کولکاتہ: سیتارام یچوری فاؤنڈیشن کے پروگرام سے پانچ دن پہلے مرکزی حکومت کے ادارے نے رد کی آڈیٹوریم کی بکنگ

(بائیں سے) سیتارام یچوری کی تصویر، جسے بھرت تیواری نے کھینچا ہے، اور کولکاتہ میں واقع ای زیڈ سی سی آڈیٹوریم کا ہال۔
کولکاتہ میں مرکزی حکومت کے تحت آنے والے ادارے ایسٹرن زونل کلچرل سینٹر نے سیتارام یچوری فاؤنڈیشن کے ایک روزہ پروگرام کے لیے آڈیٹوریم کی بکنگ پروگرام سے محض پانچ دن پہلے ردکر دی۔ فاؤنڈیشن نے اس کے لیے جولائی میں ہی ادائیگی کر دی تھی۔ اب یہ پروگرام ایک دوسرے آڈیٹوریم میں منعقد کیا جائےگا۔
کولکاتہ: مرکزی حکومت کے تحت چلنے والے کولکاتہ کے ایسٹرن زونل کلچرل سینٹر (ای زیڈ سی سی) نے سیتارام یچوری فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ایک روزہ پروگرام کے لیے بک کیے گئے آڈیٹوریم کی اجازت رد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ 22 نومبر کو ہونے والے پروگرام سے محض پانچ دن پہلے لیا گیا۔
اب یہ پروگرام اے جے سی بوس روڈ پر واقع پرمود داس گپتا میموریل ٹرسٹ کے آڈیٹوریم میں منعقد کیا جائے گا۔
سیتارام یچوری فاؤنڈیشن کا قیام سابق رکن راجیہ سبھا اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری کی یاد میں کیا گیا تھا۔ یچوری کا انتقال 2024 میں ہوا تھا۔ فاؤنڈیشن نے اسی سال جولائی میں ایسٹرن زونل کلچرل سینٹر (ای زیڈ سی سی) کا آڈیٹوریم بک کیا تھا اور اس کے لیے ادائیگی بھی کر دی تھی۔

رپورٹ کے مطابق، ای زیڈ سی سی کے ڈائریکٹر نے 16 نومبر کو فاؤنڈیشن کو بھیجے گئے ایک ای میل میں پروگرام کی اجازت رد کرنے کی وجہ ’ناگزیر حالات‘ بتائی تھی۔ تاہم، انہوں نے اس کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی۔ یہ ای میل 22 نومبر کو ہونے والے پروگرام سے محض پانچ دن پہلے بھیجا گیاتھا۔ فاؤنڈیشن نے جب اس فیصلے کی وجہ جاننی چاہی تو ای زیڈ سی سی نے اس کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔
مغربی بنگال کے گورنر آر این روی ای زیڈ سی سی کے صدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: جب تک آر ایس ایس ہے، ہندوستان اور اس کا مستقبل محفوظ ہے: مغربی بنگال کے گورنر آر این روی
پروگرام میں کیا کیا ہوگا؟
اس ایک روزہ سمپوزیم میں نوجوان کارکنوں آئشی گھوش، دیپتیتا دھر اور ساکھی کے ساتھ ایک مذاکرہ ہوگا۔ اس کے علاوہ سامراجیت کے موضوع پر ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا، جس سے سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری خطاب کریں گے۔ ماہرِ معاشیات پربھات پٹنائک، دانشور مالنی بھٹاچاریہ، ہندوستان میں کیوبا کے سفیر خوان کارلوس مرسان ایگیلیرا اور ناول نگار مکل کیسوان بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
نوجوان کارکنوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرے کی نظامت دی وائر کی مدیر سیما چشتی کریں گی۔ وہ فاؤنڈیشن کی سکریٹری بھی ہیں۔ سامراجیت کے موضوع پر ہونے والے سیمینار کی صدارت سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری ایم اے بےبی کریں گے۔
اس سے پہلے دن میں، 160 سے زیادہ درخواست دہندگان میں سے منتخب کیے گئے نو نوجوان محققین سامراجیت کے نئے دور پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔
فاؤنڈیشن نے اپنے ایک بیان میں کہا، ’فاؤنڈیشن نے سیتارام یچوری کے ان خیالات اور اصولوں کو آگے بڑھانے کا ہدف طے کیا ہے، جن کے لیے انہوں نے پوری وابستگی کے ساتھ آواز اٹھائی اور جدوجہد کی۔ انہوں نے پارلیامنٹ میں، اقتدار کے ایوانوں میں، اکیڈمک دنیا میں، تعلیمی میدان میں اور مزدوروں و کسانوں کے ساتھ سڑکوں پر ان نظریات کے لیے جدوجہد کی۔‘