بلقیس بانو کی حمایت میں آئے 500 سے زیادہ شہری، کہا – مجرموں کی ایسی رہائی کا اثر تمام مظلوم عورتوں پر پڑتا ہے

فائل فوٹو: پی ٹی آئی
فلمساز، فنکار، صحافی اور متعدد دیگر شخصیات نے بلقیس بانو کی حمایت میں لکھے گئے خط میں کہا،’آپ کی جدوجہد ہمارے عہد کی اس سفاک سچائی کو اجاگر کرتی ہے، جہاں آمرانہ اور اکثریتی سیاست میں ہندوستان میں ایک مسلمان عورت کے طور پر جینا کس قدر مشکل ہوتا جا رہا ہے۔‘
نئی دہلی:بلقیس بانو کے نام لکھے گئے ایک کھلے خط میں 500 سے زیادہ ماہرین تعلیم، صحافیوں، فلمسازوں، فنکاروں اور دیگر شخصیات نے کہا ہے کہ ’ہم ایسی سیاست کو قبول نہیں کر سکتے جس میں مذہب کے نام پر نفرت کو فروغ دیا جائے اور جرم کرنے والوں کو بچ نکلنے کا موقع ملے۔‘
اس ہفتےکی شروعات میں سپریم کورٹ نے 2002 کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کے خاندان کے 14 لوگوں کے قتل اور ان کے ساتھ گینگ ریپ کرنے کے جرم میں سزا یافتہ 11 لوگوں میں سے دو کو ضمانت دے دی تھی۔ عدالت نے ان کی عمر قید کی سزا پر روک لگا دی ہے۔ یہ روک ان کی اپیلوں پر فیصلہ آنے تک برقرار رہے گی، جن پر فیصلہ بھی سپریم کورٹ کو ہی کرنا ہے۔
ان شہریوں کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے،’بلقیس، ہم غصے میں ہیں۔ ہم اس بات سے ناراض ہیں کہ عدالتیں مجرموں کے جیل میں گزارے گئے ہر سال کا حساب رکھتی ہیں، لیکن انہی برسوں کا کوئی حساب نہیں رکھتا جن میں آپ نے ایک عورت کی حیثیت سے اپنی زندگی کو پھر سے کھڑی کرنے کے لیے جدوجہد کی۔ ہمیں اس بات پر بھی غصہ ہے کہ قانونی کارروائیوں اور ضابطوں کے درمیان ان خواتین کا درد کہیں پس منظر میں چلا جاتا ہے، جن کی زندگیوں پر ان فیصلوں کے براہ راست اثرات مرتب ہوتے ہیں۔‘
اس خط پر دستخط کرنے والوں میں ماہرین تعلیم اور سماجی کارکنوں میں اوما چکرورتی، روتھ منورما، نویدیتا مینن، کلپنا کنابیرن، اینی راجہ اور شبنم ہاشمی؛ صحافیوں میں ریوتی لال، نمیتا بھنڈارے اور لکشمی مورتی؛ جبکہ فلمسازوں اور فنکاروں میں پرکاش راج، آنند پٹوردھن، شیبا چھاچھی اور لینا منیمیکالائی شامل ہیں۔
خط میں اس بات کی جانب بھی توجہ دلائی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کا تازہ فیصلہ جاری ہونے سے قبل بلقیس بانو کو اس کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ خط میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ جب کسی متاثرہ خاتون کی سلامتی اور زندگی سے متعلق فیصلے اسے سنے بغیر کیے جائیں تو ایسی صورت میں انصاف کے کیا معنی رہ جاتے ہیں؟
خط میں یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ مجرموں کی رہائی کے اثرات جنسی تشدد کی دیگر متاثرہ خواتین اور نفرت پر مبنی جرائم کا شکار ہونے والے افراد پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ دستخط کنندگان کا کہنا ہےکہ’ہم یہ بھی سمجھتے ہیں کہ مجرموں کی ایسی رہائی کا اثر ملک بھر میں ریپ اور گینگ ریپ کا شکار ہونے والی خواتین پر پڑتا ہے۔ اور اس طرح کے فیصلوں سے ایسے گھناؤنے جرائم کے تمام مجرموں کو رہائی ملتی ہے۔‘
خط لکھنے والوں نے بلقیس کی جدوجہد کو موجودہ اکثریتی سیاسی ماحول میں مسلم خواتین کے عدم تحفظ کی علامت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلقیس کی جدوجہد ہمارے عہد کی ایک اور سفاک سچائی کو سامنے لاتی ہے: ایک ایسے ہندوستان میں مسلمان عورت ہونا جہاں حکومت کالگاتار سخت اور اکثریت پسند ہوتی جا رہی ہے، جہاں سب کو یکساں انصاف نہیں ملتا، جہاں شہریت پر بار بار سوال اٹھائے جاتے ہیں اور جہاں بڑی مشکل سے حاصل کی گئی جیت بھی کسی بھی وقت چھینی جا سکتی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے،’آپ کی لڑائی صرف آپ کی اپنی لڑائی نہیں ہے۔ یہ ہندوتوا کی سیاست، خواتین کے خلاف تشدد اور آئین کی جانب سے دیے گئے حقوق کو کمزور کرنے کی کوششوں کے خلاف ہماری مشترکہ جدوجہد کا بھی حصہ ہے۔‘
’پیاری بلقیس‘ کے خطاب سے شروع ہونے والے اس خط کا اختتام ’محبت اور مکمل یکجہتی کے ساتھ‘ جیسے لفظوں پر کیا گیا ہے۔
