نو مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف 322 ہیٹ کرائم، 119معاملوں میں سرکاری اداروں کا رول: رپورٹ

علامتی تصویر: فلکر/جان ایس کوارٹر مین، سی سی بی وائی-2.0 لائسنس

ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ بتاتی ہے کہ 2026 کے پہلے نو مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف ہیٹ کرائم کے 322 معاملے درج ہوئے، جن میں سے 119 میں سرکاری اداروں کے رول کا بھی مشاہدہ کیا گیا۔ رپورٹ یہ بھی بتاتی ہے کہ 40 ایف آئی آرمتاثرین کے خلاف درج کی گئی، وہیں قتل کے 30 معاملوں میں سے 20 میں ملزم اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔

نئی دہلی: ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کی جانب سے منگل (10 نومبر) کو جاری کی گئی دو رپورٹ کے مطابق، 2026 کے پہلے نو مہینوں میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف درج 322 ہیٹ کرائم یعنی نفرت پر مبنی جرائم کے واقعات میں سے 119 میں سرکاری اداروں کا بھی رول رہا۔ یہ رول یا تو براہ راست کارروائی کی صورت میں تھا یا پھر تشدد کے دوران کارروائی نہ کرنے کی صورت میں۔

رپورٹ بتاتی ہے کہ ان ہیٹ کرائم کی وجہ سےہوئی 54 اموات میں سے 21 لوگوں کی جان پولیس یا فوج کی کارروائی میں گئی۔ نجی افراد کی جانب سے کیے گئے ہیٹ کرائم ، جن میں کسی کی موت نہیں ہوئی، کے کے کل  94 واقعات میں سے صرف 12 معاملوں(13 فیصد) میں گرفتاری کی جانکاری سامنے آئی ہے۔

ہیٹ کرائم ٹریکر میں پہلی جنوری سے 30 ستمبر تک 24 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے واقعات شامل کیے گئے ہیں۔ اسی مدت کے لیے جاری کیے گئے ہیٹ اسپیچ ٹریکر میں کم از کم 16 ریاستوں میں 57 لوگوں کی جانب سے کی گئی نفرت انگیز تقاریر کے 83 واقعات درج کیے گئے۔ ان میں سے 33 تقریر ایسے لوگوں نے کیں جو کسی نہ کسی عوامی عہدے پر فائز ہیں۔

اے پی سی آر کا کہنا ہے کہ اس کے جمع کردہ اعدادوشمار صرف ان واقعات کا ریکارڈ ہیں جن کو رپورٹ کیا گیا تھا۔ یہ اعداد و شمار ملک میں پیش آنے والے تمام ہیٹ کرائم  کی مکمل تعداد نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، درج کیے گئے 322 معاملوں میں سے تقریباً 60 کی جانچ ابھی کی باقی ہے۔ اس لیے مجموعی اعداد و شمار میں معمولی تبدیلی  ہو سکتی ہے۔

ہیٹ کرائم کے 37 فیصد معاملوں میں ریاست کا کردار، 54 میں سے 21 اموات سرکاری کارروائیوں میں ہوئیں

بتایا گیا ہے کہ 119 معاملوں میں سے 81 میں پولیس کا رول رہا۔

پولیس یا فوج کے ساتھ ہوئے انکاؤنٹر میں 12 لوگوں کی  موت ہوئی۔ ان میں امروہہ کے دو بھائی ذیشان اور گلفام بھی شامل تھے، جو پیشے سے بڑھئی تھے۔ اتر پردیش کے غازی آباد میں 1 اور 3 مارچ کو الگ الگ مبینہ انکاؤنٹر میں دونوں کی موت ہوگئی تھی۔ اس سے کچھ دن پہلے چاقو بازی کے ایک واقعی میں مشتبہ ملزم کے طور پر ان کے نام سامنے آئے تھے۔

