پنوں کے مقدمے پر امریکی عدالت نے این ایس اے اور سابق را چیف کو ہندوستانی عدالتوں کے ذریعے سمن بھیجنے کی اجازت دی

(بائیں سے دائیں) گروپتونت سنگھ پنوں، قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال اور را کے سابق سربراہ سامنت گوئل۔ (تصویر: اے پی/ٹیڈ شیفری، امریکی محکمہ دفاع/وکی میڈیا کامنس، راشٹرپتی بھون)
خالصتان حامی علیحدگی پسند وکیل گروپتونت سنگھ پنوں نے این ایس اےاجیت ڈوبھال اور را کے سابق سربراہ سامنت گوئل کو سمن بھیجنے کے لیے دہلی کی تین عدالتوں کی پہچان کی ہے۔ ان میں پٹیالہ ہاؤس کورٹ کمپلیکس، دوارکا کورٹ کمپلیکس اور تیس ہزاری کورٹ کمپلیکس شامل ہیں۔ امریکی عدالت نے ان عدالتوں کے توسط سے دونوں افسران کو سمن بھیجنے کی اجازت دی ہے۔
نئی دہلی: امریکہ کی ایک وفاقی عدالت نے خالصتان حامی علیحدگی پسند وکیل گروپتونت سنگھ پنوں کو ہندوستانی عدالتوں کے توسط سے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال اور ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے سابق سربراہ سامنت گوئل کو سمن بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔
دریں اثنا، امریکی محکمہ خارجہ نے الگ سے تصدیق کی ہے کہ اس نے گزشتہ ماہ حکومت ہند کے خلاف دائر مقدمے سے متعلق سمن اور شکایت کی ایک کاپی واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کو بھیجی تھی۔
گزشتہ9نومبر کے ایک آرڈر میں نیویارک کے جنوبی ضلع کی امریکی ضلع عدالت کی جج کیتھرین پولک فیلا نے پنوں کی اس درخواست کو منظور کر لیا، جس میں انہوں نے اجیت ڈوبھال اور سامنت گوئل کے خلاف امریکی عدلیہ کے توسط سے ان ہندوستانی عدالتوں کو سمن بھیجنے کی اجازت مانگی تھی، جن کے دائرہ اختیار میں ان دونوں افسران کی رہائش گاہ آتی ہے۔
یہ فیصلہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے 20 اکتوبر کو عدالت کو خط لکھ کر یہ جانکاری دینے کے تین ہفتے بعد آیا ہے کہ اس نے ’حکومت ہند‘ کے خلاف مقدمے سے متعلق دستاویز بھیج دیے ہیں۔ محکمہ خارجہ نے بتایا تھا کہ یہ دستاویز 30 ستمبر کو دستخط شدہ ایک سفارتی نوٹ کے ساتھ واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کو بھیجے گئے تھے اور 9 اکتوبر کو سونپے گئے تھے۔
یہ دیوانی مقدمہ ستمبر 2024 میں دائر کیا گیا تھا۔ اس میں حکومت ہند، اجیت ڈوبھال، سامنت گوئل، را کے سابق افسر ’وکرم‘ یادو، نکھل گپتا اور 50 نامعلوم لوگوں کو فریق مخالف بنایا گیا ہے۔
پنوں نے الزام لگایا ہے کہ فریق مخالف نے نیویارک میں واقع ان کے گھر پر انہیں قتل کرنے کی سازش رچی تھی۔ ان کے مطابق، یہ سازش ایک آزاد سکھ ریاست کے مطالبے کے سلسلے میں ان کی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی تھی۔
یہ معاملہ نکھل گپتا کے خلاف جاری فوجداری مقدمے سے الگ ہے۔ امریکی استغاثہ نے گپتا پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے ہندوستان کی بیرونی خفیہ ایجنسی را کے ایک سابق افسر کی ہدایت پر پنوں کے قتل کے لیے ایک قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اکتوبر 2024 میں منظرِ عام پر لائی گئی ایک دوسری فردجرم میں را کے سابق ایجنٹ وکاس یادو کو اس سازش کا مبینہ ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا تھا۔
گپتا نے قتل کے لیے سپاری دینے کی سازش سے متعلق تینوں الزامات کا اعتراف کر لیا تھا۔ انہیں 20 نومبر کو سزا سنائی جانی ہے۔
