مطلوبہ جانکاری ان کے دفتر میں دستیاب نہیں ہے۔
شمال مغربی ضلع نے اپنے جواب میں صرف مذکورہ مستقل حکم نامے کی نقل دستیاب کرائی۔ باقی طلب کی گئی جانکاری کے بارے میں کہا گیا کہ ان کا اس دفتر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
اس طرح، جن دستاویزوں کی بنیاد پر جنتر منتر کو احتجاجی مقامات کی فہرست سے ہٹانے اور تین نئے مقامات مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، وہ دہلی پولیس کے ان دفاتر سے حاصل نہیں ہو سکے۔ وہیں، وزارت داخلہ نے قومی سلامتی سے متعلق استثنیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں عام کرنے سے انکار کر دیا۔
ایسے میں یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس فیصلے سے قبل وزارت داخلہ نے دہلی پولیس سے کوئی مشاورت کی تھی یا نہیں۔
کیا تھا جنتر منتر کو ہٹانے کا فیصلہ؟
دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار نے 11 اکتوبر 2026 کو مستقل حکم نامہ نمبر L&O/48/2026 جاری کیا تھا۔ اس کا عنوان ’دہلی میں احتجاجی مظاہرے یا دھرنا منعقد کرنے کے لیے رہنما ہدایات‘ ہے۔
اس آرڈر کے دوسرے پوائنٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ نے شہریوں کے احتجاج اور دھرنا منعقد کرنے کے حق کے لیے پہلے سے مقررہ مقام کے متبادل کے طور پر مناسب مقامات کی نشاندہی کرنے کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی۔
آرڈرکے مطابق، کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر جنتر منتر کو احتجاجی مقام کے طور پر نوٹیفائیڈ فہرست سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کی جگہ تین نئے مقامات مقرر کیے گئے ہیں- رام لیلا میدان، براڑی میدان اور مشرقی دہلی کا سی بی ڈی میدان۔
تاہم، آرڈر میں کمیٹی کی رپورٹ، اس کے ممبران کے نام، اجلاسوں یا مقامات کے معائنے سے متعلق تفصیلات نہیں دی گئی تھی۔ نہ ہی یہ بتایا گیا تھا کہ جنتر منتر کو ہٹانے کے پیچھے کیا وجوہات تھیں اور نئے مقامات کا انتخاب کن معیارات کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔
انہی سوالوں کے جواب حاصل کرنے کے لیے آر ٹی آئی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