اس کے علاوہ، 9 لوگوں کی موت حراست یا جیل میں ہوئی۔ ان میں گجرات کے احمد آباد کے 70 سالہ ظہیر شیخ بھی شامل تھے۔ مبینہ طور پر گئوکشی کے الزام میں ریاستی پولیس نے انہیں گرفتار کیا تھا اور گرفتاری کے ایک دن بعد ان کی موت ہوگئی تھی۔

اے پی سی آر کی رپورٹ میں ذیشان اور گلفام کے والد بنیاد علی کے حوالے سے کہا گیا ہے،’اگر میرے بیٹوں نے کوئی جرم کیا تھا تو انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے تھا۔‘

دہلی میں سبزی منڈی میں کام کرنے والے 34 سالہ انیس کی بھی دہلی پولیس کی حراست میں موت ہوئی تھی۔ اے پی سی آر نے ان کی ماں کے حوالے سے کہا ہے، ’جب میرا بیٹا گھر سے نکلا تھا تو وہ بالکل ٹھیک تھا۔ پولیس نے اسے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔‘

رپورٹ کے مطابق، پولیس یا فوج کی حراست میں ہوئی ان 21 اموات میں سے کسی بھی معاملے میں اب تک کسی پولیس افسر یا فوجی اہلکار کے خلاف الزام طے نہیں کیے گئے ہیں۔

ان 21 معاملوں میں سے صرف چار میں جانچ یا ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا گیا۔ ظہیر شیخ کے معاملے میں پولیس کیس درج کرنے کے لیے سپریم کورٹ کے آرڈر کی ضرورت پڑی۔ تاہم، ایف آئی آر میں کسی بھی ملزم کا نام شامل نہیں ہے۔

ہیٹ کرائم کے متاثرین کے خلاف 40 ایف آئی آر درج، حملہ آوروں کے خلاف نہیں

رپورٹ کے مطابق، جن 108 واقعات میں ایف آئی آر درج کی گئی، ان میں سے 40 معاملوں (37 فیصد) میں حملے کا شکار لوگوں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔ ان میں سے 21 معاملے اتر پردیش کے تھے۔

گجرات کے سورت میں مویشی لے جانے کے معاملے میں پولیس اور عام لوگوں نے مل کر چھاپے ماری کی ۔ اس کے بعد 22 مسلمانوں کو گرفتار کیا گیا۔

آسام میں تین نوجوانوں کو صرف اس لیے جیل جانا پڑا کیونکہ انہوں نے احتجاج کرنے کے لیے ایک وہاٹس ایپ گروپ بنایا تھا، جبکہ انہوں نے اس کے لیے پولیس سے اجازت بھی طلب کی تھی۔

رپورٹ میں ان تینوں نوجوانوں کے والد کے حوالے سے کہا گیا ہے،’دوسری برادریوں کے لوگوں کو گرفتار نہیں کیا جا رہا ہے، لیکن ہم مسلمان ہیں۔‘

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی 2024 کی ہدایات کے باوجود گھروں اور عمارتوں کو منہدم کرنے کی کارروائیاں جاری رہیں۔

اس میں سہارنپور کلکٹریٹ کے احاطے میں واقع تقریباً 100 سال پرانی ایک مسجد کو منہدم کیے جانے اور آسام کے گوآلپاڑہ میں 73 مسلم خاندانوں کو محض 24 گھنٹے کا نوٹس دے کر بے دخل کیے جانے کے واقعات کا ذکر کیا گیا ہے۔

تشدد کا وقت مذہبی تہواروں اور سیاسی سرگرمیوں سے جڑا رہا: سال کے 37 فیصد دنوں میں 58 فیصد واقعات درج ہوئے

رپورٹ کے مطابق، رمضان، ہولی اور رام نومی؛ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج؛ عیدالاضحیٰ اور کانوڑ یاترا کے دوران کل 322 میں سے 187 ہیٹ کرائم کے واقعات پیش آئے۔ ان واقعات میں 54 میں سے 28 لوگوں کی موت ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق، گوشت اور مویشیوں سے متعلق معاملے تشدد کی سب سے عام وجہ رہے۔ تقریباً ہر چار میں سے ایک واقعہ کے پیچھے یہی وجہ تھی۔ ان معاملوں میں 11 لوگوں کی موت ہوئی۔