وہیں، حکومت ہند نے منگل (10 نومبر) کو واضح طور پر کہا ہے کہ ہندوستان میں سمن بھیجنے کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے اور اس کے لیے صرف وزارت قانون کے ذریعے ہی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
منگل کو میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا؛
ہم اپنے سینئر افسران پر کیے جانے والے من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی حملوں کو مسترد کرتے ہیں۔ اسی طرح ہم ان بے بنیاد مقدمات کو بھی مسترد کرتے ہیں۔ ہندوستان میں عدالتی دستاویزبھیجنے کی درخواست صرف ہندوستان کی مقررہ مرکزی اتھارٹی، یعنی وزارت قانون و انصاف کے ذریعے ہی بھیجی جا سکتی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے ہندوستانی سفارت خانے کو سفارتی نوٹ بھیجا تھا
ہندوستانی سفارت خانے کو بھیجا گیا سفارتی نوٹ فارن سوورین امیونٹیز ایکٹ (ایف ایس آئی اے) کی دفعہ 1608(اے)(4)کے تحت جاری کیا گیا تھا۔ اس میں درخواست کی گئی تھی کہ سمن اور شکایت متعلقہ ہندوستانی اتھارٹی تک پہنچائی جائے۔
اس نوٹ میں حکومت ہند کو بتایا گیا تھا کہ شکایت بھیجے جانے کے 60 دن کے اندر فریق مخالف کو اپنا جواب دینا ہوگا۔ ساتھ ہی خبردار کیا گیا تھا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں اس کے خلاف یکطرفہ فیصلہ سنایا جا سکتا ہے اور اسے اپنا موقف پیش کرنے یا ثبوت فراہم کرنے کا موقع بھی نہیں مل سکے گا۔
گزشتہ9نومبر کا عدالتی حکم ڈوبھال اور گوئل کو شخصی طور پر سمن بھیجنے کی الگ الگ کوششوں سے متعلق ہے۔ جج نے پنوں کی اس دلیل کو تسلیم کیا کہ ہیگ کنونشن کے آرٹیکل 19 کے تحت ہندوستانی عدالتی نظام کے ذریعے سمن بھیجے جا سکتے ہیں، کیونکہ ہندوستان کا گھریلو قانون اس طرح کی کارروائی کی اجازت دیتا ہے۔
آرٹیکل 19 کے تحت اس کنونشن کے رکن ممالک کو اپنے گھریلو قوانین کے مطابق غیر ملکی عدالتی دستاویز کی اپنے ملک میں تعمیل کرانے کے ایسے طریقے اختیار کرنے کی اجازت ہے، جن کا کنونشن میں واضح طور پر ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
امریکی عدالت نے ہندوستان کے کوڈ آف سول پروسیجر کا حوالہ دیا
عدالت نے ہندوستان کے کوڈ آف سول پروسیجر (سی پی سی) کی دفعہ 29(سی)کا حوالہ دیا۔ یہ دفعہ غیر ملکی دیوانی عدالتوں کی جانب سے جاری کیے گئے سمن ہندوستانی عدالتوں کو بھیجنے اور ان کی اسی طرح تعمیل کرانے کی اجازت دیتی ہے، جس طرح یہ سمن خود ہندوستانی عدالتوں نے جاری کیے ہوں۔
عدالت نے جنوری 2009 میں حکومت ہند کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کا بھی ذکر کیا۔ اس میں کہا گیا تھا کہ دفعہ 29 کا اطلاق ہیگ کنونشن کے تمام رکن ممالک کی دیوانی عدالتوں پر ہوگا۔
اس کا طریقہ کار سی پی سی کے آرڈر 5، دفعہ 21 میں بیان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ایک عدالت کسی دوسری ایسی عدالت کو سمن بھیج سکتی ہے، جس کے دائرہ اختیار میں فریق مخالف کی رہائش گاہ آتی ہو۔
پنوں نے دہلی کی تین عدالتوں کی نشاندہی کی تھی، جہاں ڈوبھال اور گوئل کے خلاف سمن بھیجے جا سکتے ہیں۔ ان میں پٹیالہ ہاؤس کورٹ کمپلیکس، دوارکا کورٹ کمپلیکس اور تیس ہزاری کورٹ کمپلیکس شامل ہیں۔
جج فیلا نے اپنے حکم نامے میں لکھا،’عدالت درخواست گزار سے متفق ہے کہ ہیگ کنونشن کا آرٹیکل 19 ان عدالتوں کو سمن بھیج کر ڈوبھال اور گوئل کو نوٹس کی تعمیل کرانے کی اجازت دیتا ہے۔‘
یہ فیصلہ پنوں کی قانونی ٹیم کی ان متعدد ناکام کوششوں کے بعد آیا ہے، جن کے تحت انہوں نے ڈوبھال کے سرکاری امریکی دوروں کے دوران انہیں ذاتی طور پر سمن سونپنے کی کوشش کی تھی۔
