’میں لڑوں گی، مجھے لڑنا ہوگا؛ اپنی تین سال کی بیٹی کے لیے، جسے زندہ رہنے کا حق تھا‘

تصویر: پی ٹی آئی

گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کےساتھ گینگ ریپ کرنے اور ان کے اہل خانہ کے قتل کے معاملے میں دو مجرموں کی عمر قید کی سزا پر روک لگانے  اور انہیں ضمانت دیے جانے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی تنقید کرتے ہوئے بلقیس بانو نے کہا ہے کہ عدالت نے انہیں اس بارے میں مطلع تک نہیں کیا۔کسی بھی عورت یا متاثرہ کو اس ملک میں اپنی برابری ثابت کرنے کی اس لامتناہی آزمائش سے نہیں گزرنا چاہیے؛ انصاف کی لڑائی زندگی بھر نہیں لڑنی چاہیے۔


گزشتہ 28 اکتوبر 2026 کو سپریم کورٹ کے جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی وارلے کی بنچ نے بلقیس بانو کے ساتھ 2002 میں ہوئے گینگ ریپ اور ان کے خاندان کے 14 لوگوں کے قتل کے معاملے میں سزا کاٹ رہے 11 مجرموں میں سے دو کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دے دی۔ بلقیس بانو نے اپنی وکیل شوبھا گپتا کے توسط سے جاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ عدالت نے انہیں اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی۔ ان کا پورا بیان؛


میں یہ بیان دے رہی ہوں، حالاں کہ درد، صدمے اور بے یقینی کے تازہ آنسوؤں کے بیچ میرے لیے بولنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔ مجھے یقین نہیں  ہورہا کہ دوسری بار سپریم کورٹ نے میرے معاملے میں مجھے بغیر بتائے اور میری بات سنے بغیر یہ فیصلہ دیا۔ مجھے اس کی جانکاری پریس میں شائع ہونے والی خبروں سے ملی۔

میں محض 19 سال کی لڑکی تھی، جب میری پوری دنیا اجڑ گئی۔ میری ننھی بیٹی، میرا خاندان، میرا گھر اور انسانیت پر میرا بھروسہ، سب کچھ بے رحمی اور سفاکی کے ساتھ مجھ سے چھین لیا گیا۔

اس دن سے لے کر آج تک، گزشتہ 24 سالوں میں، میں نے بار بار انصاف کی لڑائی لڑی ہے اپنے لیے اور ہر عورت کے لیے۔ ان 24 سالوں میں نے اپنے اندر ہمت کے ایسے خزانے دریافت کیے، جن کے بارے میں مجھے خود معلوم نہیں تھا۔ یہ میں اس لیے کر پائی کہ لاکھوں لوگوں نے مجھے اپناساتھ اور حوصلہ دیا۔ میری آواز بلند کی۔ میں ایک عدالت سے دوسری عدالت تک گئی۔ ہر بار جب مجھے انصاف ملا، جب میرے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو تسلیم کیا گیا، تو مجھے راحت ملی۔ ہر بار انصاف پر میرا بھروسہ  پھر سے بحال ہوا۔

میں نے اپنی زندگی کے بکھرے ہوئے ٹکڑوں کو سمیٹ کر دوبارہ زندگی شروع کی۔ اپنے خاندان اور دوستوں کی محبت کے سہارے میں سکون چاہتی تھی۔ میں نے پھر سےمسکرانا سیکھا۔ لیکن آج ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ جس انصاف کے حصول کے لیے میں نے اتنی جدوجہد کی، وہی انصاف مجھ سے پھر سے چھینا جا رہا ہے۔

پرانے خوف پھر سے ابھر رہے ہیں۔ میں پھرسے ڈری ہوئی ہوں؛اپنے لیے، اپنے خاندان کے لیے اور اپنے بچوں کے لیے۔ مجھے یہ ڈربھی ستا رہا ہے کہ کہیں انصاف پر میرا بھروسہ ایک بار پھر نہ ٹوٹ جائے۔


آخر سپریم کورٹ ان لوگوں کی سزا پر روک کیسے لگا سکتی ہے، جنہوں نے میرے ساتھ یہ کیا؟ مجھے بتائے بغیر؟ آخر انہوں نے مجھے اس کی جانکاری تک کیوں نہیں دی؟ عدالت نے یہ یقینی کیوں نہیں بنایا کہ اس معاملے میں میری بات بھی سنی جائے؟


میں اس فیصلے کے خلاف لڑوں گی۔ مجھے لڑنا ہوگا۔ اپنے بچوں کے لیے، جنہیں اپنی پوری زندگی ان خوف اور زخموں کے سائے میں نہیں گزارنی چاہیے۔ اپنی تین سالہ بیٹی صالحہ کے لیے، جسے زندہ رہنے کا حق تھا اور جس کی یاد آج بھی انصاف کا مطالبہ کرتی ہے۔ میں لڑوں گی ہر عورت کے لیے۔ کیونکہ کسی بھی عورت، کسی بھی متاثرہ یا کسی بھی شہری کو اس ملک میں اپنی جگہ اور برابری ثابت کرنے کی اس لامتناہی آزمائش سے نہیں گزرنا چاہیے۔ انصاف  کی لڑائی زندگی بھر نہیں لڑنی چاہیے۔