مغربی بنگال میں اے پی سی آر کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے انتخابی نتائج آنے کے بعد کے چار دنوں میں آٹھ اضلاع میں تشدد کے 34 واقعات درج کیے۔

مسلمانوں کے تہواروں سے متعلق 40 واقعات میں زیادہ تر پابندیاں لگانے اور ڈرانے -دھمکانے کے معاملے تھے۔ ان میں کسی کی موت نہیں ہوئی۔ اس کے برعکس، ہندو تہواروں اور جلوسوں سے متعلق 21 واقعات درج کیے گئے۔ ان کی تعداد کم تھی، لیکن ان میں دو لوگوں  کا قتل ہوا۔

بھیڑ یا لوگوں کے ہاتھوں ہوئے 30 قتل کے واقعات میں سے 20 میں ملزم اب بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں

اے پی سی آر کی جانب سے  درج کیے گئے ہیٹ کرائم کے 322 واقعات میں کل 54 لوگوں کی موت ہوئی۔ ان میں سے 33 لوگوں کو بھیڑ، مبینہ گئو رکشکوں، الگ الگ لوگوں یا چھوٹے گروہوں نے قتل کیا۔ وہیں، 21 لوگوں کی موت سرکاری اداروں سے وابستہ واقعات میں ہوئی۔ ان میں 12 لوگ پولیس یا فوج کے مبینہ انکاؤنٹر میں اور نو لوگ حراست یا جیل میں مارے گئے۔

رپورٹ میں بھیڑ، مبینہ گئو رکشکوں یا لوگوں  کی جانب سےانجام دیے گئے ایسے 30 واقعات کا الگ سے تجزیہ کیا گیا ہے، جن میں لوگوں کی جان گئی۔

اس میں پایا گیا کہ صرف 10 معاملوں میں تمام کلیدی ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نو معاملوں میں کچھ ملزمین کی گرفتاری ہوئی، جبکہ باقی فرار ہے۔ وہیں 11 معاملوں میں کسی بھی ملزم کی گرفتاری کی جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔

اس کا مطلب ہے کہ کم از کم 30 میں سے 20 معاملوں میں کچھ یا تمام ملزمین اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، قتل کے کم از کم پانچ معاملوں میں پولیس نے مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کی یا ابتدا میں متاثرہ شخص ہی کے خلاف کارروائی کی۔

کانوڑ یاترا میں شامل لوگوں کی جانب سے بری طرح پیٹے جانے کے بعد کوما میں گئے پک اَپ گاڑی کے ڈرائیور عظیم کے خلاف ہی اقدام قتل کا مقدمہ درج کردیا گیا تھا۔ بعد میں ان کے حملہ آوروں کو گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ کی شروعات  54ویں موت، راجستھان کے الور کے 40 سالہ کسان سیکون خان کے معاملے سے ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 24 ستمبر کو بڑودہ میو پولیس اسٹیشن کے باہر ایک شخص نے پتھر سے ان کا سر کچل دیا تھا۔

ایک مقامی شخص کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور چلاتے ہوئے کہہ رہا تھا، ’آج میں نے ایک م***آ کو مار دیا ہے، اب اور لوگوں کو ماروں گا۔‘

تاہم، پولیس نے ملزم کو ذہنی طور پر غیر صحت مند قرار دیا اور قتل کے پیچھے کسی مذہبی وجہ سے انکار کیا۔

نفرت انگیز تقاریر کے 83  معاملوں میں سے  33 عوامی عہدوں پر فائز افراد نے کیں

ہیٹ اسپیچ ٹریکر کے مطابق، 83 نفرت انگیز تقاریر میں سے 33 ایسےلوگوں نے کیں جو عوامی عہدوں پر فائز ہیں۔ ان میں سے 11 تقاریر وزرائے اعلیٰ یا نائب وزرائے اعلیٰ نے کی تھیں۔