اس خط کو متعدد تنظیموں اور نیٹ ورک کی حمایت بھی حاصل ہوئی ہے۔ ان میں سہیلی ویمنز ریسورس سینٹر، فورم اگینسٹ آپریشن آف ویمن، نیشنل فیڈریشن آف دلت ویمن، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن اور انڈین کرسچین ویمنز موومنٹ شامل ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے،’بلقیس، ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ کی جدوجہد میں، آپ کی مزاحمت میں اور مکمل یکجہتی کے ساتھ آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم مل کر اس لڑائی کو جاری رکھیں گے… صالحہ کے لیے، انصاف کے لیے اور ایسے ہندوستان کے لیے جہاں ہر شہری کو مساوی حقوق اور عزت و وقار حاصل ہو۔‘
بلقیس بانو نے سوموار (16 نومبر) کو اپنی وکیل اور سینئر ایڈووکیٹ شوبھا گپتا کے توسط سے جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے انہیں کوئی اطلاع دیے بغیر اور ان کاموقف پیش کرنے کا موقع دیے بغیر دو مجرموں کی عمر قید کی سزا پر روک لگا دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد وہ ’درد، صدمے اور بے یقینی‘ کی کیفیت سے دوچار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ43سالہ بلقیس بانو نے یہ بھی کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کریں گی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا،’ مجھےاب بھی یقین نہیں ہورہا کہ دوسری بار سپریم کورٹ نے میرے معاملے میں مجھے بغیر بتائے اور میری بات سنے بغیر یہ فیصلہ دیا۔ مجھے اس کی جانکاری پریس میں شائع ہونے والی خبروں سے ملی۔ ‘
ان کا مکمل بیان یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اگست 2022 میں ہندوستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر بلقیس بانو کے تمام 11 مجرموں کو رہا کر دیا گیا تھا۔ تاہم، 2024 میں سپریم کورٹ نے گجرات حکومت کے اس فیصلے کو ردکر دیا تھا۔
گجرات حکومت نے سی بی آئی کے اعتراضات کے باوجود مجرموں کو رہا کیا تھا۔ سی بی آئی کے اس وقت کے سربراہ نے کہا تھا کہ مجرموں کے ساتھ کسی بھی طرح کی نرمی نہیں برتی جانی چاہیے، کیونکہ ان کے جرائم ’گھناؤنے، سنگین اور انتہائی سنگین‘ تھے۔
اس خط پر دستخط کرنے والوں میں 100 لوگوں اور تنظیموں کے نام ذیل میں دیے جا رہے ہیں۔
خواتین اور صنفی حقوق سے وابستہ کارکنان اور ماہرین تعلیم
اوما چکرورتی، ڈاکٹر روتھ منورما، سجاتا سریپلی، اینی راجہ، نویدیتا مینن، کلپنا کنابیرن، کلیانی مینن سین، کویتا شریواستو، میمونہ ملا، میرا سنگ مترا، اے سنیتا، وانی سبرامنیم، انورادھا بنرجی، بٹو کے آر، نوشرن سنگھ، شبنم ہاشمی، ڈاکٹر چاینیکا شاہ، امو ابراہیم، سندھیا گوکھلے، شالس مہاجن، مردل ڈوڈیجہ، حسینہ خان، میواش سید، مدھو بھوشن، سروجنی این، میری ای جان، جے دیویکا، ڈاکٹر سلویہ کرپاگم، ونیتا مکھرجی، ماریو دا پینہا، ممتاز بیگم ٹی ایل، ارندھتی دھرو، میگھا پنسارے، ریحانہ مردسال، مینا شیشو، تنوجا شرپورکر، منجوشری پوار، لارا جیسانی، پونم کوشک، انترا دیو سین، سیجل ڈانڈے، انورادھا کپور، نلنی نائک، دیو دیسائی، ڈاکٹر امرتا چھاچی، ریتا منچندا، انو چنائے، روشمی گوسوامی، ڈاکٹر اجیتا راؤ، ریتو مینن، سیڈرک پرکاش، انجلی بھاردواج، مریم دھاولے، کویتا پنجابی، مردلا مکھرجی، نندنی سندر، رینا میریس، ایناکشی گنگولی، کیرن گیبریل، پرتییکشا بخشی، رنچن، رجیم تھانڈی، سبینا مارٹنس، سادھنا آریا، سویتا شرما سمیت دیگر افراد۔
صحافی
ریوتی لال، راج شری داس گپتا، نمیتا بھنڈارے، لکشمی مورتی، گیتا شیشو سمیت دیگر افراد۔
فلمساز، فنکار اور دیگر شخصیات
پرکاش راج، آنند پٹوردھن، ٹینا گل، مایا راؤ، شیبا چھاچھی، انجلی مونٹیریو، لینا منیمیکالائی، فرح خاتون، گرپریت کور سدھو، پریا سین، جبین مرچنٹ، شبانی حسن والیا، شدھ برت سین گپتا سمیت دیگر افراد۔
تنظیمیں اور نیٹ ورک
سہیلی ویمنز ریسورس سینٹر، الفا-این اے پی ایم (آل انڈیا فیمینسٹ الائنس)، فورم اگینسٹ آپریشن آف ویمن، حسرت زندگی معمولی، نیشنل فیڈریشن آف دلت ویمن، التھیا، پرگتیشیل مہیلا سنگٹھن (پی ایم ایس)، گجرات مہیلا منچ، انہد، سنگت، دلت ویمنز کلیکٹو، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن (اے آئی ڈی ڈبلیو اے)، انڈین کرسچین ویمنز موومنٹ، سمتا پروگریسیو ویمنز آرگنائزیشن، فیمینسٹس ان ریزسٹنس، بیلانچو ساد، ناویدو نلاددارے (این این ڈی)، چھتیس گڑھ مہیلا ادھیکار منچ سمیت دیگر تنظیمیں۔