عدالتی تفصیلات کے مطابق، فروری 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی کےامریکہ دورہ کے دوران ہندوستانی وفد کے ساتھ موجود ڈوبھال کو سمن سونپنے کی تین کوششیں کی گئی تھیں، لیکن ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے انہیں روک دیا تھا۔
پنوں کے وکیلوں نے ہندوستان کی وزارت قانون و انصاف کے توسط سے بھی ڈوبھال، گوئل اور را کے سابق افسر وکاس یادو کو سمن بھیجنے کی کوشش کی تھی۔ ہیگ کنونشن کے تحت بیرون ملک عدالتی سمن بھیجنے کی درخواستوں پر کارروائی کے لیے وزارت قانون و انصاف ہندوستان کی مرکزی اتھارٹی ہے۔
گزشتہ9نومبر کے حکم کے تحت پنوں کو 30 نومبر تک عدالت میں دستاویز کا ایک مجوزہ پیکٹ جمع کرانا ہوگا۔ اس میں ڈوبھال اور گوئل کے سمن کی کاپیاں، سمن بھیجنے کے طریقہ کار سے متعلق مجوزہ حکم، ان ہندوستانی قانونی دفعات کی تفصیلات جن کا سہارا لیا جا رہا ہے، اور ہیگ کنونشن کے تحت پہلے کی گئی کوششوں سے متعلق دستاویز شامل ہونی چاہیے۔ ان دستاویزوں سے یہ ثابت ہونا چاہیے کہ آرٹیکل 5 کے تحت سمن کی تعمیل کرانے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن اسے مسترد کر دیا گیا۔
عدالت کی منظوری ملنے کے بعد اس کا کلرک دستاویز کا یہ پورا پیکٹ پنوں کی جانب سے بتائی گئی تینوں ہندوستانی عدالتوں کو بھیجے گا۔
تاہم، جج نے پنوں کی اس الگ دلیل کو مسترد کر دیا ہے کہ ہیگ کنونشن ان کی جانب سے سمن بھیجنے کی درخواستوں پر لاگو نہیں ہوتا، کیونکہ ہندوستان کی مرکزی اتھارٹی نے یہ کہتے ہوئے دستاویز واپس کر دیے تھے کہ وہ متعلقہ زمروں میں نہیں آتے۔
جج نے لکھا،’ہندوستانی مرکزی اتھارٹی کی جانب سے وضاحت کی عدم موجودگی میں عدالت اس امکان کو مسترد نہیں کر سکتی کہ ان کا یہ مختصر جواب اس بنیاد پر دیا گیا ہو کہ درخواست میں طریقہ کار یا تکنیکی خامیاں تھیں، نہ کہ اس بنیاد پر کہ ہیگ کنونشن درخواست گزار کی درخواست پر لاگو ہی نہیں ہوتا۔‘
جج نے پنوں کی اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا کہ ہندوستان نے ہیگ کنونشن کے تحت سمن بھیجنے کی درخواستوں پر کارروائی کرنے سے پوری طرح انکار کر دیا ہے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ نیویارک کے جنوبی ضلع کی عدالتیں اس سے پہلے بھی ہندوستانی حکومت کو ایسی درخواستوں پر کارروائی کے معاملے میں ’ٹال مٹول کرنے والی اور جواب نہ دینے والی‘ قرار دے چکی ہیں۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ پنوں یہ ثابت نہیں کر سکے ہیں کہ ہندوستان نے ایسی درخواستوں پر کارروائی کرنے سے پوری طرح سے انکار کیا ہے۔
نکھل گپتا کی سزا کے دوران استغاثہ کھلی عدالت میں آڈیو-ویڈیو ثبوت پیش کریں گے
نکھل گپتا کے خلاف جاری الگ فوجداری معاملےمیں گزشتہ ہفتے نیویارک کے جنوبی ضلع کے امریکی اٹارنی کے دفتر نے جج کو ایک خط لکھ کر بتایا کہ اس معاملے میں ’ایک متاثرہ گواہ‘ تقریباً 20 منٹ تک بیان دے گا۔
عدالتی دستاویزوں میں پنوں کی باضابطہ شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، تاہم وہ عوامی سطح پر خود کو اس مبینہ سازش کا نشانہ قرار دیتے رہے ہیں۔
امریکی استغاثہ نے 6 نومبر کے خط میں یہ بھی کہا کہ وہ کھلی عدالت میں ثبوت پیش کرے گا۔
خط میں کہا گیا،’حکومت کو امید ہے کہ سزا سنائے جانے کے دوران آڈیو یا ویڈیو کے کچھ منتخب ثبوت چلائے جائیں گے۔ حکومت کا اندازہ ہے کہ ان کا دورانیہ 15 منٹ سے زیادہ نہیں ہوگا۔‘
استغاثہ نے یہ بھی بتایا کہ سماعت میں تقریباً 200 ناظرین کی شرکت متوقع ہے۔
انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