رپورٹ میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ، آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا شرما، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اور مغربی بنگال کے وزیر اعلیٰ سوویندو ادھیکاری کے علاوہ اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کے نام شامل ہیں۔

رپورٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی کی 14 مارچ کو کولکاتہ میں کی گئی تقریر کا بھی ذکر ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے ’دراندازوں‘ کے ذریعے بنگال کی آبادیاتی ساخت یعنی آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بات کہی تھی۔

رپورٹ کے مطابق، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی مارچ میں دو مرتبہ ’دراندازوں‘ کو ہٹانے کا وعدہ کیا تھا۔ تاہم، رپورٹ میں جن لوگوں کے نام لیے گئے ہیں، ان میں سے کسی کا ردعمل شامل نہیں کیا گیا ہے۔

اسی طرح83میں سے 37 تقریروں میں تشدد کی اپیل کی گئی تھی یا ہندوؤں سے ہتھیار اٹھانے کو کہا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق، تقریباً 12 لوگ ایسے تھے، جن کی تقریریں اور ویڈیو کلپ کی تعداد لگ بھگ 50 تھی۔ ان میں سے سات دیگر لوگ بھی عوامی عہدوں پر فائز ہیں۔

ان تقاریر کے سلسلے میں پولیس نے مجموعی طور پر پانچ ایف آئی آر درج کیں، لیکن ان 12 لوگوں میں سے کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا۔

ان83میں سے صرف چھ تقریروں  پر ایف آئی آر، اور صرف ایک گرفتاری

عوامی عہدوں پر فائز لوگوں کی جانب سے کی گئی 33 تقاریر میں سے صرف دو کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ دونوں ایف آئی آر رکن اسمبلی ٹی راجا سنگھ کے خلاف تھیں۔ یہ ایف آئی آر مسلم شہریوں کی شکایات کے بعد درج کی گئی تھیں۔

اس معاملے میں واحد گرفتاری ہندو رکشا دل کے تین لوگوں کی ہوئی، جنہیں دیواروں پر اسلام مخالف نعرے لکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

شاہین عبداللہ بنام حکومت ہند معاملے میں سپریم کورٹ نے اکتوبر 2022 میں دہلی، اتر پردیش اور اتراکھنڈ پولیس کو ہدایت دی تھی کہ وہ نفرت انگیز تقاریر کے معاملے میں کسی شکایت کا انتظار کیے بغیر ایف آئی آر درج کریں۔

اپریل 2023 میں عدالت نے اس حکم کا دائرہ تمام ریاستوں تک بڑھا دیا تھا۔

اے پی سی آر کے مطابق، 2026 میں صرف ایک ایسی ایف آئی آر سامنے ملی، جسے پولیس نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے درج کیا تھا۔ یہ معاملہ مدھیہ پردیش کے سیونی مالوا کا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے،’اگر ایف آئی آر درج ہونے کے بعد گرفتاری یا چارج شیٹ داخل کرنے کی کارروائی نہیں ہوتی، تو اس سے نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں پر کوئی روک نہیں لگتی۔‘

دہلی سے متعلق 110 ویڈیو میں سے 60 میں مسلمانوں کو مارنے کی اپیل

رپورٹ کے دوسرے حصے میں مغربی دہلی کے اتم نگر کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ 4 مارچ کو ہولی کے دن علاقے کی ایک جے جے کالونی میں رہنے والے دو پڑوسی خاندانوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ اس واقعہ کے بعد 26 سالہ ترون کی موت ہوگئی تھی۔

دہلی پولیس نے اس معاملے میں ایک خاندان کے لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار ہونے والوں میں دو نابالغ بھی شامل تھے۔ چونکہ ترون دلت تھے، اس لیے اس معاملے میں ایس سی-ایس ٹی ایکٹ بھی لگایا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترون کا قتل ہوا تھا اور پولیس نے ملزمین کو تیزی سے گرفتار کیا تھا، اس بات پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔

لیکن چند ہی دنوں کے اندر دہرادون، میرٹھ اور رائے بریلی سے آئے لوگ دہلی کی گلیوں میں مائیکروفون لے کر تقریریں کرنے لگے۔ اے پی سی آر نے ایسے 110 ویڈیو کا جائزہ لیا۔ ان میں سے 60 ویڈیو میں بے قصور مسلمانوں کو قتل کرنے یا ان کا انکاؤنٹر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

وہیں، 23 ویڈیومیں مسلمانوں کے گھروں یا مسجدوں پر بلڈوزر چلانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

سات مارچ کو ایک نامعلوم شخص نے کہا تھا، ’چار لوگوں کو گرفتار کرنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ ہمیں یوگی جی کا ماڈل چاہیے، ان کا انکاؤنٹر کرو۔‘

آٹھ مارچ کو ہندو رکشا دل کے اتراکھنڈ ریاستی صدر کے طور پر شناخت کیے گئے للت شرما نے کہا،’یا تو پولیس انہیں گولی مار دے، ورنہ ہم ان کی عید نہیں ہونے دیں گے۔‘

رپورٹ کے مطابق، 2026 میں ہیٹ اسپیچ کے معاملوں میں سب سے بڑی تبدیلی یہ دیکھنے کو ملی ہے کہ اب بھیڑ براہ راست حکومت اور انتظامیہ کو مخاطب کر رہی ہے اور قانون سے بالاتر ہوکر لوگوں کو قتل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

ان 110 ویڈیو میں سے 79 انسٹاگرام پر پوسٹ کیے گئے تھے۔

اے پی سی آر کا کہنا ہے کہ اس کی جانچ میں اتم نگر سے متعلق کسی بھی نفرت انگیز تقریر کے معاملے میں ایف آئی آر درج کیے جانے کی اطلاع نہیں ملی۔

’نفرت اب سیاست کرنے کا ایک طریقہ بن گئی ہے‘

اے پی سی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پروگرام میں وکیل فواز شاہین نے کہا کہ ہیٹ کرائم اب صرف منظم اور سسٹم سے وابستہ تشدد تک محدود نہیں رہ گئے ہیں، بلکہ یہ ’سیاست کرنے کا ایک باقاعدہ طریقہ‘ بن گئے ہیں۔

نفرت پر مبنی جرائم کی اہم محقق سید اقصیٰ نے کہا کہ سرکاری ادارے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کرکے یا تشدد کے واقعات کے دوران خاموش تماشائی بنے رہ کر نفرت انگیز تقاریر اور سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔

رپورٹ کے اجرا کے موقع پر دیے گئے بیان میں انہوں نے ان معاملوں کے درمیان فرق واضح کیا جن میں حکومت محض کارروائی کرنے میں ناکام رہتی ہے اور ان معاملوں میں جن میں حکومت خود تشدد کا حصہ ہوتی ہے۔

صحافی ندھیش تیاگی نے کہا کہ حکومت یا تو ان واقعات میں شامل ہے یا پھر انہیں روکنے میں نااہل ہے۔ وزیر اعظم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم چاہتے تو ان جرائم کو روک سکتے تھے۔

سیاسی کارکن جان دیال نے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر عام گفتگو نہیں ہوتیں، بلکہ وہ تشدد کا سبب بنتی ہیں۔ وہیں، سیدہ حمید نے ہیٹ کرائم کے واقعات درج کرنے والے لوگوں کو ہراساں کیے جانے پر تشویش  کااظہار کیا۔

اے پی سی آر نے جوابدہی طے کرنے، سپریم کورٹ کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات درج کرنے والے لوگوں کے تحفظ  کویقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